• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پی ٹی آئی، اتحادی جماعتوں کا عوام کی خدمت کا مشترکہ ایجنڈا ہے،وزیر اعظم

شائع June 17, 2020
وزیر اعظم عمران خان سے کراچی میں پی ٹی آئی کے اراکین سندھ اسمبلی نے بھی ملاقات کی — فوٹو: پی آئی ڈی
وزیر اعظم عمران خان سے کراچی میں پی ٹی آئی کے اراکین سندھ اسمبلی نے بھی ملاقات کی — فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور اس کی اتحادی جماعتوں کا بدعنوانی کے خاتمے، غربت میں کمی اور عوامی خدمت کا مشترکہ ایجنڈا ہے۔

کراچی میں اتحادی جماعتوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت اس سلسلے میں سندھ سمیت تمام صوبوں سے تعاون کر رہی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حقیقی ترقی انتظامی اصلاحات اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں ملک پر حکمرانی کرنے والی سیاسی قیادت نے لوگوں کی خدمت نہیں کی بلکہ اس نے اختیارات کو اپنے مفادات کے لیے استعمال کیا۔

اتحادی جماعتوں کے ارکان نے وزیراعظم کو سندھ کی ترقی اور انتظامی اصلاحات کے حوالے سے اپنی سفارشات پیش کیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے

پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کی ملاقات

وزیر اعظم عمران خان سے کراچی میں پی ٹی آئی کے اراکین سندھ اسمبلی نے بھی ملاقات کی۔

ملاقات میں گورنر سندھ عمران اسمٰعیل، وزیر بحری امور سید علی زیدی اور معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر بھی موجود تھیں۔

اراکین اسمبلی نے وزیر اعظم کو سندھ آمد پر خوش آمدید کہا اور حالیہ بجٹ تجاویز، کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی اور احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے اجرا پر بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔

— فوٹو: پی آئی ڈی
— فوٹو: پی آئی ڈی

اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کے عوامی خدمت پی ٹی آئی حکومت کا اولین مشن ہے۔

انہوں نے اراکین کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ حلقوں میں عوامی مسائل کا حل یقینی بنانے میں متحرک کردار ادا کریں۔

اراکین اسمبلی نے وفاق اور صوبے کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کرنے کے لیے تجاویز پیش کیں۔

مزید پڑھیں: چاہتا ہوں کے پی اور پنجاب کا پولیس نظام سندھ میں بھی آئے، وزیراعظم

بعد ازاں کراچی کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وزیر اعظم لاڑکانہ پہنچے۔

لاڑکانہ میں عمران خان نے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے رہنما علی گوہر خان مہر سے ملاقات کی۔

احساس ایمرجنسی کیش ڈسٹریبوشن سینٹر کا دورہ

بعد ازاں انہوں نے احساس ایمرجنسی کیش ڈسٹریبوشن سنٹر کا دورہ کیا۔

معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت سندھ میں 60 ارب روپے تقسیم کیے جا رہے ہیں اور صوبے کے 50 لاکھ خاندانوں کو احساس کیش مہیا کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایت کے مطابق احساس کیش پروگرام میں سندھ کا حصہ 22 فیصد سے بڑھا کر 31 فیصد کیا گیا ہے تاکہ وہ تمام خاندان مستفید ہو سکیں جو مستحق اور ضرورت مند ہیں۔

وزیرِ اعظم نے احساس کیش سینٹر پر موجود مزدوروں، ریڑھی والوں اور دیہاڑی دار افراد سے بات چیت کی۔

سینٹر پر موجود ریڑھی والوں نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ ان کو ریڑھی لگانے اور روزگار کمانے کی اجازت نہیں دی جاتی جس کے نتیجے میں ان کو اور ان کے خاندانوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کا آج کا دورہ کراچی منسوخ

وزیرِ اعظم نے اس پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریڑھی لگا کر اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ پالنے والے محنت کشوں کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی روش نہایت افسوس ناک ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محنت کش ریڑھی والوں کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالی جائے تاکہ وہ اپنا روزگار کما سکیں۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان سندھ کے دو روزہ دورے پر کل شام کراچی پہنچے تھے۔

ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد یہ ان کا سندھ کا پہلا دورہ ہے۔

کراچی پہنچنے کے فوری بعد ہی وزیر اعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسمعٰیل سے ملاقات کی تھی۔

بعد ازاں انہوں نے سندھ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کے اراکین سے ملاقات کی اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں گورنر سندھ اور علی زیدی بھی موجود تھے جس میں فردوس شمیم نقوی، حلیم عادل شیخ اور دیگر نے شرکت کی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024