• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm

کورونا ازخود نوٹس: عدالت نے ہفتہ، اتوار کو مارکٹیس کھولنے کا حکم واپس لے لیا

شائع June 8, 2020
سپریم کورٹ آف پاکستان —فائل فوٹو: اے ایف پی
سپریم کورٹ آف پاکستان —فائل فوٹو: اے ایف پی

سپریم کورٹ نے کورونا وائرس ازخود نوٹس کیس میں ریمارکس دیے ہیں کہ پریس کانفرنس کے ذریعے عوام کا تحفظ نہیں ہوگا بلکہ عوام کا تحفظ قانون بنانے اور اس پرعمل درآمد سے ہوگا۔

ساتھ ہی عدالت نے ہدایت کی ہے کہ حکومت کورونا کے خاتمے کے لیے قانون سازی کے معاملے کو سنجیدگی سے دیکھے اور حکومت کورونا کے خاتمے کے لیے قانون سازی کو یقینی بنائے، مزید یہ کہ عدالت نے ہفتہ اور اتوار کو مارکیٹس کھولنے کا حکم واپس لے لیا۔

خیال رہے کہ عید سے قبل 18 مئی کو ہونے والی ایک سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے حکومت کی جانب سے ہفتہ اور اتوار کے روز مارکیٹس اور کاروباری سرگرمیاں بند رکھنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا تھا۔

آج (پیر) کو عدالت عظمیٰ میں چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے کورونا وائرس ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی تاہم جسٹس مظہر عالم میاں خیل عدالت میں موجود نہیں تھے۔

سماعت کے دوران اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اپنایا کہ وفاقی حکومت کورونا تحفظ کے اقدامات کر رہی ہے اور اب حکومت اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پیز) پرعمل درآمد یقینی بنائے گی۔

اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ حکومت نے تاحال کورونا سے تحفظ کی قانون سازی نہیں کی، جس پر اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ صوبوں کی جانب سے قانون سازی کی گئی ہے۔

ملک کے تمام ادارے کام کرسکتے ہیں تو پارلیمنٹ کیوں نہیں، چیف جسٹس

اٹارنی جنرل کی بات پر چیف جسٹس نے کہا کہ قومی سطح پر کورونا سے تحفظ کے لیے قانون سازی ہونی چاہیے، قومی سطح پر قانون سازی کا اطلاق پورے ملک پر ہوگا۔

چیف جسٹس نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے یہ ریمارکس دیے کہ ملک کے تمام ادارے کام کرسکتے ہیں تو پارلیمنٹ کیوں نہیں، ملک میں قانون کے حوالے سے تاحال کچھ نہیں ہوا جبکہ چین میں وبا سے نمٹنے کے لیے فوری قانون بنائے گئے۔

دوران سماعت جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ نہیں معلوم کورونا کے مریضوں کی تعداد کہاں جاکر رکے گی، کورونا وائرس کسی صوبے میں تفریق نہیں کرتا اور لوگوں کو مار رہا ہے، وفاقی حکومت کو اس معاملے پر قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔

مزید پڑھیں: کورونا سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، وزیر اطلاعات

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کورونا سے بچاؤ کے لیے قانون سازی کرے۔

اس موقع پر چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ عدالت لوگوں کے حقوق کی بات کر رہی ہے، لوگوں کی زندگی کا تحفظ سب سے بڑا بنیادی حق ہے، موجودہ حالات میں لوگوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں، پریس کانفرنس کے ذریعے عوام کا تحفظ نہیں ہوگا، عوام کا تحفظ قانون کے بنانے اور اس پرعمل درآمد سے ہوگا۔

سماعت کے دوران جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ وقت سب سے بڑا اثاثہ ہے، وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا، آپ کے پاس اب وقت نہیں رہا، ایک لاکھ سے زائد کورونا مثبت کیس آگئے ہیں، جس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ حکومت کو قانون سازی کی تجویز دوں گا۔

اس پر کورونا وائرس کے باعث لگنے والی پابندیوں کے معاملے پر چیف جسٹس نے یہ ریمارکس دیے ہم تو پہلے دن سے فنکشنل ہیں، عدالتیں بند نہیں کرسکتیں۔

