• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

سشانت سنگھ کی خودکشی کے بعد بھارتی عوام کی شوبز ستاروں پر الزامات کی بارش

شائع June 16, 2020
سشانت سنگھ راجپوت نے 14 جون کو خودکشی کرلی تھی—فوٹو: ٹوئٹر
سشانت سنگھ راجپوت نے 14 جون کو خودکشی کرلی تھی—فوٹو: ٹوئٹر

بولی وڈ اداکار 34 سالہ سشانت سنگھ راجپوت نے 14 جون کی دوپہر ایک بجے کے قریب بھارتی شہر ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر خودکشی کرلی تھی۔

پولیس نے واقعے کی اطلاع پر جائے وقوع کا جائزہ لینے کے بعد ہی بتایا تھا کہ اداکار نے خودکشی کی ہے تاہم اس حوالے سے مزید تفتیش شروع کردی گئی۔

سشانت سنگھ راجپوت نے ممبئی کے پرتعیش علاقے ویسٹ باندرا میں اپنے فلیٹ میں دوستوں اور ملازمین کی موجودگی میں اپنے کمرے کا دروازہ بند کرکے خودکشی کی تھی۔

اداکار نے تین ملازمین اور ایک دوست کی موجودگی میں 14 جون کی دوپہر کو اپنے کمرے کا دروازہ بند کرکے خود کو پھندے پر لٹکایا تھا۔

ان کی پوسٹ مارٹم بھی 15 جون کو جاری کی گئی تھی، جس میں دم گھٹنے کو ان کی موت قرار دیا گیا تھا اور 15 جون کو ہی ان کی آخری رسومات ادا کردی گئی تھیں۔

سشانت سنگھ راجپوت کی اچانک خودکشی کے بعد جہاں بھارت کے سیاسی، سماجی اور شخصیات صدمے میں ہیں، وہیں عوام میں بھی ان کی خودکشی کے حوالے سے غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے خودکشی کرلی

تاہم زیادہ تر بھارتی عوام کسی حد تک سشانت سنگھ کی خودکشی کا ذمہ دار بولی وڈ انڈسٹری کو بھی ٹھہرا رہا ہے اور چند بولی وڈ شخصیات پر تو براہ راست ان کی خودکشی کے الزامات بھی لگائے جا رہے ہیں۔

عالیہ بھٹ اور کرن جوہر پر تنقید کا ٹرینڈ پاکستان میں بھی ٹاپ پر رہا—اسکرین شاٹ
عالیہ بھٹ اور کرن جوہر پر تنقید کا ٹرینڈ پاکستان میں بھی ٹاپ پر رہا—اسکرین شاٹ

بھارت سمیت پاکستان میں 16 جون کو ٹوئٹر پر بائیکاٹ کرن جوہر گینگ مووی سب سے ٹاپ ٹرینڈ رہا اور اس ٹرینڈ کے تحت بھارتی عوام کی جانب سے فلم ساز کرن جوہر اور اداکارہ عالیہ بھٹ سمیت دیگر شوبز شخصیات کو اقربا پروری اور سشانت سنگھ راجپوت جیسے اداکاروں کو نظر انداز کرنے کے الزامات لگائے۔

بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق مذکورہ ٹرینڈ اس وقت ٹوئٹر پر ٹاپ بن گیا جب کرن جوہر اور عالیہ بھٹ نے سشانت سنگھ راجپوت کی اچانک خودکشی پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ٹوئٹس کیں۔

کرن جوہر نے اپنی ٹوئٹ میں سشانت سنگھ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ بہت افسوس ناک اور دل کو تکلیف دینے والی بات ہے کہ سشانت چلے گئے، ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ انہیں اداکار کے ساتھ گزارے گئے لمحات ہمیشہ یاد رہیں گے۔

اسی طرح عالیہ بھٹ نے بھی اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ وہ سشانت سنگھ کی موت کا سن کر صدمے میں ہیں، انہیں سمجھ نہیں آ رہا کہ کیا ہو رہا ہے اور وہ اس پر کیا لکھیں، ساتھ ہی اداکارہ نے اداکار کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

تاہم دونوں کی ٹوئٹس پر مداحوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں یاد دلایا کہ جب سشانت سنگھ زندہ تھے تو وہ ان کا مختلف تقاریب اور پروگرامات میں مذاق اڑاتے تھے اور اب مگر مچھ کی طرح جھوٹے آنسوں نکال رہے ہیں۔

کئی افراد نے کرن جوہر اور عالیہ بھٹ پر اقربا پروری کا الزام لگایا اور دعویٰ کیا کہ ان کے ایسے ہی رویوں کی وجہ سے ہی سشانت سنگھ جیسے عام افراد کے بچے مسائل کا شکار ہوتے ہیں۔

