• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

عید الاضحیٰ 31 جولائی کو ہوگی، فواد چوہدری

شائع June 15, 2020
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عید الاضحیٰ 31جولائی بروز جمعہ ہو گی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عید الاضحیٰ 31جولائی بروز جمعہ ہو گی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عید الاضحیٰ 31 جولائی بروز جمعہ کو ہو گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزارت کے کیلنڈر کے مطابق 21 جولائی کو ذی الحج کا چاند کراچی اور اس کے ارد گرد علاقوں میں دوربین سے واضح طور پر اور کئی علاقوں میں آنکھوں سے بھی دیکھا جا سکے گا۔

انہوں نے چاند کی لوکیشن کے لیے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی قائم کردہ ’رویت‘ ایپ استعمال کرنے کا مشورہ بھی دیا۔

مزید پڑھیں: رمضان کا چاند 24 اپریل کو نظر آجائے گا، فواد چوہدری

واضح رہے کہ گزشتہ سال 20 مئی کو فواد چوہدری نے اعلان کیا تھا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے سائنسی بنیادوں پر چاند دیکھنے کے معاملے کے لیے قمری کیلنڈر تیار کرلیا ہے۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 'کیلنڈر میں سائنسی طور پر بتایا گیا ہے جس میں پاکستان کی حدود میں چاند کن کن تاریخوں میں نظر آئے گا، غروب ہوگا اور اس پر گرہن کب لگے سے متعلق معلومات ہوں گی'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'قمری کیلنڈر سے متعلق اسلامی نظریاتی کونسل سے رائے لینے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ کیلنڈر جاری کرنے سے قبل علما سے بھی مشاورت کی جائے گی اور اس سلسلے میں مفتی منیب الرحمٰن اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو دعوت دی جائے گی'۔

بعد ازاں اسی سال چاند کی رویت کے حوالے سے معلومات فراہم کرنے کے لیے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے موبائل ایپلی کیشن ‘رویت ایپ‘ بھی متعارف کرائی تھی۔

اسی دوران وفاقی وزیر کی جانب سے رویت ہلال کمیٹی اور اس کے سربراہ مفتی منیب الرحمٰن کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔

تاہم ایک مطالبہ فواد چوہدری نے یہ بھی کیا تھا کہ رویت ہلال کمیٹی میں وزارت سائنس کا نمائندہ بھی شامل کیا جائے۔

رواں سال 15 اپریل کو بھی وفاقی وزیر نے رمضان المبارک کا چاند کی رویت کا اعلان کرتے ہوئے چیئر رویت ہلال کمیٹی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: شوال کا چاند نظر آگیا، عید الفطر اتوار کو منانے کا اعلان

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے کہا تھا کہ 'مفتی منیب الرحمنٰ ہمارے بزرگ ہیں اور ان کا احترام ہے، لیکن انہیں اتنا بڑا چاند نظر نہیں آتا تو اتنا چھوٹا کورونا وائرس کہاں سے نظر آنا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ تھا کہ 'وزارت مذہبی امور کی توجہ دلائی ہے کہ آپ کی وزارتی کمیٹی کے سربراہ اگر حکومتی احکامات کا یوں مذاق اڑائیں گے تو باقیوں سے کیا توقع؟'

بعد ازاں مفتی منیب الرحمٰن نے ان کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے شوال کے چاند کے حوالے سے پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ 'فواد چوہدری کی کوئی حیثیت نہیں ہے، ہم شریعت کے پابند ہیں، انہوں نے گزشتہ ماہ بھی چاند سے متعلق بتایا تھا لیکن ہم نے شریعت کے مطابق فیصلہ کیا تھا‘۔

خیال رہے کہ فواد چوہدری اس سے قبل بھی مفتی منیب الرحمٰن اور رویت ہلال کمیٹی پر تنقید کرتے آئے ہیں۔

یہاں یہ بات بھی واضح رہے کہ اس سے قبل فواد چوہدری نے جو رمضان المبارک اور شوال کے چاند کی پیش گوئی کی تھی وہ مکمل ہوئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024