• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

کورونا کا شکار ہونے والی شوبز شخصیات

شائع June 8, 2020
ندا یاسر اور ان کے شوہر یاسر نواز میں 25 مئی کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
ندا یاسر اور ان کے شوہر یاسر نواز میں 25 مئی کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ملک میں گزشتہ ماہ مئی کے وسط میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد کورونا کے کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور 7 جون کو ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی۔

پاکستان میں اس وقت چین سمیت متعدد ممالک سے کورونا کے کیسز زیادہ ہیں اور خطے میں کورونا کے مریضوں کے حوالے سے بھارت کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔

بھارت میں 2 لاکھ 59 ہزار افراد کورونا کا شکار بن چکے ہیں جب کہ پاکستان میں 8 جون کی شام تک ایک لاکھ 6 ہزار افراد کورونا کا شکار بن چکے تھے۔

صغیر الٰہی 21 مئی کو انتقال کر گئے تھے—فوٹو: فیس بک
صغیر الٰہی 21 مئی کو انتقال کر گئے تھے—فوٹو: فیس بک

پاکستان میں کورونا سے اموات میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور 8 جون کی شام تک ملک میں وبا سے 2096 اموات ہو چکی تھیں اور گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران اراکین اسمبلی اور سیاستدانوں سمیت سرکاری عہدیداروں اور ڈاکٹرز کی موت بھی کورونا کے باعث ہوچکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: معروف اسٹیج و ٹی وی اداکار صغیر الٰہی کورونا کے باعث انتقال کرگئے

پاکستان میں کیسز کے بڑھنے کی ایک وجہ ٹیسٹ کی تعداد کو بڑھانا بھی ہے، کیوں کہ ماضی کے مقابلے اب زیادہ ٹیسٹ ہو رہے ہیں، اس لیے کیسز بھی زیادہ سامنے آ رہے ہیں۔

کورونا سے عام افراد کی طرح شوبز شخصیات بھی متاثر ہو رہی ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم 2 اداکاروں میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ مجموعی طور پر نصف درجن سے زائد شوبز شخصیات میں کورونا کی تصدیق ہوچکی۔

مزید پڑھیں: ندا یاسر، یاسر نواز اور اداکار نوید رضا میں کورونا وائرس کی تصدیق

کورونا کے باعث گزشتہ ماہ 21 مئی کو ٹی وی و اسٹیج کے اداکار صغیر الٰہی کچھی جاں بحق بھی ہوگئے تھے، ان کا تعلق سندھ کے شہر لاڑکانہ سے تھا اور کورونا کے باعث ان کے محلے میں ایک درجن اموات ہوچکی تھیں۔

کورونا کا شکار بننے والی شوبز شخصیات

واسع چوہدری

اداکار، میزبان و لکھاری واسع چوہدری نے بھی 8 جون کو ٹوئٹ کے ذریعے بتایا کہ ان میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

اداکار نے بتایا کہ ان کے اہل خانہ کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں اور انہوں نے خود میں کورونا کی تشخیص کے بعد خود کو قرنطینہ کرلیا اور ساتھ ہی انہوں نے ان افراد کی نشاندہی بھی کردی ہے جو گزشتہ کچھ دنوں میں ان سے رابطے میں رہے۔

شفاعت علی

7 جون کو اداکار، ٹی وی میزبان و کامیڈین شفاعت علی نے ٹوئٹ کے ذریعے تصدیق کی تھی کہ ان میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان میں اتنی شدید علامات نہیں ہیں اور انہوں نے خود کو گھر تک محدود کرلیا۔

روبینہ اشرف

معروف اداکارہ روبینہ اشرف میں بھی رواں ماہ جون کے آغاز میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور انہوں نے تین جون کو ڈان کے ساتھ گفتگو میں اس کی تصدیق بھی کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ روبینہ اشرف میں کورونا کی تصدیق

7 جون کو اداکارہ کے حوالے سے خبریں وائرل ہوئیں کہ ان کی طبعیت انتہائی تشویش ناک ہوگئی ہے اور انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں داخل کرایا گیا ہے مگر اداکارہ نے ایسی افواہوں کی تردید کی اور کئی دیگر شوبز شخصیات نے بھی ایسی خبروں کو مسترد کیا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

تاہم 8 جون کو روبینہ اشرف کی بیماری ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بھی رہی اور کئی شوبز شخصیات لوگوں سے ان کی صحت کے لیے دعا کرنے کی اپیل کرتے دکھائی دیے۔

کورونا میں مبتلا اداکارہ ندایاسر نے بھی اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے روبینہ اشرف کی صحت کے لیے مداحوں سے دعا کی اپیل کی۔

ابرارالحق

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن اور گلوکار ابرارالحق میں بھی گزشتہ ماہ 31 مئی کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی۔

انہوں نے بھی ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ کورونا کی تشخیص کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کردیا تاہم اس دوران وہ آن لائن ضروری کام کرتے رہیں گے۔

