• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

کورونا وبا: ملک میں 6321 ریکارڈ نئے کیسز، متاثرین ایک لاکھ 23 ہزار سے زائد

شائع June 11, 2020 اپ ڈیٹ June 12, 2020
ملک میں کورونا کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے—فائل فوٹو: اے پی
ملک میں کورونا کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے—فائل فوٹو: اے پی

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور آج آنے والے نئے کیسز کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 23 ہزار 493 جبکہ اموات 2 ہزار 409 ہوگئیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں آج ابھی تک 6 ہزار 321 کیسز اور 92 اموات کا اضافہ ہوا۔

گزشتہ روز ملک میں ایک روز کے اب تک کے ریکارڈ 6 ہزار 343 نئے کیسز اور 101 اموات کا اضافہ ہوا، ملک میں یہ مسلسل دوسرا روز تھا جب اموات کی تعداد میں 100 سے زائد کا اضافہ دیکھا گیا۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال تشویشن ناک ہورہی ہے اور سیکڑوں میں آنے والے کیسز ہزاروں میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اموات بھی اسی شرح سے بڑھ رہی ہے۔

ملک میں 26 فروری 2020 کو کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جبکہ 18 مارچ کو اس وبا سے پہلی موت کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد مارچ کے آخر تک کیسز کی تعداد 2 ہزار کے لگ بھگ تھی جبکہ اموات 26 تک پہنچی تھیں۔

اپریل میں کیسز کی تعداد بڑھنا شروع ہوئی اور اسی ماہ کے آخر تک یہ ساڑھے 16 ہزار تک پہنچ گئی جبکہ اموات 385 ہوگئیں۔

تاہم مئی کے مہینے میں صورتحال یکسر تبدیل ہوگئی اور ایک ماہ کے دوران 54 ہزار سے زائد کیسز اور 1100 سے زائد اموات کا اضافہ ہوا اور مجموعی کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں۔

جون کے مہینے میں بھی صورتحال کچھ تبدیل نظر نہیں آرہی اور صرف ابتدائی 10 روز کے دوران تقریباً 46 ہزار کیسز اور 800 اموات سامنے آچکی ہیں۔

آج (11 جون) کو بھی ملک میں نئے کیسز اور اموات کا اضافہ ہوا تاہم سیکڑوں مریض صحتیاب بھی ہوگئے۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے ایک روز کے اب تک کے ریکارڈ 3 ہزار سے زائد کیس سامنے آگئے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 10 ہزار 88 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 3 ہزار 38 کے نتائج مثبت آئے، جس کے بعد مجموعی تعداد 46 ہزار 828 تک پہنچ گئی۔

انہوں نے بتایا کہ ان 3 ہزار 38 کیسز میں سے 2 ہزار 145 کیسز کراچی میں سامنے آئے۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں وائرس سے 38 اموات بھی ہوئیں جس سے یہ تعداد 776 تک پہنچ گئیں۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 2003 نئے کیسز اور 34 اموات کا اضافہ ہوا۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 45 ہزار 463 ہوگئی۔

مزید یہ کہ صوبے میں کورونا وائرس سے 34 اموات رپورٹ بھی ہوئیں جس سے یہ تعداد 807 سے بڑھ کر 841 ہوگئی۔

اسلام آباد

ادھر اسلام آباد میں بھی کورونا وائرس کے مزید 273 نئے کیسز اور 5 اموات رپورٹ ہوئیں۔

اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آئے ان کیسز کے بعد مجموعی تعداد 5 ہزار 963 سے بڑھ کر 6 ہزار 236 ہوگئی۔

اس کے علاوہ 24 گھنٹوں میں اسلام آباد میں مزید 5 افراد کا انتقال ہوا جس کے بعد یہ تعداد 57 سے بڑھ کر 62 ہوگئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 581 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 15 ہزار 787 ہوگئی۔

صوبے میں مزید 13 اموات کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد یہاں جاں بحق مریضوں کی تعداد 632 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان کے ترجمان نے وائرس کے مزید 338 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 7673 ہوگئی۔

صوبے میں مزید 2 مریض کورونا کے باعث جاں بحق ہوئے جس کے بعد بلوچستان میں اموات کی تعداد 75 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

دوسری جانب گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے 44 نئے مریض سامنے آگئے، جس کے ساتھ ہی کیسز ایک ہزار سے تجاوز کرگئے۔

گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ان نئے مریضوں کے سامنے آنے کے بعد مجموعی کیسز 974 سے بڑھ کر ایک ہزار 18 تک جا پہنچے۔

آزاد کشمیر

مزید برآں آزاد کشمیر جو اس وائرس سے اب تک سب سے کم متاثر ہے وہاں بھی مزید 44 افراد اس وائرس کا شکار ہوگئے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے ان نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 488 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

تاہم ملک میں ان نئے کیسز کے باوجود جو چیز مریضوں کے لیے حوصلہ افزا ہے وہ لوگوں کا جلد صحتیاب ہونا ہے۔

ملک میں اس وقت کورونا وائرس سے ایک بڑی تعداد شفا پاچکی ہے اور اس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 83 نئے لوگوں کا اضافہ ہوا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ان افراد نے کورونا وائرس کو شکست دی جس کے بعد مجموعی تعداد 36 ہزار 308 سے بڑھ کر 38 ہزار 391 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 123493

اموات: 2409

صحتیاب: 38391

فعال کیسز: 82693

اس وقت صوبہ سندھ میں کیسز کی تعداد 46 ہزار 828 ہے جبکہ صوبہ پنجاب میں یہ تعداد 45 ہزار 463 ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 15 ہزار 787 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 7 ہزار 673 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 6 ہزار 236، گلگت بلتستان میں 1018 اور آزاد کشمیر 488 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 841

سندھ: 776

خیبرپختونخوا: 632

بلوچستان: 75

اسلام آباد: 62

گلگت بلتستان: 14

آزاد کشمیر: 09


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1500 سے تجاوز کرگئی تھی۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024