• KHI: Zuhr 12:22pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:58am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:22pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:58am Asr 3:22pm

'خانہ کعبہ میں اذان دینا زندگی کی سب سے بڑی خواہش ہے'

شائع June 10, 2020
عاطف اسلم — اسکرین شاٹ
عاطف اسلم — اسکرین شاٹ

پاکستان کے مقبول ترین گلوکار عاطف اسلم نے کہا ہے کہ ان کی زندگی کی سب سے بڑی خواہش خانہ کعبہ میں اذان دینا ہے۔

نجی چینل 'جیو نیوز' کے پروگرام 'کپیٹل ٹاک' میں بات کرتے ہوئے گلوکار نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ 'خانہ کعبہ میں اذان دینا زندگی کی سب سے بڑی خواہش ہے، جو شخص میری سفارش کردے، زندگی بھر اس کے لیے کام کروں گا'۔

حال ہی میں عاطف اسلم نے اذان کی ایک ویڈیو جاری کی تھی جو پاکستان بھر میں وائرل ہوئی تھی، اس کے بارے میں گلوکار نے کہا کہ 'میں نے سنا ہے کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عہد میں لوگ چھتوں پر جاکر اذان دیتے تھے، وہاں سے یہ خیال مجھے آیا اور میں نے مزید سوچے بغیر اس پر عمل کیا'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'ریکارڈنگ سے ایک دن قبل میں رات بھر سو نہیں سکا، ان جذبات کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں، میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ اللہ کی مہربانی سے مجھے ایسا موقع مل سکے گا'۔

ان سے جب پوچھا گیا کہ ان کے مداح سوچ رہے ہیں کہ وہ موسیقی کی دنیا کو خیرباد کہہ رہے ہیں تو عاطف اسلم نے کہا 'موسیقی کی صنعت کو چھوڑنے کا موضوع ذاتی ہے، مگر میں دنیا کے ساتھ مذہب کو لے کر چلنا چاہتا ہوں، میں یہ نہیں کہہ رہا کہ میں موسیقی کو مکمل طور پر چھوڑ دوں گا، مگر میں یہ ضرور چاہتا ہوں کہ دین کے اہم پہلوؤں جیسے اللہ تعالیٰ کے اسمائے حسنیٰ اور تاجدار حرم کو اجاگر کروں'۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ خوش ہیں کہ نوجوان صرف ان کے گانے ہی نہیں بلکہ ان چیزوں پر بھی توجہ دے رہے ہیں، مگر وہ ابھی موسیقی کو الوداع نہیں کہہ رہے۔

عاطف اسلم کا کہنا تھا کہ 'زندگی میں ہم بہت کچھ کرتے ہیں، کچھ اچھے کام ہوتے ہیں کچھ برے، میں خوش قسمت ہوں کہ تاجدار حرم پرفارم کرسکا اور میں خود کو بہت زیادہ خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ مجھے اسما الحسنی کا موقع ملا، میں ان جذبات کی وضاحت نہیں کرسکتا جب میں نے اللہ کے ناموں کو ادا کیا'۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کوک اسٹوڈیو نے معروف گلوکار عاطف اسلم کی آواز میں اسما الحسنیٰ کی ویڈیو جاری کی تھی۔

کوک اسٹوڈیو نے ماضی میں بھی عاطف اسلم سمیت دیگر گلوکاروں کی آوازوں میں نہ صرف حمد باری تعالیٰ جاری کی ہیں بلکہ منفرد انداز میں پڑھی گئی نعتیں بھی جاری کی ہیں جنہوں نے مداحوں کے دل جیتے۔

گزشتہ سال کوک اسٹوڈیو کے بارہویں سیزن کا آغاز ہی عاطف اسلم کی جانب سے پڑھی گئی مقبول حمد ’’وہی خدا ہے‘‘ سے کیا گیا تھا۔

2015 میں کوک اسٹوڈیو کے آٹھویں سیزن میں بھی عاطف اسلم نے 'تاجدار حرم' قوالی کو منفرد انداز میں گاکر مداحوں کے دل جیت لیے تھے۔

عاطف اسلم کی جانب سے اذان دینے پر بھی ان کی تعریفیں کی گئی تھیں، گلوکار کی آواز میں اذان کی ویڈیو اپریل 2020 میں سامنے آئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2024
کارٹون : 3 دسمبر 2024