• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

یہ بجٹ کورونا کی وبا کا مقابلہ کرنے والے ملک کا نہیں ہو سکتا، بلاول

شائع June 16, 2020
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری قومی اسمبلی میں خطاب کر رہے ہیں— فوٹو: اسکرین شاٹ
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری قومی اسمبلی میں خطاب کر رہے ہیں— فوٹو: اسکرین شاٹ

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تحریک انصاف کی حکومت کے بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پاکستان کا بجٹ نہیں ہو سکتا اور یہ اس ملک کا بجٹ نہیں ہو سکتا جو کورونا کی وبا کا مقابلہ کر رہا ہے۔

منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں مسلم لیگ ن کے خواجہ آصف کے بعد تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی مراد سعید نے گفتگو شروع کی تو اپوزیشن کی جانب سے احتجاج شروع کردیا گیا۔

مراد سعید نے اس موقع پر احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی طریقہ نہیں ہے کہ یہاں سے کوئی اٹھے اور دھمکیاں دی جائیں، اگر ایسا ہو گا تو پھر یہ لوگ بھی بات نہیں کر سکیں گے۔

'یہ کوئی طریقہ نہیں کہ آپ اپنی تقریریں جھاڑیں اور یہاں پر کسی نے آغاز بھی نہ کیا ہو اور آپ اٹھ کر شور مچانا شروع کردیں'۔

اس موقع پر مراد سعید کے ساتھ ساتھ قائم مقام اسپیکر قاسم سوری بھی برہم نظر آئے اور انہوں نے اپوزیشن اراکین کو بیٹھنے کا مشورہ دیا۔

مراد سعید نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں 50سال کے عرصے میں پہلی مرتبہ سال میں دو مرتبہ کشمیر کے مسئلے پر بحث ہوتی ہے اور کشمیر جو جسے بھارت اپنا اندرونی مسئلہ سمجھتا تھا، آج وہ بین الاقوامی مسئلہ بن چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کا مقدمہ جس انداز سے عمران خان نے لڑا اس طرح سے کبھی نہیں لڑا گیا۔

اس موقع پر اپوزیشن نے پھر شور شرابا کیا تو مراد سعید نے کہا کہ اب میں کہوں گا کہ اپنی نواسی کی شادی پر کون مودی کو بلاتا تھا تو یہ کہیں گے یہ جواب دے رہا ہے، میں سوال کروں گا کہ جندال کو بغیر ویزہ کے کس نے مری آنے کی دعوت دی۔

انہوں نے خواجہ آصف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی اس وقت ٹھیک نہیں ہو سکتی جب تک آپ کا وزیر خارجہ اور اس وقت کا وزیر دفاع باہر کسی کمپنی میں ملازمت کر رہا ہو کیونکہ پتہ نہیں چلے گا کہ اس کی وفاداری کس کے ساتھ ہے۔

مراد سعید کے خطاب کے بعد اسمبلی میں شور شرابا شروع ہو گیا اور اپوزیشن اور حکومتی اراکین میں بحث چھڑ گئی۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے اراکین سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک دوسرے سے عزت و احترام سے پیش آئیں اور عزت سے پکاریں۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کہا کہ میں کسی کی دھمکی میں نہیں آؤں گا اور ہاؤس قانون کے مطابق چلے گا۔

اسپیکر نے اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رانا تنویر حسین کو گفتگو کی اجازت دی لیکن اس موقع پر حکومتی اراکین خصوصاً مراد سعید نے انہیں بولنے کا موقع نہ دیا۔

اس موقع پر اپوزیشن اور حکمران جماعت کے اراکین اسمبلی میں تلخ کلامی کے بعد ہنگامہ آرائی شروع ہو گئی اور ایوان مچھلی بازار کا منظر پیش کرنے لگا۔

اس مرحلے پر مراد سعید کی جانب سے اپوزیشن اراکین کو کہا گیا کہ 'او چور بیٹھو' جس کے بعد احتجاج شدت اختیار کر گیا۔

مراد سعید مستقل اپوزیشن اراکین کو کو چور کہہ کر مخاطب کرتے رہے اور انہوں نے کہا کہ انہوں نے مجھے بات نہیں کرنی دی، اب میں انہیں بھی بات نہیں کرنے دوں گا۔

ایوان میں ہنگامہ آرائی کے سبب اسپیکر قاسم سوری کو اجلاس 10منٹ کے لیے ملتوی کرنا پڑا۔

پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کر رہا، وزیر خارجہ

وقفے کے بعد اجلاس شروع ہوا تو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کہا جا رہا کہ پاکستان کہیں اسرائیل کو تسلیم تو نہیں کر رہا، میں واضح طور ایوان میں کہتا ہوں کہ اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے، پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کر رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس بات کی تشریح کچھ اس طرح کی گئی ہے کہ عرب ممالک کے اب اسرائیل سے تعلقات بہتر ہو گئے ہیں تو کہیں ہم عرب ممالک کے دباؤ میں آ کر ایسا نہ کر رہے ہوں لیکن ایسا ہرگز نہیں ہے۔

