• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

حدیقہ کیانی کا ترکش زبان میں 'ارطغرل غازی' کو خراج تحسین پیش

شائع June 24, 2020
گلوکارہ نے انکشاف کیا کہ ان کے آباؤ اجداد کا تعلق ترکی سے تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
گلوکارہ نے انکشاف کیا کہ ان کے آباؤ اجداد کا تعلق ترکی سے تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

معروف پاکستانی گلوکارہ حدیقہ کیانی نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر نشر ہونے والے ترک ڈرامے 'ارطغرل غازی' کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے ترکش زبان میں گانا ریلیز کرکے ڈرامے کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

حدیقہ کیانی کے آباؤ و اجداد کا تعلق ترکی کے شہر ازمیر سے تھا اور انہیں بچپن سے ہی ترکی اور ترک ثقافت سے خصوصی لگاؤ رہا ہے۔

حدیقہ کیانی ترکی میں ہونے والےانٹرنیشنل چلڈرن فیسٹیول میں پاکستانی بچوں کے وفد کی نمائندگی بھی کر چکی ہیں جب کہ 2005 میں انہوں نے اتاترک کلچر سینٹر میں ہونے والے اوپرا تھیٹر میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے وہاں پہلی بار ترکش زبان میں گانا بھی گایا تھا، جسے بہت سراہا گیا تھا۔

ڈیڑھ دہائی قبل نوجوانی میں گائے گئے ترک زبان کے گانے کو حدیقہ کیانی نے ایک بار پھر نئے انداز میں ترتیب دے کر اس کے ذریعے ترکش ڈرامے 'ارطغرل غازی' اور ترک گلوکارہ سیزن اکسو کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

ترک زبان میں گائے گئے حدیقہ کیانی کے گانے کو نہ صرف ترکی بلکہ پاکستان میں بھی بہت سراہا جا رہا ہے اور گلوکارہ کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

گلوکارہ نے گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے مذکورہ گانے کو 2005 میں پہلی مرتبہ گایا تھا مگر اب وہ اسے 'ارطغرل غازی' کی شہرت کو دیکھتے ہوئے دوبارہ ترتیب دے رہی ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ انہوں نے گانے کو دوبارہ ترتیب دے کر 'ارطغرل غازی'، ترک گلوکارہ سیزن اکسو اور ترکی کے عوام کو خراج تحسین پیش کیا ہے جو پاکستان اور اس کے عوام کی ترکی سے محبت کو بھی ظاہر کرتا ہے۔

حدیقہ کیانی کے گانے کو یوٹیوب پر ایک لاکھ کے قریب دیکھا جا چکا ہے جب کہ سوشل میڈیا پر گانے کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

گانے کی ویڈیو میں ارطغرل غازی ڈرامے کے اردو میں ترجمے والے مناظر کو دکھایا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024