پاکستان میں کورونا متاثرین میں 5090، اموات میں 117 کا اضافہ
پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال دن بدن بگڑتی جارہی ہے اور آج (16 جون) کو ملک میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی تعداد ایک لاکھ 51 ہزار 953 ہوگئی جبکہ اموات 2900 تک پہنچ گئیں۔
سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق 16 جون کی شام تک ملک میں کورونا کے 5090 نئے کیسز اور 117 اموات کا اضافہ ہوا۔
اس کے علاوہ ملک میں 2899 مزید افراد کورونا وائرس سے مکمل شفایاب ہوگئے۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا تھا جس کے بعد اس کے پھیلاؤ میں وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ ہوا اور اب اس وقت ملک کے 20 شہروں میں وائرس کے ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی ہوچکی ہے۔
اس کے علاوہ وزیر ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے گزشتہ دنوں ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ رواں ماہ کے آخر تک ملک میں کیسز 3 لاکھ جبکہ جولائی کے آخر تک 10 سے 12 لاکھ تک پہنچ سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ فروری کے آخر سے 31 مارچ تک ملک میں تقریباً 2 ہزار کیسز تھے جبکہ اس دوران 26 اموات ہوئیں تھیں، بعد ازاں اپریل کے مہینے میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ساڑھے 16 ہزار سے زائد تک پہنچی جبکہ اموات بڑھ کر 385 ہوگئیں۔
مئی کے مہینے میں صورتحال کافی تبدیل ہوئی اور 31 مئی تک ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھ کر 71 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ اموات 1500 سے زائد ہوگئیں۔
علاوہ ازیں رواں ماہ جون کے 15 روز میں ملک میں کورونا وبا کے 75 ہزار سے زائد کیسز اور 1300 سے زائد اموات کا اضافہ ہوا جو خطرناک صورتحال کی طرف اشارہ ہے۔
آج (16 جون) کو بھی ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اموات کی تصدیق ہوئی۔
سندھ
سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 2287 کیسز اور 33 اموات کا اضافہ ہوا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2 ہزار 287 لوگ متاثر ہوئے، جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 57 ہزار 868 تک پہنچ گئی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 33 افراد انتقال کرگئے جس سے یہ تعداد 886 ہوگئی۔
پنجاب
صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 1740 نئے کیسز اور 50 اموات کا اضافہ ہوا۔
سرکاری سطح پر اعداد و شمار فراہم کرنے کے قائم کیے گئے ڈیش بورڈ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں 1740 نئے مریض سامنے آئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 55 ہزار 878 ہوگئی۔
اس کے علاوہ یہ بھی بتایا گیا کہ صوبے میں مزید 50 اموات بھی رپورٹ ہوئیں اور یہ تعداد ایک ہزار 31 سے بڑھ کر ایک ہزار 81 ہوگئی۔
خیبر پختونخوا
خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت کے مطابق صوبےمیں مزید 635 کیسز کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد مجموعی تعداد 19 ہزار 107 ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت کے اعداد وشمار کے مطابق کورونا سے مزید 24 متاثرین جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 731 ہوگئی ہے جبکہ 230 افراد کی صحت یاب بھی ہوئے۔
خیبر پختونخوا میں مجموعی طور پر 4 ہزار 922 افراد کورونا سے صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ اب تک ایک لاکھ 8 ہزار 445 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کی وبا سے مزید 288 افراد متاثر ہوئے جبکہ مزید 5 اموات بھی سامنے آئیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد وفاقی دارالحکومت میں اب تک کورونا وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 8 ہزار 569 سے بڑھ کر 8 ہزار 857 تک پہنچ گئی۔
مزید برآں اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5 افراد ایسے بھی تھے جو اس وبا کے باعث انتقال کرگئے جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 78 سے بڑھ کر 83 ہوگئی۔
بلوچستان
محکمہ صحت بلوچستان نے کورونا کے 110 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 8437 ہوگئی۔
صوبے میں وائرس سے متاثرہ مزید 4 مریض دم توڑ گئے جس کے بعد بلوچستان میں اموات کی تعداد 89 ہوگئی ہے۔
گلگت بلتستان
ادھر گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس نے مزید 14 افراد کو متاثر کیا جبکہ ایک فرد کی موت کی بھی تصدیق ہوئی۔
ڈیش بورڈ کے مطابق گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کے بعد متاثرین کی تعداد ایک ہزار 129 سے بڑھ کر ایک ہزار 143 تک جاپہنچی۔
اس کے علاوہ وہاں مزید ایک فرد اس وائرس کے باعث جان کی بازی ہار گیا جس سے مجموعی تعداد 16 کے بجائے 17 ہوگئی۔
آزاد کشمیر
علاوہ ازیں آزاد کشمیر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 647 سے بڑھ کر 663 ہوگئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے سب سے کم متاثرہ علاقے میں مزید 16 افراد وائرس کا شکار ہوئے۔
صحتیاب افراد
تاہم ملک میں جہاں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات کی تعداد بڑھ رہی ہے وہیں اس سے شفاپانے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
اس سلسلے میں ڈیش بورڈ پر دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں صحتیاب افراد کی تعداد میں 2 ہزار 899 کا اضافہ ہوا۔
جس کے بعد ملک میں اب تک اس وائرس سے مکمل صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 53 ہزار 721 سے بڑھ کر 56 ہزار 620 ہوگئی۔
مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:
مصدقہ کیسز: 151953
اموات: 2900
صحتیاب: 56390
فعال کیسز: 92663
ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز 57 ہزار 868 ہیں تو وہیں پنجاب میں 55 ہزار 878 تک کیسز پہنچ چکے ہیں۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 19 ہزار 107 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 8 ہزار 437 ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 8 ہزار 857، گلگت بلتستان میں 1143 اور آزاد کشمیر 663 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔
ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:
پنجاب: 1081
سندھ: 886
خیبرپختونخوا: 731
بلوچستان: 89
اسلام آباد: 83
گلگت بلتستان: 17
آزاد کشمیر: 13
پاکستان میں کورونا وائرس
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔
تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک سوا لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔
پاکستان میں اموات
ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔
تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1500 سے تجاوز کرگئی تھی۔