انہوں نے خواجہ آصف کی تقریر کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین پر ہمارا موقف وہی ہے جو آپ کا تھا، جب آپ وزیر خارجہ تھے، ہمارا وہی موقف ہے جو پیپلز پارٹی کی حکومت کا تھا، پاکستان کا جو تاریخی موقف تھا، آج بھی وہی ہے کہ ہم دو ریاستی حل کے کل بھی قائل تھے، آج بھی قائل ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم کہتے ہیں کہ وہی فلسطین چاہیے جس کی سرحدیں 1967 سے قبل والی ہوں اور جس کا دارالخلافہ القدس شریف ہو، یہ پاکستان کا مسلسل موقف رہا ہے اور آج بھی وہی موقف ہے لہٰذا اس سلسلے میں کسی تشویش یا ابہام کی گنجائش نہیں ہے۔

ان کہنا تھا کہ بھارت کی سلامتی کونسل میں مستقل رکنیت کا موضوع تو زیر بحث ہے ہی نہیں کیونکہ اس کے لیے جو اصلاحات درکار تھیں وہ نہیں کی گئیں لہٰذا اس کی نوبت ہی نہیں آئی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ غیرمستقل رکن کی بات کی جائے تو وہ بدلتے رہتے ہیں مثلاً جب سے ملک آزاد ہوا ہے تو سات مرتبہ ہندوستان سلامتی کونسل کا رکن رہا ہے اور سات مرتبہ ہی پاکستان بھی کونسل کا رکن رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے 2011 میں رکن بننے کی تیاری شروع کردی تھی اور اب ہم نے بھی 26-2025 میں آٹھویں مرتبہ رکن بننے کا اعادہ کیا ہے اور اس کے لیے لابی کر رہے ہیں کیونکہ اس کا الیکشن 2024 میں ہو گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کشمیر پر ہمارا موقف ایک تھا، ایک ہے اور میری کوشش ہو گی کہ ایک رہے کیونکہ اس پر قومی اتفاق رائے ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمارا ماننا ہے کہ کشمیر پر سیاسی اور قومی اتفاق رائے کے ساتھ ساتھ پارلیمانی اتفاق رائے بھی ہونا چاہیے لہٰذا میں سیاست سے بالاتر ہو کر ایک کمیٹی تشکیل دے رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اس کمیٹی میں قومی اسمبلی اور سینیٹ سے نمائندگی کے لیے مسلم لیگ ن کو دعوت دے رہا ہوں، پیپلز پارٹی کو دعوت دے رہا ہوں اور جمعیت علمائے اسلام، عوامی نیشنل پارٹی کو دعوت دے رہا ہے کیونکہ کچھ معاملات ایسے ہوتے ہیں جو جماعتی مفادات سے بڑھ کر ہوتے ہیں اور کشمیر، فلسطین کا مسئلہ اور اقوام متحدہ کی اصلاحات ان میں سے ایک مسئلہ ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں اس ایوان اور مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر کو اس بات کی یقین دہانی کرانا چاہتا ہوں کہ آپ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، ہم سے منسلک یہ تمام باتیں بے بنیاد ہیں، ہم ایک ہیں اور ان مسائل پر ایک رہیں گے۔

حکومت ابہام، نااہلی، غفلت کا شکار ہے، بلاول

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس جیسی وبا صدی میں ایک بار آتی ہے اور اس طرح کی وبا سے ماضی میں بڑی بڑی قدیم تہذیبیں تباہ ہو چکی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان میں ہر 15منٹ بعد ایک پاکستانی کورونا کی وجہ سے مر رہا ہے، ہر پاکستانی کی صحت، زندگی اور معاشی صورتحال اس وقت خطرے میں ہے۔

بلاول نے کہا کہ کورونا کے علاوہ ہمارا ٹڈی دل کا مسئلہ ہے، 25 سال ٹڈی کا سب سے بڑا حملہ ہوتا جا رہا ہے، سیلاب کی بھی پیش گوئی کی جا چکی ہے، عالمی کساد بازاری اور پاکستان میں معاشی ڈپریشن کی بھی پیش گوئی کیا جا چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا 2020 کا بجٹ اس وقت کا بجٹ نہیں ہے، یہ پاکستان کا بجٹ نہیں ہو سکتا، یہ بجٹ کسی اور ملک کا ہے جو کسی اور وقت اور جگہ کے لیے تیار کیا گیا ہے، یہ اس ملک کا بجٹ نہیں ہو سکتا جو کورونا کی وبا کا مقابلہ کر رہا ہے، جو ٹڈی دل کے 25 سال بعد سب سے بڑے حملے کا مقابلہ کر رہا ہے اور جہاں معاشی ڈپریشن کا خطرہ ہے، جہاں 7 کروڑ پاکستانیوں کو غربت کی لکیر کے نیچے دھکیلا جا رہا ہے اور اس وقت کے لیے یہ بجٹ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ایک لاکھ 49 ہزار پاکستانی وائرس کے مریض ہو چکے ہیں اور کم از کم 2 ہزار 900 پاکستانی فوت ہو چکے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ہمارے محکمہ صحت کے 2 ہزار افراد کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں اور 40 شہید ہو چکے ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت ابہام، نااہلی، غفلت کا شکار ہے اور کوئی منصوبہ یا حکمت عملی نہیں اور یہ بجٹ اس بات کی عکاسی کرتا ہے۔

