• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

وزیراعظم، پی ٹی آئی رہنماؤں کی لندن میں جائیدادیں ہیں، جسٹس فائز عیسیٰ

شائع June 17, 2020
قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ان شخصیات نے برطانیہ میں غیر قانونی جائیدادیں بنائی ہوئی ہیں—فائل فوٹو: ڈان نیوز
قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ان شخصیات نے برطانیہ میں غیر قانونی جائیدادیں بنائی ہوئی ہیں—فائل فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے دھماکا خیز انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں تلاش کے دوران اثاثہ برآمدگی یونٹ کے چیئرمین مرزا شہزاد اکبر اور وزیراعظم عمران خان کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں اور سابق صدر پرویز کی لندن میں جائیدادوں کی معلومات ملی ہیں۔

سپریم کورٹ میں جمع کروائی گئی درخواست میں درخواست گزار جج نے کہا کہ انہیں شہزاد اکبر کے اس دعوے کہ برطانیہ میں کسی کی بھی جائیداد سرچ انجن 192 ڈاٹ کام کے ذریعے تلاش کی جاسکتی ہے، سے ایک اشارہ ملا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے بتایا کہ سرچ انجن کو کچھ معروف شخصیات کی جائیدادیں تلاش کرنے کے لیے استعمال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’جائیدادوں‘ کی تفصیلات جاسوسی کے ذریعے حاصل کی گئیں، جسٹس عیسیٰ

جس کے تنائج کے مطابق برطانیہ میں عمران خان کی جائیدادیں 6، شہزاد اکبر کی 5، سابق معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کی ایک، ذوالفقار بخاری کی 7، عثمان ڈار کی 3، جہانگیر ترین کی ایک اور پرویز مشرف کی 2 جائیدادیں ہیں۔

جج کا کہنا تھا کہ یہ تمام افراد معروف عوامی شخصیات ہیں اور انکم ٹیکس، فارن ایکسچینج یا منی لانڈرنگ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انہوں نے برطانیہ میں غیر قانونی جائیدادیں بنائی ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انکم ٹیکس قانون کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرنے سے قبل فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو اپنا ریکارڈ چیک کرنا چاہیے اور دیکھنا چاہیے کہ کتنی قابل ٹیکس آمدن ظاہر ہے اور ان شخصیات نے کتنا ٹیکس ادا کیا ہے۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کو اس بات پر بھی غور کرنا چاہیے کہ کیا ان افراد کی آمدن قابل ٹیکس تھی کیوں کہ زرعی زمین انکم ٹیکس کی ادائیگی سے مستثنٰی ہے۔

مزید پڑھیں: جسٹس عیسیٰ کیس: 'قانون دکھادیں کہ جج کو اپنی اور اہلخانہ کی جائیداد ظاہر کرنا ضروری ہے'

جج نے درخواست کی کہ غیر قانونی رقم بیرونِ ملک منتقل کرنے کا الزام لگانے سے قبل اسٹیٹ بینک آف پاکستان اس بات کو لازمی چیک کرے کہ کیا ان افراد کے فارن ایکسچینج اکاؤنٹس تھے اور کیا ان اکاؤنٹس کے ذریعے رقم بیرونِ ملک منتقل کی گئی تاکہ حوالہ ہنڈی اور دیگر غیر قانونی ذرائع سے رقم برطانیہ بھیجنے کے امکان کو خارج کیا جاسکے۔

درخواست میں کہا گیا کہ فرض کرتے ہیں کہ یہ افراد سوالات کے جوابات دینے میں ناکام ہوجاتے ہیں اس کے باوجود بھی وہ وضاحت کا موقع دیے جانے کے اہل ہوں گے اور کوئی وضاحت لینے سے قبل اور بغیر ثبوت کے یہ الزام نہیں لگایا جائے گا کہ ان افراد کے شریک حیات جائیدادوں کے حقیقی مالک ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جو بات یقینی طور پر نہیں کرنی چاہیے وہ یہ کہ ان افراد سے ناممکن کام، یعنی اس بات کا انکار کہ الزامات درست نہیں ہیں، کرنے کا مطالبہ کریں۔

سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ اثاثہ برآمدگی یونٹ کو غیر قانونی اور بغیر کسی قانون کے کام کرنے والا قرار دیا جائے اوریونٹ کی درخواست گزار جج اور ان کے اہلِ خانہ کے خلاف ریفرنس کے زمرے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جج کے خلاف ریفرنس عدلیہ کی آزادی کیلئے خطرہ نہیں، اٹارنی جنرل

درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ شہزاد اکبر اور اثاثہ برآمدگی یونٹ کے ضیا مصطفیٰ نسیم کے خلاف حکام ان کے اور ان کے اہلِ خانہ کی دستاویزات، ریکارڈز تک رسائی، حصول نقول تیار کرنے اور اسے آگے بڑھانے پر متعلقہ قوانین کے تحت قانونی چارہ جوئی کریں جن میں بینکنگ آرڈیننس 1962، نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی آرڈیننس 2000 انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 شامل ہیں۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف ریفرنس

واضح رہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس کا معاملہ گزشتہ سال میں شروع ہوا تھا اور ان پر الزام لگایا گیا کہ انہوں نے برطانیہ میں اپنی ان جائیدادوں کو چھپایا جو مبینہ طور پر ان کی بیوی اور بچوں کے نام ہیں۔

اس حوالے سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کیا تھا۔

ریفرنس دائر کرنے کی خبر کے بعد جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے صدر ڈاکٹر عارف علوی کو خطوط لکھے تھے، پہلے خط میں انہوں نے کہا تھا کہ ذرائع ابلاغ میں آنے والی مختلف خبریں ان کی کردارکشی کا باعث بن رہی ہیں، جس سے منصفانہ ٹرائل میں ان کے قانونی حق کو خطرات کا سامنا ہے۔

مزید پڑھیں: فائز عیسیٰ کیس: 'کسی نے نہیں کہا جج کا احتساب نہیں ہوسکتا، قانون کے مطابق ایسا ہوسکتا ہے'

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے صدر مملکت سے یہ درخواست بھی کی تھی کہ اگر ان کے خلاف ریفرنس دائر کیا جاچکا ہے تو اس کی نقل فراہم کردی جائے کیونکہ مخصوص افواہوں کے باعث متوقع قانونی عمل اور منصفانہ ٹرائل میں ان کا قانونی حق متاثر اور عدلیہ کے ادارے کا تشخص مجروح ہو رہا ہے۔

صدر مملکت کو اپنے دوسرے خط میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا تھا کہ انہوں نے لندن میں موجود جائیدادوں سے متعلق کچھ نہیں چھپایا۔

جس پر سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو 2 ریفرنسز میں شوکاز نوٹس جاری کیے تھے۔

سپریم جوڈیشل کونسل کی جانب سے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو جاری کیا گیا پہلا نوٹس برطانیہ میں اہلیہ اور بچوں کے نام پر موجود جائیداد ظاہر نہ کرنے کے صدارتی ریفرنس پر جاری کیا گیا تھا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو جاری کیا گیا دوسرا شو کاز نوٹس صدر مملکت عارف علوی کو لکھے گئے خطوط پر لاہور سے تعلق رکھنے والے ایڈووکیٹ وحید شہزاد بٹ کی جانب سے دائر ریفرنس پر جاری کیا گیا تھا تاہم یہ ریفرنس بعد میں خارج کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: صدارتی ریفرنس: جسٹس عیسیٰ کے شہزاد اکبر سے متعلق 15 سوالات

بعد ازاں7 اگست 2019 کو جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اپنے خلاف صدارتی ریفرنس کو عدالت عظمیٰ میں چیلنج کر دیا تھا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اپنے خلاف ریفرنس ذاتی طور پر چیلنج کیا تھا جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ میرے خلاف ریفرنس بدنیتی پر مبنی ہے، لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ میری درخواست پر فیصلہ آنے تک سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی روکی جائے۔

صدارتی ریفرنس سے متعلق مختلف درخواستوں پر سپریم کورٹ کا 7 رکنی بینچ تشکیل دیا گیا تھا جس کے تحلیل ہوجانے کے بعدعدالت عظمیٰ کے 10 رکنی فل کورٹ نے 14 اکتوبر کو سماعت کا آغاز کیا تھا جس کا سلسلہ اب تک جاری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024