• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

گوجرانوالہ: ٹرائی روم میں 'خفیہ کیمرے' لگا کر خواتین کو بلیک میل کرنے والے دکاندار گرفتار

شائع June 25, 2020
پولیس نے خاتون کی شکایت پر ملزم کو گرفتار کرلیا —فائل فوٹو: ٹوئٹر
پولیس نے خاتون کی شکایت پر ملزم کو گرفتار کرلیا —فائل فوٹو: ٹوئٹر

گوجرانوالہ: ضلعی پولیس نے کپڑوں کی دکان کے ٹرائل روم میں مبینہ طور پر خفیہ کیمرا لگانے کے الزام میں 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ضلعی پولیس نے دعویٰ کیا کہ اس نے سیٹلائٹ ٹاؤن میں ایک کپڑوں کی دکان کے 2 مالکان کو ٹرائی روم میں مبینہ طور پر کیمرا چھپانے اور خواتین کسٹمرز کو بلیک میل کرنے پر گرفتار کیا۔

پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ محمد اسلم اور ان کے بیٹے عمر اسلم نے نایاب شاپنگ مال میں اپنے دکان کے ٹرائی روم میں کیمرے چھپائے تھے اور انہوں نے ان خفیہ کیمروں کے ذریعے بننے والی ویڈیوز سے کئی خواتین کو بلیک میل کیا۔

مزید پڑھیں: خواتین ٹرائی روم میں خفیہ کیمرے نصب کرنے کے الزام میں دو ملزمان گرفتار

ان کا کہنا تھا کہ ایک خاتون نے شکایت کی کہ دکانداروں نے ان سے ایک لاکھ 20 ہزار روپے کا مطالبہ کیا اور ساتھ ہی دھمکی دی کہ وہ سوشل میڈیا پر ویڈیوز لیک کردیں گے۔

بعد ازاں سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس نے چھاپہ مارا اور دونوں دکانداروں کو گرفتار کرلیا جس پر انہوں نے جرم کا اعتراف کرلیا۔

مزید یہ کہ پولیس نے ان کے سی سی ٹی وی کیمروں اور ریکارڈنگ کو قبضے میں لے کر ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

واضح رہے کہ یہ اس طرح کا پہلا واقعہ نہیں بلکہ تقریباً ڈھائی سال قبل فروری 2018 میں فیصل آباد میں بھی اس طرح کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جہاں کپڑوں کی دکان میں خواتین ٹرائی روم میں خفیہ کیمرے نصب کرنے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے 2 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

اس واقعے سے متعلق مدعی نعمان ظفر نے پیپلز کالونی پولیس کے سامنے بیان دیا تھا کہ وہ بہن کے ساتھ چین ون روڈ پر ایک دکان میں گئے تھے کہ جب ان کی بہن ٹرائی روم میں گئی تو وہاں خفیہ کیمرے نصب تھے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ جب اس حوالے سے ان کی بہن نے انہیں بتایا تو انہوں نے خفیہ کیمروں کی ویڈیو بنائی لیکن اسٹور ملازمین اس پر بھڑک اٹھے اور کہا کہ اگر ان کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی تو وہ ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: خواتین کی'خفیہ ویڈیو' بنانے کا الزام

نعمان ظفر نے دعویٰ کیا تھا کہ دکان کے ملازمین نے انہیں غیر قانونی طور پر ہراساں کرنے کی بھی کوشش کی۔

دوسری جانب پولیس نے پاکستان پینل کوڈ کی مختلف دفعات کے تحت دکان مالک، منیجر اور دو ملازمین سمیت چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تھا جبکہ 2 افراد کو حراست میں لیا تھا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی فیصل آباد میں ایک مشہور برانڈ کی دکان میں خواتین کے ٹرائی روم میں خفیہ کیمرے نصب کیے جانے کا انکشاف ہوا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024