• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کورونا وائرس: ملک میں ریکارڈ 6 ہزار سے زائد نئے کیسز، متاثرین ایک لاکھ 17 ہزار سے متجاوز

شائع June 10, 2020 اپ ڈیٹ June 11, 2020
پاکستان میں کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا خطرناک صورتحال اختیار کر رہی ہے اور یومیہ ہزاروں کی تعداد میں کیسز اور درجنوں اموات سامنے آرہی ہیں۔

ملک میں اس وقت ابھی تک کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 17 ہزار 172 ہوچکی ہے جبکہ اموات 2 ہزار 317 تک جاپہنچی ہیں۔

آج ابھی تک سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 6 ہزار 343 ہے جبکہ 94 اموات کا اضافہ بھی ہوا ہے، تاہم بلوچستان کے محکمہ صحت کی جانب سے 7 اموات کی گزشتہ اعداد و شمار میں ایڈجسمنٹ کی گئی جس کے بعد ایک روز میں مجموعی اموات میں 101 کا اضافہ دیکھا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی پاکستان میں تقریباً 5 ہزار کیسز اور ریکارڈ 104 اموات سامنے آئی تھیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو کراچی میں سامنے آیا تھا جس کے بعد یہ وبا آہستہ آہستہ پورے ملک میں پھیل گئی تاہم اس سے اس وقت سب سے زیادہ متاثر شہر کراچی ہی ہے۔

صرف کراچی میں ہی اس وقت 33 ہزار سے زائد کیسز اور 575 سے زیادہ اموات ہوچکی ہیں جو اب تک ملک کے کسی بھی شہر کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

نہ صرف کراچی بلکہ اس وائرس سے پورا ملک بری طرح متاثر ہے اور لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد لوگوں کی جانب سے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر پر عمل نہ کرنے سے وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

یہاں یہ واضح رہے کہ گزشتہ روز عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بھی پاکستان کو خبردار کیا تھا کہ وہ کورونا وائرس کے عدم پھیلاؤ کے لیے نافذ لاک ڈاؤن میں مکمل نرمی سے گریز کرے کیونکہ وہ ان 6 شرائط (نکات) میں سے کسی ایک پر بھی پورا نہیں اترتا جو احتیاطی تدابیر سے متعلق ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کے بعد مختلف پابندیاں لگائی گئی تھیں جو بعد ازاں لاک ڈاؤن میں تبدیل کردی گئی تھی، جس کے بعد تقریباً ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصے تک یہ سلسلہ جاری رہا تھا اور پھر اس سے پڑنے والے معاشی اثرات کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے 9 مئی سے اس میں مرحلہ وار نرمی کا اعلان کیا گیا۔

اگر ملک میں اس دوران کیسز کا جائزہ لیں تو فروری سے مارچ کے آخر تک تقریباً 2 ہزار کیسز اور 26 اموات تھیں، جو اپریل کے مہینے میں بڑھ کر 385 تک پہنچ گئیں جبکہ کیسز کی تعداد ساڑھے 16 سے تجاوز کرگئی۔

تاہم مئی کے مہینے میں صورتحل یکسر تبدیل ہوگئی اور ایک ماہ کے دوران 54 ہزار سے زائد کیسز اور 1100 سے زائد اموات ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد کیسز 71 ہزار اور اموات 1500 بڑھ گئیں۔

جون کے مہینے میں بھی یہ سلسلہ جاری ہے اور صرف ابتدائی 9 روز میں تقریباً 40 ہزار کے قریب نئے کیسز اور 700 کے لگ بھگ اموات کا اضافہ ہوا ہے۔

آج (10 جون) کو بھی کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اموات سامنے آنے کا سلسلہ جاری رہا جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ گئی۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے ایک روز کے ریکارڈ کیسز اور اموات کا اضافہ ہوا اور صوبے میں پہلی مرتبہ ایک روز میں 2 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 9 ہزار 100 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 2 ہزار 487 ٹیسٹ مثبت آئے اور اس طرح مجموعی کیسز کی تعداد 43 ہزار 790 تک پہنچ گئی۔

اس کے علاوہ صوبے میں ایک روز میں سب سے زیادہ 42 اموات بھی رپورٹ ہوئیں اور اس سے مجموعی تعداد 738 تک پہنچ گئیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں 493 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جس میں سے 77 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

پنجاب

ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں ایک روز میں ریکارڈ 2 ہزار 641 نئے کیسز اور 34 اموات کا اضافہ ہوا۔

سرکاری سطح پر قائم ویب سائٹ کے مطابق صوبے میں ان 2 ہزار 641 نئے کیسز کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 43 ہزار 460 ہوگئی۔

اسی طرح یہ بھی بتایا گیا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 34 اموات کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد 807 تک جاپہنچی۔

بلوچستان

بلوچستان کے محکمہ صحت نے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 304 کیسز اور 4 اموات کی تصدیق کی۔

سرکاری اعداد وشمار کے مطابق نئے کیسز کے بعد صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 7 ہزار 335 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں مزید 4 مریض دم توڑ گئے

تاہم اموات میں گزشتہ ماہ کی 7 اموات کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد مجموعی تعداد 73 ہوچکی ہے۔

اسلام آباد

ادھر اسلام آباد میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں حالیہ دنوں کے مقابلے میں کچھ کمی دیکھی گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وفاقی دارالحکومت میں اس وائرس سے مزید 178 لوگ متاثر ہوئے، تاہم 5 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

اس طرح اسلام آباد میں اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد 5 ہزار 785 سے بڑھ کر 5 ہزار 963 ہوگئی جبکہ اموات 52 سے بڑھ کر 57 تک پہنچ گئیں۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے مزید 679 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 15 ہزار 206 ہوگئی۔

کورونا سے پشاور میں مزید 5، ایبٹ آباد میں 2 جبکہ اپر دیر اور کرک میں ایک، ایک مریض دم توڑ گیا۔

اس اضافے کے بعد صوبے میں وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 619 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

وہی گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 22 نئے کیسز کا اضافہ ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں سامنے آنے والے ان 22 کیسز کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 952 سے بڑھ کر 974 تک جا پہنچی۔

آزاد کشمیر

علاوہ ازیں آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس سے مزید نئے لوگ متاثر ہوگئے۔

اعدا و شمار کے مطابق آزاد کشمیر جو اب تک وائرس سے سب سے کم متاثر ہے وہاں 32 نئے مریض سامنے آگئے، جس کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد 412 سے بڑھ کر 444 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

تاہم ملک میں جہاں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا وہیں صحتیاب افراد کی تعداد بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1290 مریض ایسے تھے جنہوں نے اس وائرس کو شکست دی اور مکمل صحتیاب ہوئے۔

جس کے بعد اب تک ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 35 ہزار 18 سے لے کر 36 ہزار 308 تک پہنچ گئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 117172

اموات: 2317

صحتیاب: 36308

فعال کیسز: 78547

اس وقت پاکستان میں سندھ میں کیسز کی تعداد 43 ہزار 790 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 43 ہزار 460 ہے۔

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 15 ہزار 206 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 7 ہزار 335 ہے۔

علاوہ ازیں اسلام آباد میں 5 ہزار 963، گلگت بلتستان میں 974ماور آزاد کشمیر 444 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 807

سندھ: 738

خیبرپختونخوا: 619

بلوچستان: 73

اسلام آباد: 57

گلگت بلتستان: 14

آزاد کشمیر: 09


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1500 سے تجاوز کرگئی تھی۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024