• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ماضی کی معروف اداکارہ صبیحہ خانم انتقال کر گئیں

شائع June 14, 2020
صبیحہ خانم نے وحید مراد کے ساتھ بھی فلموں میں کام کیا—اسکرین شاٹ
صبیحہ خانم نے وحید مراد کے ساتھ بھی فلموں میں کام کیا—اسکرین شاٹ

قیام پاکستان کے بعد سینما کی اسکرین پر فلمی شائقین کو محظوظ کرنے والی ماضی کی سپر ہیروئن اداکارہ صبیحہ خانم 85 سال کی عمر میں گردوں کے مرض کے باعث امریکا میں انتقال کر گئیں۔

صبیحہ خانم 1935 میں صوبہ پنجاب کے ضلع گجرات میں پیدا ہوئیں اور قیام پاکستان کے بعد انہیں پہلی سپر ہیروئن کا اعزاز حاصل ہوا۔

صبیحہ خانم کا پیدائشی نام مختار بیگم تھا اور انہوں نے فلمی کیریئر کا آغاز 1950 میں ریلیز ہونے والی فلم بیل سے کیا، ان کے ساتھ مستقبل میں ان کے شوہر بننے والے اداکار سید موسیٰ رضا المعروف سنتوش کمار نے بھی اسی فلم سے آغاز کیا۔

دونوں کی جوڑی کو پہلی ہی فلم میں سراہا گیا اور دونوں پاکستان کے پہلے سپر اسٹار کہلائے گئے اور ان کی جوڑی نے کئی سال تک سینما کے پردے پر راج کیا۔

یہ بھی پڑھیں: صبیحہ خانم کی کئی سال بعد فلمی تقریب میں شرکت

اور 1960 کی دہائی میں صبیحہ خانم پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف ترین اداکارہ تھیں، ان کے شوہر مرحوم سنتوش کمار کے ساتھ ان کی جوڑی لولی وڈ کی مشہور جوڑیوں میں سے ایک تھی۔

صبیحہ خانم کو 1986 میں حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

سن پچاس کے عشرے میں صبیحہ خاتم اور سنتوش کمار نے کئی فلموں میں اکٹھے کام کیا تھا مثلاً، غلام، رات کی بات، قاتل، انتقام، حمیدہ، سرفروش ،عشقِ لیلیٰ، وعدہ، سردار، سات لاکھ، حسرت، مکھڑا، دربار وغیرہ۔

اِن میں وعدہ اور سات لاکھ ایسی فلمیں ہیں جن کی شوٹنگ کے دوران صبیحہ خانم اور سنتوش کمار ایک دوسرے کے بہت قریب آ گئے اور بالآخر دونوں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

سنتوش کمار پہلے ہی شادی شدہ تھے لیکن جمیلہ نامی گھریلو خاتون نے ان کی دوسری شادی پر کوئی اعتراض نہ کیا اور آخری دم تک اْن کی دونوں شادیاں قائم و دائم رہیں۔

مزید پڑھیں: صبیحہ خانم اور سنتوش کمار کی محبت

زائد العمری اور بیماریوں کے باعث صبیحہ خانم نے اپنی سرگرمیوں کو محدود کردیا تھا تاہم پھر بھی وہ خصوصی تقاریب میں دکھائی دیتی تھیں۔

صبیحہ خانم اور سنتوش کمار کی جوڑی کو بہت سراہا جاتا تھا—فائل فوٹو: فیس بک
صبیحہ خانم اور سنتوش کمار کی جوڑی کو بہت سراہا جاتا تھا—فائل فوٹو: فیس بک

صبیحہ خانم کے شوہر سنتوش کمار جون 1982 کو چھپن سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے، جس کے چند سال بعد وہ اپنی اولاد کے ساتھ رہنےکے لیے امریکا منتقل ہوگئی تھیں۔

ریڈیو پاکستان نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ صبیحہ خانم گردے کے عارضے میں مبتلا تھیں اور وہ 85 سال کی عمر میں 13 جون کو انتقال کر گئیں۔

صبیحہ خانم کی وفات پر ان کی نواسی اداکارہ و ماڈل سارش خان نے بھی فیس بک پوسٹ کے ذریعے لوگوں کو آگاہ کیا۔

معروف اداکارہ کے انتقال پر متعدد اداکاروں اور سیاسی و سماجی شخصیات نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

صبیحہ خانم نے اداکاری کی بدولت متعدد ایوارڈز بھی جیتے—فائل فوٹو: فیس بک
صبیحہ خانم نے اداکاری کی بدولت متعدد ایوارڈز بھی جیتے—فائل فوٹو: فیس بک

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024