• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

عاطف اسلم کا گانا ہٹانے پر میوزک کمپنی پر بھارتی برہم

شائع June 25, 2020
پہلے بھی ٹی سیریز عاطف اسلم کے گانے کو ہٹا چکا ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
پہلے بھی ٹی سیریز عاطف اسلم کے گانے کو ہٹا چکا ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

معروف بھارتی میوزک و فلم پروڈکشن کمپنی (ٹی سیریز) کی جانب سے عاطف اسلم کا گانا یوٹیوب چینل سے ہٹائے جانے کے بعد کمپنی کے خلاف اپنے ہی ملک کے لوگ سوشل میڈیا پر احتجاج کر رہے ہیں۔

بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق ٹی سیریز نے ہندو انتہا پسند جماعت مہاراشٹرا نیونرمن سینا (ایم این ایس) کی دھمکی کے بعد عاطف اسلم کا گانا (کنا سونا) یوٹیوب چینل سے ہٹادیا۔

ٹی سیریز نے چند دن قبل ہی یوٹیوب پر عاطف اسلم کا گانا ریلیز کیا تھا جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا اور پاکستانی گلوکار کی مقبولیت ہندو انتہاپسند سے ہضم نہ ہوئی تو اس نے میوزک کمپنی کو گانا ہٹانے کی دھمکی دی۔

انڈٰیا ٹوڈے کے مطابق ہندو انتہاپسند جماعت نے ٹی سیریز کو گانا نہ ہٹانے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی تھیں، جس کے بعد میوزک کمپنی نے نہ صرف پاکستانی گلوکار کا گانا ہٹا دیا بلکہ اس نے ہندو انتہاپسند جماعت سے معافی بھی مانگی۔

رپورٹ کے مطابق ٹی سیریز نے گانا ہٹاتے ہوئے ہندو انتہاپسند جماعت سے معافی مانگی اور دعویٰ کیا کہ یوٹیوب پر کمپنی کے ایک ملازم نے غلطی سے پاکستانی گلوکار کا گانا اپ لوڈ کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی میوزک کمپنی نے پاکستانی گلوکاروں کے گانے یوٹیوب سے ہٹادیے

ٹی سیریز کے مطابق اس نے پاکستانی گلوکار کے گانے کی نہ تو تشہیر کی تھی اور نہ وہ پاکستانی گلوکاروں کے گانوں کی تشہیر کا ارادہ رکھتی ہے۔

ٹی سیریز کی جانب سے عاطف اسلم کا گانا (کنا سونا) ہٹائے جانے پر جہاں ہندو انتہاپسند میوزک کمپنی سے خوش دکھائی دیے، وہیں عام بھارتی افراد کمپنی سے خفا بھی دکھائی دیے اور انہوں نے عاطف اسلم کے حق میں ٹرینڈ بھی شروع کردیا۔

بھارتی مداحوں نے عاطف اسلم کا گانا ہٹائے جانے کے بعد ٹوئٹر پر (انڈیا لوز عاطف اسلم) اور (ان سبسکرائب ٹی سیریز) کے ٹرینڈ شروع کرکے میوزک کمپنی کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔

بھارتی مداحوں نے مطالبہ کیا کہ عاطف اسلم کا گانا دوبارہ یوٹیوب پر اپ لوڈ کیا جائے، کیوں کہ فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔

ٹی سیریز کی جانب سے پاکستانی گلوکار کا گانا ہٹائے جانے کے بعد بھارتی مداحوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس عمل کے خلاف میوزک کمپنی کے یوٹیوب چینل کو ان سبسکرائب کریں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال بھی ٹی سیریز نے فروری میں عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان کے گانوں کو ہندو انتہاپسندوں کے احتجاج کے بعد یوٹیوب سے ہٹادیا تھا۔

انتہا پسند سیاسی جماعت 'شیو سینا' کی دھمکیوں کے بعد ٹی سیریز نے عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان کے چند گانے اپنے یوٹیوب چینل سے ہٹادیے تھے۔

بھارت میں پاکستانی گلوکاروں اور فنکاروں کے خلاف گزشتہ برس وقت ہندو انتہاپسند جماعتوں نے مہم شروع کی تھی جب مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں ایک حملے میں بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔

بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد انتہاپسند جماعتوں نے پاکستانی فنکاروں کے خلاف احتجاج شروع کرتے ہوئے فلم سازوں اور کمپنیوں کو دھمکایا تھا کہ وہ پاکستانی فنکاروں اور گلوکاروں کے ساتھ کام کرنا بند کردیں، ورنہ وہ سنگین نتائج کے لیے تیار رہیں۔

انتہاپسندوں کی دھمکیوں کے بعد کئی فلم سازوں اور کمپنیوں نے پاکستانی فنکاروں اور گلوکاروں کے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا تھا اور تاحال بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد ہے۔

مگر عاطف اسلم کی بھارت میں مقبولیت کو دیکھتے ہوئے ٹی سیریز نے 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم مرجاواں کے گانے کنا سونا کو پاکستانی گلوکار سے تیار کروایا تھا اور وہ فلم میں بھی شامل ہے مگر اسے چند دن قبل یوٹیوب پر جاری کیا گیا تو انتہاپسند غصے میں آگئے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024