• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

اداکارہ و ٹی وی میزبان عائشہ ثنا کے خلاف فراڈ کا مقدمہ؟

شائع June 13, 2020
اداکارہ نے تاحال اس حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے تاحال اس حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

معروف اداکارہ و ٹی وی میزبان عائشہ ثنا یوں تو گزشتہ کچھ عرصے سے ٹی وی اسکرین پر غائب ہیں، تاہم اب ان کے حوالے سے خبر سامنے آئی ہے کہ ان کے خلاف فراڈ کا مقدمہ دائر کرادیا گیا۔

انگریزی اخبار دی نیوز کی رپورٹ کے مطابق عائشہ ثنا کے خلاف پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے ڈیفینس کے بی پولیس اسٹیشن میں ایک صنعت کار کی جانب سے فرسٹ انویسٹی گیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کروادی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایف آئی آر صنعت کار محمد علی معین کی جانب سے درج کروائی گئی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ اداکارہ نے انہیں ادھار پر لیے گئے 20 لاکھ روپے کی رقم واپس نہیں کی۔

متعدد میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ نے 2 کروڑ کا فراڈ کیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
متعدد میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ نے 2 کروڑ کا فراڈ کیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

رپورٹ کے مطابق ایف آئی آر میں درخواست گزار نے الزام عائد کیا کہ ادھار دیے گئے 20 لاکھ روپے واپس مانگنے پر اداکارہ فرار ہوگئیں اور انہیں پیسے بھی واپس نہیں کیے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی ماڈلز کا عائشہ ثنا کی ویڈیو کا ڈب میش

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایف آئی آر میں درج ہے کہ اداکارہ نے صنعت کار کو پیسوں کی واپسی کے لیے 20 لاکھ روپے کا چیک بھی دیا تھا۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ معاملے کی تفتیش کرنے والے پولیس افسر نے بتایا کہ ایف آئی آر درج ہونے کے بعد اداکارہ لاپتا ہیں اور وہ تاحال پولیس کے سامنے بھی پیش نہیں ہوئیں۔

دوسری جانب فراڈ کی خبریں سامنے آنے کے بعد اداکارہ عائشہ ثنا کا کوئی وضاحتی بیان سامنے نہیں آیا۔

عائشہ ثنا میزبانی بھی کرتی دکھائی دیتی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
عائشہ ثنا میزبانی بھی کرتی دکھائی دیتی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

علاوہ ازیں ان کے فراڈ کے حوالے سے میڈیا میں چلنے والی خبروں میں یہ دعوے بھی کیے جا رہے ہیں کہ اداکارہ نے ایف آئی آر درج کروانے والے صنعت کار کے علاوہ دیگر افراد کے ساتھ بھی پیسوں کا فراڈ کیا ہے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ اداکارہ نے فراڈ کے ذریعے کم از کم 2 کروڑ روپے ہتھیا لیے، تاہم ایسی رپورٹس میں کوئی مستند ثبوت فراہم نہیں کیا گیا اور نہ ہی اس حوالے سے اداکارہ یا پولیس کا مؤقف بھی شامل کیا گیا۔

اداکارہ کی جانب سے پیسوں کے فراڈ کی یہ خبر ایک ایسے وقت میں آئی ہے جب اداکارہ کو گزشتہ کچھ عرصے سے ٹی وی اسکرین پر نہیں دیکھا گیا۔

عائشہ ثنا نہ صرف ماڈلنگ و اداکاری کرتی دکھائی دیتی ہیں بلکہ وہ ٹی وی پروگرام سمیت دیگر تقریبات میں میزبانی کے فرائض بھی سر انجام دے چکی ہیں۔

انہوں نے ایک درجن سے زائد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جب کہ وہ ٹی وی چینلز پر پروگرامات کی میزبانی بھی کرتی دکھائی دی ہیں۔

اداکارہ نے تاحال فراڈ کی خبروں پر رد عمل نہیں دیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے تاحال فراڈ کی خبروں پر رد عمل نہیں دیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024