• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بیرون ملک جانے والی سوڈانی خواتین کا ایئرپورٹ پر وزن کرنے کا حکم

شائع June 24, 2020
اب ہر خاتون کا وزن کرکے ریکارڈ رکھا جائے گا —فائل فوٹو: آن لائن مارکیٹ
اب ہر خاتون کا وزن کرکے ریکارڈ رکھا جائے گا —فائل فوٹو: آن لائن مارکیٹ

افریقی ملک سوڈان کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اب بیرون ملک جانے والی خواتین کا ایئرپورٹ پر وزن کیا جائے گا جب کہ مذکورہ خواتین کی واپسی پر بھی ان کا وزن کیا جائے گا۔

سوڈان میں گزشتہ برس جولائی سے حکومت کے خاتمے کے بعد خود مختار کونسل نامی حکومتی ادارہ انتظامات سنبھالے ہوئے ہے۔

خود مختار کونسل میں فوجی اور سول قیادت کے اعلیٰ عہدیدار شامل ہیں، اس کونسل کی سربراہی اور نائب سربراہ کا عہدہ فوجی عہدیداروں کے پاس ہے اور ابتدائی 21 ماہ تک اس کونسل کے دونوں اعلیٰ عہدے فوجی شخصیات کے پاس رہیں گے۔

اس کونسل نے اگست 2019 میں ذمہ داریاں سنبھالیں تھیں اور اس کونسل میں ماہر سیاستدان اور سماجی رہنما بھی شامل ہیں، مجموعی طور پر یہ کونسل 11 ارکان پر مشتمل ہے۔

اسی کونسل نے حکومت کے انتظامات بہتر کرنے سمیت معاشی ترقی کے لیے بھی کئی اقدامات کیے ہیں اور اب کونسل نے ملک سے سونے کی اسمگلنگ روکنے کے لیے بھی انوکھے منصوبے کا اعلان کردیا۔

سوڈانی نیوز ایجنسی سونا کے مطابق خودمختار کونسل کے ڈپٹی چیئرمین محمد حمدان دقلو نے اعلان کیا کہ اب بیرون ملک جانے والی ہر خاتون کا روانگی سے قبل وزن کیا جائے گا اور اس کا ریکارڈ بھی بنایا جائے گا۔

محمد حمدان دقلو کے مطابق وطن واپسی پر بھی مذکورہ خواتین کا وزن کیا جائے گا اور وزن کم ہونے اور یہ ثابت ہونے پر کہ خاتون سونے کی اسمگلنگ میں ملوث تھیں، انہیں 10 سال تک قید کی سزا دی جائے گی۔

خودمختار کونسل کے ڈپٹی چیئرمین کے مطابق سوڈان کے سونے کے بیوپاری اور دکاندار بڑی تعداد میں غریب اور متوسط طبقے کی خواتین کو کچھ لالچ دے کر سونے کی اسمگلنگ میں استعمال کرتے ہیں اور یہ سلسلہ کافی عرصے سے جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سوڈان: جہاز کے ٹوائلٹ سے 7 کروڑ روپے برآمد

محمد حمدان دقلو کے مطابق سونے کی اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی خواتین کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) لے جایا جاتا ہے اور کچھ ہفتے وہاں رکھنے کے بعد انہیں واپس ملک بھیج دیا جاتا ہے۔

خود مختار کونسل کے سربراہ نے اس کی وضاحت نہیں کی کہ بیرون ملک جانے والی خواتین کے زیورات کی فہرست بنائی جائے گی یا نہیں، تاہم انہوں نے بتایا کہ ان کا وزن جانے اور آنے کے بعد لازمی کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ سوڈان میں سونے سمیت دیگر قدرتی معدنیات کے وسیع ذخائر موجود ہیں، نہ صرف سوڈان بلکہ خطے کے دیگر ممالک بھی قدرتی معدنیات سے مالا مال ہیں اور اسی وجہ سے وہ خطہ خانہ جنگی کا بھی شکار ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024