عام مفروضہ ہے کہ ٹڈی دل کھانے سے کورونا ختم ہو جاتا ہے، ریاض فتیانہ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن قومی اسمبلی و وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل نے تین دن قبل ایک ٹی وی شو میں کووڈ 19 پر بات کرتے ہوئے وبا کے 19 پوائنٹس بتائے تھے۔
زرتاج گل نے کووڈ 19 کے پوائنٹس بتاتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا نام کووڈ 19 اس لیے رکھا گیا ہے کیوں کہ اس کے انیس پوائنٹس ہوتے ہیں اور ہر پوائنٹس ہر ملک پر الگ طریقے سے اثر انداز ہوسکتا ہے۔
زرتاج گل کی جانب سے کووڈ 19 کو دراصل 19 پوائنٹس قرار دینے پر سوشل میڈیا پر ان پر خوب تنقید کی گئی تھی اور 21 جون کو ان کا نام ٹاپ ٹرینڈ رہا۔
سوشل میڈیا پر ان کے کووڈ 19 کے 19 پوائنٹس بتانے کی ویڈیو کلپ وائرل ہوگئی، جس کے بعد انہوں نے ایک وضاحتی ٹوئٹ بھی کی تھی اور اپنی غلطی تسلیم بھی کی۔
زرتاج گل نے اپنی وضاحتی ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ وہ روزانہ ٹی وی پر پرچی کے بغیر گھنٹوں بات کرتی ہیں اور وہ کووڈ 19 کے حوالے سے کہنا چاہتی تھی کہ وبا کا اثر، شدت مختلف ممالک میں مختلف ہے۔
زرتاج گل نے وضاحتی ٹوئٹ میں لکھا تھاکہ کہ وہ تنقید سے نہیں گھبراتیں بلکہ اس سے اور مضبوط ہوتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: زرتاج گل کے کورونا کے19 پوائنٹس پرعلی گل پیر کی ویڈیو
زرتاج گل کے بعد پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ نے بھی کورونا کے حوالے سے منفرد بیان دے کر لوگوں کو حیران کردیا۔
ریاض فتیانہ نے 24 جون کو قومی اسمبلی میں اپنے مختصر خطاب میں بجٹ 2020-2021 پر بات کرنے سمیت کورونا کی وبا اور ملک پر ٹڈی دل کے حملوں پر بھی بات کی۔
ریاض فتیانہ نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ ٹڈی دل کے حوالے سے عام مفروضہ پایا جاتا ہے کہ انہیں کھانے سے کورونا کی وبا ختم ہوجاتی ہے۔
رکن قومی اسمبلی نے ایسے مفروضے کے حوالے سے ایوان میں حکومت سے مطالبہ کیا کہ اگر حکومت اس مفروضے سے متعلق تحقیق کروائے اور اگر یہ ثابت ہوجائے کہ واقعی ٹڈی دل سے کورونا ختم ہوجاتا ہے تو حکومت کو زیادہ محنت نہیں کرنی پڑے گی۔
پی ٹی آئی رکن اسمبلی نے مزید کہا کہ اگر ثابت ہوجائے کہ ٹڈی دل کھانے سے قوت مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے تو پاکستانی قوم خود ہی ٹڈی دل کا تیا پانچا کردے گی اور حکومت کو اس ضمن میں محنت کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی۔
ریاض فتیانہ کی جانب سے ٹڈی دل کھانے سے کورونا کے خاتمے کے مفروضے کی بات ایوان کے فلور پر کہے جانے پر انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔
ریاض فتیانہ نے ٹڈی دل اور کورونا سے متعلق بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے جب ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور ٹڈی دل کے حملوں پر قابو نہ پانے پر بھی حکمران جماعت پی ٹی آئی کو تنقید کا سامنا ہے۔
سوشل میڈیا پر لوگ مرکزی حکومت پر کورونا کے پھیلاؤ سمیت ٹڈی دل کے حملوں پر قابو نہ پانے کے الزامات بھی لگا رہے ہیں۔