بلاول نے تنقید کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہا کہ کس نے کہا تھا کہ کورونا وائرس ایک فلو، ایک زکام ہے، کون ہر ٹیلیفون کال پر چلا رہا تھا کہ کورونا وائرس جان لیوا نہیں ہے، کون پہلے لاک ڈاؤن کے خلاف تھا، پھر لاک ڈاؤن کے حق میں تھا، پھر لاک ڈاؤن کے خلاف تھا اور آج تک کنفیوژ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کون کہتا تھا کہ گرمیوں میں کورونا وائرس خود بخود ختم ہو جائے گا، کس نے کہا تھا کہ پاکستان میں کورونا وائرس تو وبا ہی نہیں ہے، کس نے کہا تھا کہ ٹریفک حادثات کی وجہ سے لوگ فوت ہو جاتے ہیں لیکن ہم گاڑیوں پر پابندی نہیں لگاتے، کس نے کہا تھا کہ جو لوگ اپنے عوام کی زندگی، صحت کو بچانے کے لیے قدم اٹھا رہے تھے، اپنی دھرتی کو بچانے کے لیے قدم اٹھا رہے تھے کہ وہ خوف میں فیصلے لے رہے تھے۔

پیپلز پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ آپ کی ہمت کیسے ہوئی کہ آپ اپنی مجرمانہ غفلت، قیادت میں ناکامی، نااہلی پر پاکستان کے عوام کو ذمے دار ٹھہرائیں اور پھر یہ کہیں کہ پاکستان کے عوام جاہل ہیں، پاکستان کے عوام ان کو انتخابات میں بتائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم امید کر رہے تھے کہ یہ ایک وبا کے لیے بجٹ ہوگا لیکن تحریک انصاف نے ہر اس فیصلے اور قدم کی مخالفت کی جو اس وائرس کے پھیلاؤ کو روک سکتے تھے، جس وائرس پر قابو پایا جا سکتا تھا اور اس سے اموات میں کمی آسکتی ہے، انہوں نے ایسے ہر اقدام کی مخالفت کی۔

بلاول نے کہا کہ اب جب آپ نے ان فیصلوں کی وجہ سے کورونا وائرس کو زبردستی پھیلایا ہے، جب آپ جانتے ہیں کہ زیادہ مریض ہوں گے، زیادہ اموات ہوں گی، زیادہ کیسز ہوں گے تو کیا تیاری ہے؟ کیا ہم نے صحت کے بجٹ میں تاریخی طور پر اضافہ کیا ہے، کیا ہم نے کافی پیسہ الگ رکھا ہے تاکہ ہم صوبائی حکومتوں کے محکمہ صحت کو پیکج دے سکیں تاکہ وہ اس وبا کا مقابلہ کر سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کیا ہم نے ڈاکٹرز، نرسوں اور فرنٹ لائن ورکرز کی تنخواہوں میں اضافہ کیا، کیا آپ نے ان کو رسک الاؤنس دیا ہے اور آپ نے کورونا کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کے لیے بجٹ میں کتنی رقم رکھی ہے تاکہ عوام کو سمجھا سکیں وہ کیسے اپنے اور اپنے پیاروں کا تحفظ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اس ملک کو درپیش خطرات سے آگاہ کرنے کی کوشش کی ہے، جب انتہا پسندی اور دہشت گردی کے بارے میں پاکستان پیپلز پارٹی نے خبردار کرنے کی کوشش کی تو کوئی ماننے کے لیے تیار نہیں تھا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اسی ایوان میں گزشتہ سال بجٹ تقریر کے موقع پر صدر زرداری اور اختر مینگل نے ٹڈی دل کے معاملے کو اٹھایا تھا اور فروری سے ہم اس کورونا کے مسئلے کو اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عید تک لاک ڈاؤن کرتے تو کیسز کی رفتار پر قابو پایا جا سکتا تھا کیونکہ لوگ عید میں اپنے آبائی علاقوں، گاؤں دیہات وغیرہ میں ملنے جاتے ہیں لیکن لاک ڈاؤن نہ کر کے وائرس کو شہر سے گاؤں تک پھیلا دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اب بھی عالمی ادارہ صحت اور دیگر اداروں کی جانب سے تجاویز دی جا رہی ہیں جس سے ہم اپنے عوام کی زندگی صحت اور معیشت کو سنبھال سکتے ہیں اور اگر اب بھی ہم عالمی ادارہ صحت کی تجاویز کو اپنائیں تو ہم کمی لا سکتے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر ہم بالکل کوئی کوشش نہیں کریں گے اور توقع کریں گے کہ عوام خودبخود ماسک پہنیں گے اور خود سیکھ لیں گے کہ کیسے کورونا کا مقابلہ کرنا ہے تو جو نقصان ہماری معیشت اور ہمارے عوام کی انسانی زندگی اور صحت کو ہو گا وہ انتہائی خطرناک صورتحال ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024