• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

عامر اور حارث سہیل کی ذاتی وجوہات کے سبب دورہ انگلینڈ سے معذرت

شائع June 11, 2020 اپ ڈیٹ June 24, 2020
حارث سہیل نے ممکنہ طور پر فیملی کے تحفظات کے سبب دورہ انگلینڈ سے انکار کیا— فائل فوٹو: ا ے ایف پی
حارث سہیل نے ممکنہ طور پر فیملی کے تحفظات کے سبب دورہ انگلینڈ سے انکار کیا— فائل فوٹو: ا ے ایف پی

قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر اور مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل نے دورہ انگلینڈ کے لیے دستیابی سے معذرت کر لی ہے اور حارث سہیل کی دستبرداری کے بعد فوادعالم کو اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

پاکستانی ٹیم کا رواں سال اگست ستمبر میں دورہ انگلینڈ شیڈول ہے جس میں 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی20 میچز کھیلے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: یونس خان دورہ انگلینڈ کیلئے قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ مقرر

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے میں دونوں کھلاڑیوں کی دورہ انگلینڈ کے لیے عدم دستیابی سے آگاہ کردیا۔

پی سی بی نے کہا کہ فاسٹ باؤلر محمد عامر اور مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل نے نجی مصروفیات کی بنا پر دورہ انگلینڈ پر روانگی سے معذرت کرلی۔

محمد عامر کے ہاں اگست میں بچے کی پیدائش متوقع ہے جبکہ حارث سہیل نے فیملی وجوہات کی بنا پر دورے سے معذرت کی۔

پی سی بی نے دور انگلینڈ پر 28 کھلاڑیوں اور 14 پلیئر سپورٹ اسٹاف پر مبنی بڑے دستے کو انگلینڈ بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کرکٹ میں تھوک سے گیند چمکانے پر پابندی، متبادل کھلاڑی بھی متعارف

بورڈ نے کہا کہ سیریز کے لیے پاکستان کے اسکواڈ کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث کرکٹ سمیت دنیا بھر کے کھیلوں کی سرگرمیاں بند ہیں۔

پاکستان ٹیم نے آخری مرتبہ پاکستان سپر لیگ میں شرکت کی تھی لیکن وائرس کی وجہ سے ایونٹ کو درمیان میں ہی روک دیا گیا تھا اور پلے آف مقابلے نہیں ہو پائے تھے۔

رواں ماہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز سے کرکٹ کے سونے میدان پھر آباد ہوں گے اور کورونا کے سبب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نئے قوانین بھی متعارف کرا دیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: ویسٹ انڈیز کے 3 کھلاڑی کورونا کے باعث دورہ انگلینڈ سے دستبردار

عامر کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع ہے جس کی وجہ سے وہ عمومی حالات میں بھی انگلینڈ کا دورہ نہیں کرتے لیکن حارث سہیل نے ممکنہ طور پر وائرس کے خوف کے پیش نظر دورے پر جانے سے معذرت کر لی ہے۔

ذرائع کے مطابق حارث سہیل نے کورونا کے خوف کی وجہ سے اپنے اہلخانہ کے اصرار پر دورہ انگلینڈ سے معذرت کی۔

باوثوق ذرائع نے مزید بتایا کہ حارث سہیل اور ان کی فیملی کورونا وائرس کے خوف کی وجہ سے حارث کے ٹیم کے ساتھ جانے کے حق میں نہیں تھے۔

قومی ٹیم کے بلے باز اب تک وائرس سے محفوظ اور وہ اور ان کے اہلخانہ بالکل صحتیاب ہیں لیکن کورونا کے خوف کی وجہ سے حارث نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے انگلینڈ نہ جانے کا فیصلہ کیا۔

دوسری جانب حارث سہیل کی دستبرداری کےبعد ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے انبار لگانے کے باوجود ایک عرصے سے نظر انداز فواد عالم کو اسکواڈ اور الیون میں موقع دیے جانے کا قوی امکان ہے۔

یاد رہے کہ دورہ انگلینڈ کے لیے ویسٹ انڈین بلے باز شیمرون ہیٹمائیر، ڈیرن براوو اور آل راؤنڈر کیمو پاؤل نے 25 رکنی اسکواڈ کا حصہ نہ بننے کا اعلان کیا تھا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلے ہی اعلان کردیا تھا کہ کھلاڑیوں کی صحت اولین ترجیح ہے اور وہ کسی بھی کھلاڑی پر دورہ انگلینڈ کے لیے دباؤ نہیں ڈالیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024