انڈیا ڈاٹ کام نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد بھارت میں ٹوئٹر پر کرن جوہر از بلی سمیت دیگر ٹرینڈز ٹرینڈ کرنے لگے اور لوگوں نے کرن جوہر، عالیہ بھٹ، سونم کپور اور دیگر شوبز شخصیات اور ان کے اداکار بچوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

کئی افراد کا کہنا تھا کہ سونم کپور، عالیہ بھٹ اور سوناکشی سنہا جیسی اداکاراؤں کی نہ تو ذہانت اچھی ہے اور نہ ہی انہیں اداکاری آتی ہے، تاہم انہیں اداکاروں کے بچے ہونے کی وجہ سے انڈسٹری میں اہم مقام حاصل ہے اور سشانت سنگھ جیسے ٹیلنٹڈ اداکار پریشانی کا شکار بن کر زندگی کا خاتمہ کر دیتےہیں۔

انڈیا ڈاٹ کام نے اپنی ایک اور رپورٹ میں بتایا کہ ٹوئٹر پر لوگ سشانت سنگھ کی سابق گرل فرینڈ اداکارہ انکتا لوکھنڈے کو ان کی خودکشی کا سبب قرار دے رہے ہیں، جس پر اداکارہ سونم کپور نے برہمی کا اظہار کیا۔

رپورٹ کے مطابق لوگوں کی جانب سے سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کا سبب ان کی سابق گرل فرینڈ سمیت دیگر اداکاروں کو قرار دینے پر سونم کپور نے عوام پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے بیہودہ الزامات لگانے کا سلسلہ بند کیا جائے۔

دوسری جانب کنگنا رناوٹ سمیت دیگر اداکارائیں اور شوبز شخصیات بھی اس بحث کا حصہ بن گئیں اور انہوں نے بھی انڈسٹری میں اقربا پروری پر بات کرتے ہوئے سشانت سنگھ اور اس جیسے دیگر اداکاروں کے ساتھ ناانصافی کیے جانے پر کھل کر بات کی۔

ادھر ٹائمز اف انڈیا نے بتایا کہ سشانت سنگھ کی خودکشی کے بعد جہاں ان کے اہل خانہ اور ملک صدمے میں ہے، وہیں ان کے کزن کی بیوی بھی اداکار کے صدمے میں چل بسیں۔

رپورٹ کے مطابق سشانت سنگھ کے کزن کی اہلیہ نے اداکار کی خودکشی کی خبر سننے کےبعد لوگوں سے بات چیت کم کردی تھی اور وہ اس قدر صدمے میں چلی گئی تھیں کہ انہیں کھانے پینے کا بھی احساس نہیں رہا تھا۔

سشانت سنگھ راجپوت نے کیریئر کا آغاز 2008 میں ٹی وی سے کیا تھا تاہم انہوں نے 2013 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا ، انہوں نے اب تک محض ایک درجن فلموں میں ہی کام کیا تھا۔

سشانت سنگھ راجپوت کی سابق گرل فرینڈ انکتا لوکھنڈے بھی 15 جون کو اداکار کے اہل خانہ سے تعزیت کے لیے پہنچیں—فوٹو: پنک ولا
سشانت سنگھ راجپوت کی سابق گرل فرینڈ انکتا لوکھنڈے بھی 15 جون کو اداکار کے اہل خانہ سے تعزیت کے لیے پہنچیں—فوٹو: پنک ولا

سشانت سنگھ راجپوت کی فلموں میں کائی پو چے، شدھ دیسی رومانس، پی کے، ڈیٹیکٹو بایو مکیش بخشی، ایم ایس دھونی: دی یونائیٹڈ اسٹوری، رابطہ، ویلکم ٹو نیویارک، کیدرناتھ، سون چڑیا، چھچھورے اور ڈرائیو شامل ہیں۔

سشانت سنگھ راجپوت کو ان کے 12 سالہ کیریئر کے دوران 20 کے قریب ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا اور انہوں نے 9 ایوارڈز جیتے، انہوں نے بہترین ڈیبیو اداکار، بہترین پاپولر اداکار اور بہترین اداکار کے فلم فیئر، اسکرین ایوارڈ اور زی سائن ایوارڈز جیتے۔

انکتا لوکھنڈے اور سشانت سنگھ کے درمیان 2010 سے 2016 تک تعلقات رہے—فائل فوٹو: ٹائمز آف انڈیا
انکتا لوکھنڈے اور سشانت سنگھ کے درمیان 2010 سے 2016 تک تعلقات رہے—فائل فوٹو: ٹائمز آف انڈیا

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024