ندا یاسر و یاسر نواز

اداکارہ و ٹی وی میزبان ندا یاسر اور ان کے اداکار یاسر نواز سمیت ان کی بیٹی میں گزشتہ ماہ 25 مئی کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ اس وقت سے قرنطینہ میں ہیں۔

کچھ دن قبل ندا یاسر کی طبیعت انتہائی ناساز ہونے کی خبریں بھی وائرل ہوئی تھیں تاہم اداکارہ نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے ان خبروں کو مسترد کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کی صحت ٹھیک ہے۔

نوید رضا

اداکار نوید رضا میں بھی 25 مئی کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی، ان میں بھی اس وقت تشخیص ہوئی تھی جب انہوں نے ندا یاسر کے مارننگ شو میں شرکت کے بعد ٹیسٹ کروایا تھا۔

اس وقت نوید رضا بھی قرنطینہ میں ہیں اور انہوں نے چند دن قبل ہی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے بتایا تھا کہ کورونا کے مریض کو ہر روز نئی اور مشکلات علامات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اسے لگتا ہے کہ وہ اپنے پیاروں سے بچھڑ جائے گا۔

سکینہ سموں

اداکارہ سکینہ سموں کے حوالے سے بھی خبریں ہیں کہ انہیں کورونا ہوگیا، تاہم انہوں نے خود اس حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی اور نہ ہی وہ اپنی صحت کے حوالے سے وضاحت کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

کچھ دن قبل انہوں نے خود سے متعلق جھوٹی خبریں وائرل ہونے کے بعد ایک ٹوئٹ کیا تھا اور بتایا تھا کہ ایک صحافی نے ان سے رابطہ کیا اور بار بار ان سے ان کی صحت سے متعلق پوچھتے رہے مگر انہوں نے صحافی کو بتایا کہ وہ اپنی صحت سے متعلق بات نہیں کرنا چاہتیں، جس کے بعد ان کے حوالے سے جھوٹی خبریں پھیلائی گئیں۔

سکینہ سموں نے واضح کیا کہ وہ اپنی صحت سے متعلق کوئی بات نہیں کرنا چاہتیں مگر اس باوجود متعدد نیوز ویب سائٹس کی جانب سے ان کے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبریں شائع کی گئیں۔

سلمان احمد

گلوکار سلمان احمد پاکستان کی وہ پہلی شوبز شخصیت بنے تھے، جن میں اپریل میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور اس وقت وہ امریکا میں مقیم تھے۔

2 ہفتے قرنطینہ میں رہنے کے بعد سلمان احمد کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے تھے اور 19 اپریل کو ہی وہ صحت مند ہوگئے تھے۔

شوبز شخصیات کے علاوہ نیوز چینلز پر حالات حاضرہ کا پروگرام کرنے والی 2 خواتین اینکرز میں بھی کورونا کی تشخیص ہوچکی ہے۔

ماریہ میمن

نیوز اینکر اور میزبان ماریہ میمن نے 30 مئی کو اپنے ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ ان میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے اور انہوں نے خود کو قرنطینہ میں منتقل کرلیا۔

انہوں نے لوگوں سے اپیل کی تھی کہ کورونا سے متعلق افواہوں پر دھیان نہ دھریں اور وہ سماجی فاصلے کو اختیار کرنے سمیت علامات ظاہر ہونے پر اپنا ٹیسٹ کروالیں۔

غریدہ فاروقی

سابق نیوز اینکر و میزبان غریدہ فاروقی نے بھی تین جون کو اپنے ٹوئٹ میں بتایا کہ خود میں کورونا کی تشخیص کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ میں منتقل کرلیا۔

انہوں نے بھی لوگوں کو کہا کہ کورونا سے متعلق افواہوں پر یقین نہ کریں، اس میں کوئی شرمندگی نہیں کہ کسی کو کوئی بیماری ہوجاتی ہے، انہوں نے لوگوں کو ایک دوسرے سے دور رہنے کی بھی ہدایت کی۔

دونوں اینکرز کے علاوہ کئی صحافی و میڈیا شخصیات سمیت سماجی رہنما اور سیاستدان بھی کورونا کا شکار ہوئے ہیں اور ملک میں 8 جون کی شام تک کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 6 ہزار تک جا پہنچی تھی جب کہ اموات کی تعداد 2100 تک جا پہنچی تھی۔

غریدہ فاروقی نے خود کو قرنطینہ کرلیا تھا—فوٹو: ٹوئٹر
غریدہ فاروقی نے خود کو قرنطینہ کرلیا تھا—فوٹو: ٹوئٹر

تبصرے (1) بند ہیں

HonorBright Jun 09, 2020 07:48am
Get well soon, all of you and others who have got it... Just saw Maria Memon video on youtube, how brave she is..so calm, so real..May she recover soon!!!

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024