فلم 'قائداعظم زندہ باد' کی پہلی جھلک کے چرچے
فلم ساز نبیل قریشی نے رواں برس فروری میں اس بات کی تصدیق کی تھی کہ ان کی فلم 'قائداعظم زندہ باد' کی شوٹنگ مکمل کرلی گئی۔
'قائداعظم زندہ باد' میں فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان مرکزی کرداروں میں دکھائی دیں گے، اس فلم کی شوٹنگ اگست 2019 کے بعد شروع کی گئی تھی۔
ماہرہ خان اس فلم میں پہلی مرتبہ اداکار فہد مصطفیٰ کے ہمراہ کام کرتی نظر آئیں گی۔
'قائداعظم زندہ باد' کی کہانی ایکشن اور کامیڈی پر مبنی ہے، جو ایک پولیس اہلکار کے کردار کے گرد گھومتی ہے۔ یہ نبیل قریشی اور فضا علی میرزا کی پانچویں فلم ہے، اس سے قبل سامنے آئی چاروں فلموں 'نامعلوم افراد'، 'ایکٹر ان لا'، 'نامعلوم افراد 2' اور 'لوڈ ویڈنگ' میں فہد مصطفیٰ نے ہی مرکزی کردار نبھایا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ماہرہ خان 'قائداعظم زندہ باد' میں فہد مصطفیٰ کی ہیروئن
فلم کی شوٹنگ مکمل ہونے پر اداکار فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان نے فلم کی شوٹنگ کی ایک ایک جھلک شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو فلم کا انتظار کرنے کا کہا تھا۔
اور اب فلم ساز نبیل قریشی نے فلم کی پہلی جھلک جاری کرتے ہوئے اس کا پرومو فوٹو شیئر کردیا۔
نبیل قریشی نے ٹوئٹ میں 'قائداعظم زندہ باد' کا ٹیزر پوسٹر جاری کیا، جسے دیکھتے ہی مداحوں نے اس کی تعریف کی۔
مزید پڑھیں: ماہرہ اور فہد کی 'قائداعظم زندہ باد' کی شوٹنگ مکمل
پوسٹ میں قائد اعظم زندہ باد انگریزی میں لکھا ہوا ہے جب کہ دیوار پر آویزاں فریم میں ہزاروں کے نوٹوں کو ربڑ میں لپیٹے ہوئے دکھایا گیا ہے مگر ان نوٹوں میں قائد اعظم کی تصویر صاف نظر آ رہی ہے۔
ٹیزر پوسٹر کو شیئر کرتے ہوئے فلم ساز نے سوال کیا کہ کبھی سوچا ہے کہ نوٹ پر قائد اعظم کی تصویر کیوں ہے؟
ٹیزر پوسٹر پر درجنوں افراد نے کمنٹس کیے اور فلم کی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان کی پہلی ایکشن کامیڈی فلم کو کب تک ریلیز کیا جائے گا، اس کا اعلان نہیں کیا گیا۔