ڈاکٹرز کیلئے حفاظتی سامان ہر حال میں دستیاب ہونا چاہیے، جسٹس اعجاز

چیف جسٹس نے کہا کہ ہم بھی کورونا وائرس کی حدت کو محسوس کر رہے ہیں، ساتھ ہی جسٹس اعجاز الاحسن نے یہ ریمارکس دیے کہ ڈاکٹرز کے لیے حفاظتی سامان ہر حال میں دستیاب ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ خدانخواستہ حفاظتی سامان نہ ہونے سے کوئی نقصان ہوا تو تلافی نہیں ہوگی، ورکرز کی اموات پر وزیراعلیٰ جا کر معاوضے کا اعلان کر دیتے ہیں جبکہ عدالت ایسی چیزوں کی صرف نشاہدہی کر سکتی ہے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ قانون سازی کے عملی اقدامات ہر حال میں حکومت نے کرنے ہیں۔

عدالت میں ہونے والی طویل سماعت میں جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ذمہ داری بہت زیادہ ہے، کورونا سے تحفظ کا حل قانون سازی ہے، قانون سازی کرنا وفاقی حکومت کے حق میں ہے۔

اس موقع پر عدالت میں موجود نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے قانونی رکن نے بتایا کہ ٹیسٹنگ کی صلاحیت کو 30 ہزار سے بڑھا دیا ہے، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ 30 ہزار ٹیسٹ تو نہ ہونے کے برابر ہیں، پاکستان کی آبادی تو 22 کروڑ ہے۔

اس پر این ڈی ایم اے کے رکن نے کہا کہ ٹیسٹ کی صلاحیت کو ساتھ ساتھ بڑھایا جائے گا، اس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ این ڈی ایم اے صوبوں کو ٹیسٹنگ صلاحیت بڑھانے کا کہے۔

22 کروڑ لوگوں کے لیے صرف 100 لیب سے کیا ہوگا؟ چیف جسٹس

این ڈی ایم اے کے رکن نے کہا کہ کورونا کے مریض ایک لاکھ سے تجاوز کر چکے ہیں، کورونا ٹیسٹنگ کی 100 لیب قائم کی جا چکی ہیں، اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ 22 کروڑ لوگوں کے لیے صرف 100 لیب کیسے؟ کیا باتیں کر رہے ہیں 100 لیب سے کیا ہوگا، سو لیب تو صرف کراچی میں ہونی چاہیئیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس ازخود نوٹس: کسی بھی عمل میں شفافیت نظر نہیں آرہی ہے، چیف جسٹس

ساتھ ہی انہوں نے پوچھا کہ اب تک کتنے کورونا کے مریضوں کے ٹیسٹ مکمل کیے گئے ہیں۔

چیف جسٹس نے این ڈی ایم اے کے حوالے سے کہا کہ مرضی سے نہیں قانون سے کام ہوگا، این ڈی ایم اے کو مرضی سے کام کرنے کا لائسنس نہیں ملا ہوا، این ڈی ایم اے کی ایک ایک چیز کا آڈٹ کروالیں گے، دیکھیں گے کس نے کورونا وائرس میں کیا کیا۔

سماعت کے دوران عید کے موقع پر ہفتہ اور اتوار کو مارکیٹس کھولنے کا معاملہ بھی سامنے آیا جس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ عید کے موقع کے لیے ہفتہ اور اتوار کو مارکیٹس کھولی گئی تھیں، جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ لوگوں میں تاحال آگہی نہیں آئی، عید پر لوگوں نے ایس او پیز کو نظر انداز کر دیا۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ ویکسین کی دریافت سے قبل کا راستہ احتیاطی تدابیر ہیں، کورونا کا وائرس بہت تیزی سے بڑھ گیا ہے، شہریوں کو بھی ذمہ داری دکھانا ہوگی۔

ساتھ ہی چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پولیس والوں کو دکانداروں اور خریداروں سے پیسے لینے کی اجازت دے دی گئی ہے، کس طرح سے ایس او پیز پر عمل ہوگا۔

