کورونا وبا: سندھ، پنجاب کے کیسز 40 ہزار سے زائد، ریکارڈ 104 اموات سامنے آگئیں
دنیا بھر میں 71 لاکھ سے زائد افراد کو متاثر اور 4 لاکھ سے زیادہ اموات کا سبب بننے والا مہلک نوول کورونا وائرس پاکستان میں بھی تشویشناک صورتحال اختیار کر رہا ہے اور یومیہ ہزاروں کی تعداد میں کیسز اور درجنوں اموات ہورہی ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ابھی تک کورونا وائرس کے ایک لاکھ 10 ہزار 829 مصدقہ کیسز ہیں جس میں سے 2 ہزار 216 کا انتقال ہوچکا ہے۔
آج ابھی تک ملک میں 4 ہزار 920 نئے کیسز اور ریکارڈ 104 اموات بھی رپورٹ کی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری جبکہ پہلی موت 18 مارچ کو سامنے آئی تھی جس کے بعد اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے اور پابندیاں اور لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا جو بعد ازاں نرم کردیا گیا اور اب تقریباً بعض شعبوں کے علاوہ تمام کاروبار کھلا ہوا ہے۔
تاہم اس پورے عرصے کے دوران کورونا کیسز کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوا اور 3 ماہ سے زائد کے وقت میں یہ کیسز ایک لاکھ سے تجاوز کرگئے جبکہ اموات بھی 2 ہزار سے بڑھ گئیں جو تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتی ہیں۔
پاکستان میں پہلے کیس سے لے کر 31 مارچ تک کیسز کی تعداد لگ بھگ 2 ہزار تھی جبکہ 26 اموات ہوئیں تھیں، اس کے بعد اپریل میں یہ کیسز کی تعداد ساڑھے 16 ہزار تک گئی اور اموات 385 تک جا پہنچیں۔
تاہم مئی میں صورتحال مکمل تبدیل ہوئی اور ایک ماہ میں 54 ہزار سے زائد کیسز سے مجموعی تعداد 71 ہزار اور 1100 سے زائد اموات سے یہ تعداد 1500 کا ہندسہ عبور کر گئی۔
اس کے بعد جون کے مہینے میں بھی کافی تیزی دیکھنے میں آئی اور ابتدائی 8 روز میں 35 ہزار سے زائد کیسز اور 600 سے زیادہ اموات کا اضافہ ہوا۔
آج (9 جون) کو بھی ملک کے مختلف حصوں میں کیسز کی تعداد بڑھی جبکہ اموات کی تعداد بھی بھی اضافہ دیکھا گیا تاہم صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ گئی۔
سندھ
سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 1748 نئے کیسز اور 17 اموات کا اضافہ ہوا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان نئے کیسز کے بعد اب تک کی مجموعی تعداد 41 ہزار 303 ہوگئی ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ نئے کیسز گزشتہ 24 گھںٹوں میں ہونے والے 6995 ٹیسٹس کا 25 فیصد ہیں۔
مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں اب تک 2 لاکھ 46 ہزار 517 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ 24 گھنٹوں میں مزید 17 اموات بھی ہوئیں جس سے یہ تعداد 696 تک پہنچ گئی۔
پنجاب
صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 1916 نئے مریضوں کا اضافہ ہوا جبکہ ایک روز کی ریکارڈ 58 اموات ہوئیں۔
سرکاری اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق صوبے میں 1916 نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 40 ہزار 819 تک پہنچ گئی۔
اس کے علاوہ صوبے میں ایک روز میں ریکارڈ 58 اموات بھی ہوئیں جس کے بعد مجموعی تعداد 773 تک پہنچ گئی۔
اسلام آباد
اسی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں وہاں 456 نئے کیسز کی تصدیق ی گئی۔
جس کے بعد اب تک علاقے میں متاثرہ افراد کی تعداد 5 ہزار 329 سے بڑھ کر 5 ہزار 785 ہوگئی۔
خیبر پختونخوا
محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے مطابق کورونا کے مزید 521 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 14527 ہوگئی۔
صوبے میں مزید 23 اموات کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد یہاں جاں بحق مریضوں کی مجموعی تعداد 610 ہوئی ہے۔
جاں بحق ہونے والے ان 23 مریضوں میں سے 12 کی پشاور، ایبٹ آباد اور لوئر دیر میں 3، 3، سوات میں 2 جبکہ مردان، مالاکنڈ اور ڈیرہ اسمٰعیل خان میں ایک، ایک کی موت واقع ہوئی۔
بلوچستان
محکمہ صحت بلوچستان نے کورونا کے 243 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 7031 ہوگئی۔
بیان میں صوبے میں وائرس سے مزید 4 افراد کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد بلوچستان میں وبا سے اموات 62 ہوگئی ہیں۔
گلگت بلتستان
ادھر گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کا سلسلہ نہ رک سکا اور مزید 20 افراد کے متاثر اور ایک کی موت کی تصدیق ہوگئی۔
اعداد و شمار کے مطابق گلت بلتستان میں سامنے آنے والے ان نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 932 سے بڑھ کر 952 تک پہنچ گئی۔
مزید یہ کہ ایک موت کے بعد یہ تعداد 13 سے بڑھ 14 ہوگئی۔
آزاد کشمیر
ادھر آزاد کشمیر میں بھی کورونا کے نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی جبکہ ایک فرد جان کی بازی ہار گیا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وائرس سے مزید 16 افراد متاثر ہوئے جس کے بعد وہاں تعداد 396 سے بڑھ کر 412 ہوگئی۔
اس کے علاوہ ایک موت سے وہاں اب تک اموات کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔
صحتیاب افراد
تاہم جہاں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا وہی اس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کو مزید 663 افراد نے شکست دے دی۔
جس کے بعد ملک میں اب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 34 ہزار 355 سے بڑھ کر 35 ہزار 18 تک پہنچ گئی۔
مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:
مصدقہ کیسز: 110829
اموات: 2216
صحتیاب: 35018
فعال کیسز: 73595
اس وقت پاکستان میں سندھ میں کیسز کی تعداد 41 ہزار 303 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 40 ہزار 819 ہے۔
خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 14 ہزار 527 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 7 ہزار 31 ہے۔
علاوہ ازیں اسلام آباد میں 5 ہزار 785، گلگت بلتستان میں 952 اور آزاد کشمیر 412 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔
ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:
پنجاب: 773
سندھ: 696
خیبرپختونخوا: 610
بلوچستان: 62
اسلام آباد: 52
گلگت بلتستان: 14
آزاد کشمیر: 09
پاکستان میں کورونا وائرس
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔
تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔
پاکستان میں اموات
ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔
تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1500 سے تجاوز کرگئی تھی۔