• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

کورونا وائرس: پاکستان میں مسلسل دوسرے روز 130 سے زائد اموات، 5439 کیسز کا اضافہ

شائع June 18, 2020 اپ ڈیٹ June 19, 2020
پاکستان میں کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے—فائل فوٹو: اے پی
پاکستان میں کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے—فائل فوٹو: اے پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال دن بدن تشویشناک ہوتی جارہی ہے اور یومیہ ہزاروں کیسز اور درجنوں اموات سامنے آرہی ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 63 ہزار 177 ہوچکی ہے جبکہ اموات 3165 تک جاپہنچی ہیں۔

آج 18 جون کی صبح تک ملک میں کورونا وائرس کے مزید 5439 نئے کیسز اور 132 اموات کا اضافہ ہوا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ملک میں ایک روز میں اب تک کی سب سے زیادہ 133 اموات رپورٹ ہوئیں تھیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو کراچی میں سامنے آیا تھا جو بعد ازاں پورے ملک میں پھیل گیا تاہم اس وائرس سے جو شہر اب بھی سب سے زیادہ متاثر ہے وہ ملک کا معاشی حب کراچی ہے جہاں کیسز کی تعداد 50 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے۔

تاہم ملک کے دیگر حصوں کی صورتحال کچھ مختلف نہیں ہے اور وہاں بھی روزانہ کیسز سامنے آرہے ہیں۔

اعداد و شمار کا جائزہ لیں تو پہلے کیس سے مارچ کے آخر تک ملک میں تقریباً 2 ہزار کیسز اور 26 اموات تھیں، جو اپریل میں بڑھ کر 385 تک پہنچ گئیں جبکہ اسی ماہ میں کیسز ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے۔

مئی میں صورتحال کافی تبدیل ہوگئی اور ایک ماہ کے دوران کیسز ساڑھے 16 ہزار سے بڑھ کر 71 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ اموات بھی 1500 کے ہندسے کو عبور کرگئیں۔

تاہم جون میں صورتحال مزید خراب ہوتی دکھائی دے رہی ہے اور اس ماہ کے 17 روز کے دوران تقریباً 86 ہزار نئے کیسز اور 1500 کے قریب نئی اموات کا اضافہ ہوا ہے۔

آج (جمعرات) کو بھی ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ صحتیاب لوگوں کی تعداد بھی بڑھ گئی۔

سندھ

صوبہ سندھ میں آج کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 286 کیسز اور 48 اموت کی تصدیق ہوئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11 ہزار 44 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2 ہزار 286 مثبت آئے جس کے بعد صوبے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 62 ہزار 269 ہوگئی۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ پچھلے 24 گھنٹوں میں مزید 48 مریضوں کے انتقال کے بعد صوبے میں کورونا سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 964 تک جا پہنچی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 1899 نئے کیسز اور 53 اموات کا اضافہ ہوا۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے کے لیے قائم ڈیش بورڈ کے مطابق پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1899 نئے کیسز آئے جس کے بعد مجموعی تعداد 60 ہزار 138 ہوگئی۔

ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 53 اموات بھی ہوئیں جس سے یہ تعداد 1202 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید نئے کیسز سامنے آگئے جس کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد 9 ہزار 637 ہوگئی جبکہ اموات بھی 94 تک پہنچ گئیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 395 کیسز کا اضافہ سامنے آیا۔

ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4 افراد زندگی کی بازی بھی ہار گئے۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 569 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 20 ہزار 182 ہوگئی۔

صوبے میں وائرس سے مزید 18 اموات بھی واقع ہوئیں جس کے بعد یہاں جاں بحق مریضوں کی تعداد 773 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان نے وائرس کے 204 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 8998 ہوگئی۔

صوبے میں کورونا کا شکار ہو کر مزید 6 افراد دم توڑ گئے جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 99 ہوگئی ہیں۔

گلگت بلتستان

وہیں گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں 49 نئے کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 1164 سے بڑھ کر ایک ہزار 213 تک جا پہنچیں۔

مزید یہ کہ ایک اور فرد کے کورونا وائرس سے انتقال کرجانے سے یہ تعداد 17 سے بڑھ کر 18 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

ادھر آزاد کشمیر جو کورونا وائرس سے سب سے کم متاثرہ علاقوں میں شامل ہے وہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 37 نئے کیسز اور 2 اموات کی تصدیق ہوئی۔

اعداد و شمار کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد وہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 703 سے بڑھ کر 740 ہوگئی جبکہ اموات 13 سے بڑھ کر 15 ہوگئیں۔

صحتیاب افراد

علاوہ ازیں اس وائرس سے ملک بھر میں مزید 778 لوگ مکمل صحتیاب ہوگئے۔

سرکاری ڈیش بورڈ کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 778 لوگ ایسے تھے جو وائرس سے شفایاب ہوئے اور اس طرح مجموعی طور پر اب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 58 ہزار 437 سے بڑھ کر 59 ہزار 215 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 163177

اموات: 3165

صحتیاب: 59215

فعال کیسز: 100797

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز 62 ہزار 269 ہیں تو وہیں پنجاب میں 60 ہزار 118 تک کیسز پہنچ چکے ہیں۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 20 ہزار 182 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 8 ہزار 998 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 9 ہزار 637، گلگت بلتستان میں 1213 اور آزاد کشمیر 740 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 1202

سندھ: 964

خیبرپختونخوا: 773

بلوچستان: 99

اسلام آباد: 94

گلگت بلتستان: 18

آزاد کشمیر: 15


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک سوا لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1500 سے تجاوز کرگئی تھی۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024