• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پاکستان میں کورونا کے مزید 6365 کیسز کا اضافہ، اموات 2663 ہوگئیں

شائع June 14, 2020 اپ ڈیٹ June 15, 2020

پاکستان میں کورونا وائرس ہر گزرتے دن کے ساتھ تیزی سے پھیل رہا ہے اور اب تک مصدقہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 42 ہزار 229 تک پہنچ گئی جبکہ 2 ہزار 663 لوگ وائرس سے انتقال کرگئے ہیں۔

سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج (14 جون) کی صبح تک ملک میں وائرس کے 6 ہزار 365 نئے کیسز اور 67 اموات بھی رپورٹ ہوئی ہیں۔

خیال رہے کہ ملک میں گزشتہ روز ایک دن کے سب سے زیادہ 6 ہزار 682 نئے کیسز سامنے آئے تھے جبکہ اموات کا اضافہ 101 تک رہا تھا۔

ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو کراچی میں سامنے آیا جس کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے یہ وائرس پورے ملک میں پھیل گیا۔

ابتدا میں اس وائرس کا پھیلاؤ کم تھا تاہم جوں جوں وقت گزرتا گیا اور اسٹینڈر آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پیز) کی خلاف ورزیاں سامنے آئیں ان کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور اب یومیہ ہزاروں نئے کیسز سامنے آرہے ہیں۔

ملک میں فروری کے آخر سے مارچ کی 31 تاریخ تک تقریباً 2 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے تھے جبکہ 26 اموات ہوئیں تھیں۔

اپریل کے مہینے میں یہ تعداد بڑھنا شروع ہوئی اور آخر تک ساڑھے 16 ہزار سے زائد کیسز اور 385 اموات تک پہنچ گئی تاہم مئی کے مہینے میں صورتحال کافی تبدیل ہوگئی اور مجموعی کیسز 71 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ اموات بھی 1500 سے بڑھ گئیں۔

جون کے ابتدائی 13 روز میں صورتحال مزید تشویش ناک رہی اور اس عرصے میں 64 ہزار سے زائد نئے کیسز اور ایک ہزار سے اموات رپورٹ ہوئیں۔

آج (14 جون) کو بھی ملک میں نئے کیسز اور اموات کا اضافہ ہوا جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد بھی بڑھ گئی۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 287 نئے کیسز اور 15 اموات کا اضافہ ہوا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11 ہزار 197 ٹیسٹس کیے گئے جس میں سے 2 ہزار 287 مثبت آئے جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 53 ہزار 805 ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں 15 افراد زندگی کی بازی بھی ہار گئے جس کے بعد یہ تعداد 831 تک پہنچ گئی۔

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ 573 مریضوں کی حالت تشویشانک ہے جبکہ 80 وینٹی لیٹرز پر ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 219 مریض صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

پنجاب

پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 2514 نئے کیسز اور 31 اموات کا اضافہ ہوا۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے کے لیے بنائی گئی ویب سائٹ کے مطابق صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2514 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد مجموعی تعداد 52 ہزار 601 تک پہنچ گئی۔

اسی طرح وہاں مزید 31 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس سے یہ تعداد 938 سے بڑھ کر 969 ہوگئی۔

اسلام آباد

وہیں اسلام آباد میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور آج اب تک 771 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ 4 افراد زندگی کی بازی بھی ہار گئے۔

اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 771 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی جس کے ساتھ ہی یہ تعداد 7 ہزار 163 سے بڑھ کر 7 ہزار 934 ہوگئی۔

مزید یہ اس کے علاوہ 4 افراد کا انتقال بھی ہوا جس سے اموات کی مجموعی تعداد 71 سے بڑھ کر 75 تک پہنچ گئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 563 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 18013 ہوگئی۔

صوبے میں وبا سے مزید 14 افراد دم توڑ گئے جس کے بعد خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد 675 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان کی رپورٹ میں کورونا کے مزید 149 کیسز کی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 8177 ہوگئی۔

رپورٹ میں مزید 2 مریضوں کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 85 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے مزید 51 نئے کیسز سامنے آئے۔

جس کے بعد وہاں اس سے متاثر ہونے والے مجموعی کیسز کی تعداد ایک ہزار 44 سے بڑھ کر ایک ہزار 95 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

علاوہ ازیں آزاد کشمیر میں بھی کیسز کی تعداد روز بروز بڑھ رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں وہاں مزید 30 افراد وائرس سے متاثر ہوئے۔

اگرچہ آزاد کشمیر اس وقت وائرس سے سب سے کم متاثر علاقہ ہے تاہم ان نئے کیسز کے بعد وہاں مجموعی تعداد 574 سے بڑھ کر 604 تک پہنچ گئی۔

اس کے علاوہ ایک اور فرد اس وائرس سے زندگی کی بازی ہار گیا اور یہ تعداد 11 سے بڑھ کر 12 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

دریں اثنا ملک میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1679 افراد صحتیاب ہوگئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں صحتیاب ہونے والے ان افراد کے بعد اب تک مجموعی طور پر 50 ہزار 56 سے بڑھ کر 51 ہزار 735 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 142229

اموات: 2663

صحتیاب: 51735

فعال کیسز: 87831

اس وقت صوبہ سندھ میں کیسز کی تعداد 53 ہزار 805 ہے جبکہ صوبہ پنجاب میں یہ تعداد 52 ہزار 601 ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 18 ہزار 13 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 8 ہزار 177 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 7 ہزار 934، گلگت بلتستان میں 1095 اور آزاد کشمیر 604 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 969

سندھ: 831

خیبرپختونخوا: 675

بلوچستان: 85

اسلام آباد: 75

گلگت بلتستان: 16

آزاد کشمیر: 12


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک سوا لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1500 سے تجاوز کرگئی تھی۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024