• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

ملک میں کورونا سے مزید 130 اموات، متاثرین ایک لاکھ 68 ہزار سے زائد

ملک میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے—فائل فوٹو: اے پی
ملک میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے—فائل فوٹو: اے پی

پاکستان میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ کیسز میں تو اضافہ ہوہی رہا ہے تاہم اب اموات کی تعداد بھی کافی تیزی سے بڑھنے لگی ہے۔

آج آنے والے نئے کیسز کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 68 ہزار 728 ہوگئی جبکہ اموات 3 ہزار 295 تک جاپہنچیں۔

اعداد و شمار کے مطابق ملک میں جمعہ کو ملک بھر میں 5551 نئے کیسز اور 130 اموات کا اضافہ ہوا۔

خیال رہے کہ گزشتہ 2 روز میں ملک میں ہر روز 130 سے زائد اموات رپورٹ ہوئیں۔

یہی نہیں بلکہ پاکستان دنیا بھر میں اس وقت کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں 13ویں نمبر پر آگیا ہے۔

اگرچہ ملک میں اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے دوبارہ سے لاک ڈاؤن کا آغاز کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے ذریعے کورونا سے متاثرہ مخصوص علاقے بند کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سامنے آیا تھا، جس کے بعد یہ آہستہ آہستہ پورے ملک میں پھیل گیا۔

فروری کے آخری 4 دن سے لےکر مارچ کے آخر تک ملک میں لگ بھگ 2 ہزار کیسز تھے جبکہ اموات کی تعداد 26 تھی، جس کے بعد اپریل کے اختتام تک کیسز بڑھ کر ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ اموات 385 ہوگئیں۔

مئی کے مہینے میں صورتحال یکسر تبدیل ہونا شروع ہوئی اور ایک ماہ میں 54 ہزار سے زائد نئے کیسز اور 1100 سے زائد اموات کا اضافہ ہوا اور مجموعی کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے بڑھ گئیں۔

تاہم جون کا مہینہ اب تک کا سب سے خطرناک ثابت ہوا ہے اور 18 روز کے دوران 90 ہزار سے زائد کیسز اور 1500 سے زائد اموات کا اضافہ ہوا ہے۔

آج (19 جون) کو بھی ملک میں نئے کیسز اور اموات کا اضافہ ہوا جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ گئی۔

سندھ

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے 13 ہزار 642 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2 ہزار 894 کے نتائج مثبت آئے۔

اس اضافے کے بعد صوبے میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 65 ہزار 163 ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں ایک روز میں ریکارڈ 49 اموات بھی سامنے آئیں جس کے بعد یہاں جاں بحق مریضوں کی تعداد ایک ہزار 13 ہوگئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت 673 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 113 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید ایک ہزار 691 مریض صحتیاب ہوگئے جس کے بعد صوبے میں شفایاب افراد کی تعداد 32 ہزار 725 ہوگئی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 1540 نئے کیسز اور 63 اموات کا اضافہ ہوا۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار و دیگر معلومات کے لیے قائم ڈیش بورڈ کے مطابق پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1540 مریضوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی، جس سے یہ تعداد 61 ہزار 678 تک پہنچ گئی۔

اسی طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں 63 افراد کورونا سے لقمہ اجل بھی بن گئے جس سے یہ تعداد 1202 سے بڑھ کر 1265 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے 304 نئے مریض جبکہ ایک موت کی تصدیق کی گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی اور مجموعی کیسز 9 ہزار 941 تک پہنچ گئے۔

اسی طرح مزید ایک فرد اس وائرس سے زندگی کی بازی ہار گیا جس سے یہ تعداد 94 سے بڑھ کر 95 ہوگئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 608 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 20 ہزار 790 ہوگئی۔

گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 16 مریض بھی دم توڑ گئے جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 789 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان نے کورونا وائرس کے 164 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 9162 ہوگئی۔

صوبے میں وبا سے مزید ایک مریض جاں بحق بھی ہوا جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 100 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

دوسری جانب گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 12 مریض سامنے آگئے۔

ڈیش بورڈ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان نئے مریضوں کے بعد وہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 1213 سے بڑھ کر 1225 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

علاوہ ازیں آزاد کشمیر میں کورونا وائرس نے مزید 29 افراد کو اپنا شکار کیا۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں آزاد کشمیر میں 29 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے ساتھ ہی مجموعی تعداد 769 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

تاہم ملک بھر میں نئے کیسز او اموات میں اضافے کے باوجود کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔

سرکاری ڈیش بورڈ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 2 ہزار 168 مریض کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگئے۔

ان نئے مریضوں کے صحتیاب ہونے کے بعد ملک میں اب تک اس وائرس سے شفا پانے والوں کی تعداد 59 ہزار 215 سے بڑھ کر 61 ہزار 383 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 168728

اموات: 3295

صحتیاب: 61383

فعال کیسز: 104050

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز 65 ہزار 163 ہیں تو وہیں پنجاب میں 61 ہزار 678 تک کیسز پہنچ چکے ہیں۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 20 ہزار 790 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 9 ہزار 162 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 9 ہزار 941، گلگت بلتستان میں 1225 اور آزاد کشمیر 769 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 1265

سندھ: 1013

خیبرپختونخوا: 789

بلوچستان: 100

اسلام آباد: 95

گلگت بلتستان: 18

آزاد کشمیر: 15


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک سوا لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1500 سے تجاوز کرگئی تھی۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024