• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

افغان سفیر کی آرمی چیف، بلاول بھٹو سے ملاقاتیں

شائع June 26, 2020
افغان سفیر کے مطابق افغان امن عمل اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا—فائل فوٹو: ٹوئٹر
افغان سفیر کے مطابق افغان امن عمل اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا—فائل فوٹو: ٹوئٹر

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں تعینات افغان سفیر عاطف مشعل نے ملاقات کی جس میں افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد عاطف مشعل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں کہا کہ 'میں نے پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی اور ان کے حالیہ دورہ کابل اور افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملاقات میں افغانستان پاکستان ایکشن پلان فار پیس اینڈ سولیڈریٹی (اے پی اے پی پی ایس) کے اجلاس، دو طرفہ تعلقات مضبوط کرنے اور خطے کی موجودہ صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

خیال رہے کہ 9 جون کو آرمی چیف نے افغان قیادت کو امن عمل میں پاکستان کے تعاون کی یقین دہانی کے لیے کابل کا دورہ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: آرمی چیف سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی ملاقات

ان کا دورہ بین الافغان مذاکرات کے آغاز کی جانب پیشرفت کے دوران ہوا تھا جس نے افغانستان میں 19 سالہ طویل تنازع کے خاتمے سے متعلق امیدیں پیدا کردیں تھیں۔

تاہم افغان حکومت اور طالبان کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ بعدازاں دوبارہ سست ہوگیا، کابل نے ابھی اتفاق کردہ 5 ہزار جنگجوؤں میں سے مزید ایک ہزار 250 کو رہا کرنا ہے جبکہ طالبان، تحویل میں لیے گئے ایک ہزار افغان سیکیورٹی میں سے 400 کو آزاد کرنے کے لیے تیار ہے۔

دونوں فریقین کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ دوحہ معاہدے کے تحت ہورہا ہے جس پر فروری میں طالبان اور امریکا نے دستخط کیے تھے اور یہی بین الافغان مذاکرات کے آغاز کی شرط ہے۔

خیال رہے کہ قیدیوں کی رہائی ایک بڑا مسئلہ ہے جو بین الافغان مذاکرات کے آغاز میں تاخیر کا باعث بن رہا ہے جسے 10مارچ کو شروع ہونا تھا۔

مزید برآں افغانستان میں تشدد کے واقعات میں تیزی سے اضافہ بھی ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف کا دورہ کابل،طالبان سے امن مذاکرات پر افغان حکام کی تعریف

قومی مفاہمت کے لیے افغانستان کی اعلی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے خبردار کیا ہے کہ تشدد میں اضافے سے امن عمل کو نقصان پہنچے گا۔   وائس آف امریکا کے مطابق عبداللہ عبداللہ نے کہا تھا کہ اگر تشدد کی موجودہ سطح جاری رہتی ہے اور پھر لوگ طالبان سے مذاکرات کے لیے کابل (دوحہ کے لیے) سے جاتے ہیں، لیکن حال ہی میں سیکڑوں افراد بشمول شہریوں کے ہلاک ہونے کی خبروں کے بعد یہ مذاکراے کے آغاز کے لیے اچھا ماحول نہیں ہوگا۔  

افغان سفیر کی بلاول بھٹو سے ملاقات

بعدازاں افغان سفیر نے اسلام آباد میں پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

پاکستان پیپلزپارٹی سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید پڑھیں: آرمی چیف سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی ملاقات

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ یہ مانتی ہے کہ ایک جمہوری، مستحکم اور پُرامن افغانستان، خطے میں امن اور ہم آہنگی کے لیے ضروری ہے۔

انہوں نے امن، ترقی اور استحکام کے لیے افغانستان اور پاکستان کے درمیان زیادہ سے زیادہ تعاون پر زور دیا۔


یہ خبر 26 جون، 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024