• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے

شائع June 17, 2020
— فوٹو: بشکریہ ریڈیو پاکستان
— فوٹو: بشکریہ ریڈیو پاکستان

وزیر اعظم عمران خان اپنے 2 روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد یہ ان کا سندھ کا پہلا دورہ ہے۔

ایک بیان میں وزیر اعظم کے دفتر نے بتایا کہ عمران خان کے ہمراہ وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی، وزیر نجکاری محمد میاں سومرو، وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے معاشرتی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر، معاون خصوصی برائے اطلاعات لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین تھے۔

بیان میں توقع ظاہر کی گئی کہ وزیراعظم اپنے دورے کے دوران لاڑکانہ میں احساس سینٹر کا بھی دورہ کریں گے۔

کراچی پہنچنے کے فوری بعد ہی وزیر اعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسمعٰیل سے ملاقات کی۔

بعد ازاں انہوں نے سندھ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کے اراکین سے ملاقات کی اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں گورنر سندھ اور علی زیدی بھی موجود تھے جس میں فردوس شمیم نقوی، حلیم عادل شیخ اور دیگر نے شرکت کی۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیر اعظم کے اس دورے کا مقصد سندھ کے سیاسی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ کووڈ 19 سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم پی ٹی آئی کے صوبائی قانون سازوں اور اتحادی جماعتوں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پی) اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) سے بھی ملاقات کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال دن بدن بگڑتی جارہی ہے اور کو ملک میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی تعداد ایک لاکھ 51 ہزار 843 ہوگئی جبکہ اموات 2896 تک پہنچ گئی ہیں۔

سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق 16 جون کی شام تک ملک میں کورونا کے 4980 نئے کیسز اور 113 اموات کا اضافہ ہوا۔

مزید پڑھیں: فیصل آباد زرعی یونیورسٹی میں کورونا ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری قائم

اس کے علاوہ ملک میں 2896 مزید افراد کورونا وائرس سے مکمل شفایاب ہوگئے۔

اگر صرف سندھ کی بات کی جائے تو صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 2287 کیسز اور 33 اموات کا اضافہ ہوا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2 ہزار 287 لوگ متاثر ہوئے، جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 57 ہزار 868 تک پہنچ گئی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 33 افراد انتقال کرگئے جس سے یہ تعداد 886 ہوگئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024