کورونا کے بارے میں خوف پیدا کیا جارہا ہے، مولانا فضل الرحمٰن
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ کورونا کی صورت حال میں بھی عوام کو ریلیف نہیں دیا جارہا ہے، ایک طرف 25 ارب کا واویلا دوسری جانب ہزاروں روپے ٹیسٹ کی بنیاد پر لیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے حوالے سے خوف پیدا کیا جارہا ہے، اگر آپ خوف پیدا کریں گے تو اس سے مدافعتی نظام کمزور ہوجائے گا اور اس وبا کا مقابلہ نہیں ہوسکے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ عجیب سی صورت حال پیدا کی گئی ہے اور اموات میں مبالغہ پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، دل، گردے، جگر کے مریضوں کو بھی کورونا کے کھاتے میں ڈالا جارہا ہے، معلوم نہیں کن مقاصد کے لیے یہ فضا پیدا کی جارہی ہے۔
کورنا وائرس سے متعلق اقدامات پر ان کا کہنا تھا کہ میت کو لواحقین کے حوالے نہیں کیا جارہا، لاش کی بے حرمتی کی جارہی ہے، میت کا احترام لازم ہے۔
انہوں نے کہا کہ شریعت کے مطابق جنازہ ادا کیا جائے اور خوف پھیلانے سے گریز کیا جائے۔
خبر کی مزید تفصیل یہاں پڑھیں۔