عدالت میں دوران سماعت چیف جسٹس نے پوچھا کہ کورونا کے کتنے ٹیسٹ سرکاری اور کتنے نجی لیب نے کیے، جس پر این ڈی ایم اے کے رکن نے بتایا کہ یہ تمام تفصیلات صرف وزارت صحت دے سکتی ہے، ہمارا کام لیب کو طبی سامان فراہم کرنا ہے۔

اسی پر چیف جسٹس نے پوچھا کہ اب تک کورونا کے کتنے ٹیسٹ مفت کیے گئے ہیں، جس پر انہیں جواب دیا گیا کہ حکومت کورونا کے ٹیسٹ مفت کر رہی ہے، جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ بیرون ممالک میں تو اب ہر شہری کا ٹیسٹ ہورہا ہے۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے پوچھا کہ چین نے پاکستان کو کتنے وینٹی لیٹرز عطیہ کیے ہیں، جس پر این ڈی ایم اے کے رکن نے بتایا کہ چین نے پاکستان کو 100 وینٹی لیٹرز عطیہ کیے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ این ڈی ایم اے نے 1400 وینٹی لیٹر بیرون ممالک سے خریدے ہیں، تین سو وینٹی لیٹرز باہر سے آچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا ازخود نوٹس: پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا نے سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرادی

جس پر چیف جسٹس نے پوچھا کہ پاکستان میں وینٹی لیٹرز کون مینوفیکچرز کر رہا ہے، اس پر این ڈی ایم کے رکن نے بتایا کہ پی او ایف واہ، ڈسکو اور نجی صنعت وینٹی لیٹر بنا رہے ہیں۔

ٹڈی دل کا معاملہ

سماعت کے دوران ملک میں ٹڈی دل کے حملوں کا معاملہ بھی سامنے آیا جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ 4 ماہ سے ٹڈی دل موجود ہے اور دو مرتبہ افزائش کر چکی ہے لیکن ٹڈی دل پر اسپرے کیلئے 4 جہاز فعال نہیں ہیں، جہاز کے پائلٹ نہیں تھے تو یہ چار جہاز کہاں سے آگئے، ہمارے اپنے جہاز نہیں چل رہے تو باہر سے لا کر اسپرے کیا جارہا ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ سکھر میں ایک جہاز کھڑا ہے، تیز ہوا چلی تو وہ اڑ جائے گا، کسی نے اس جہاز کو باند کر بھی نہیں رکھا۔

اسی دوران انہوں نے یہ پوچھا کہ ٹڈی دل کے معاملے پر این ڈی ایم اے نے اب تک کیا کیا ہے، ساتھ ہی جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ ٹڈی دل کے حملے فوڈ سیکیورٹی کو بھی متاثر کریں گے۔

جس پر این ڈی ایم اے کے رکن نے بتایا کہ ٹڈی دل کے اسپرے کے لیے ترکی سے جہاز لیز پر لیا ہے، اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اسپرے کے لیے جہاز لیز پر کیوں لیا گیا، کیا پاکستان میں اسپرے کے لیے جہاز لیز پر نہیں مل سکتا، ترکی سے جہاز لیز پر لیتے ہوئے قوائد کی پیروی ہوتی ہے، کیا جہاز لیز پر لینے کے لیے ٹینڈر دیا گیا۔

عدالتی استفسار پر این ڈی ایم اے کے رکن نے جواب دیا کہ ترکی سے جہاز ایمرجنسی بنیادوں پر لیا گیا ہے۔

اسی دوران جسٹس مظاہر علی نقوی نے پوچھا کہ کیا حکومت ٹڈی دل سے لڑنے میں سنجیدہ ہے، ساتھ ہی جسٹس اعجاز الاحسن نے سوال کیا کہ کیا پاکستان میں پائلٹس کی کمی ہے۔

بات کو آگے بڑھاتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ نہیں معلوم ترکی سے جہاز لیز پر لے کر کس نے فائدہ اٹھایا۔

چیف جسٹس نے پوچھا کہ کیا پاکستان میں ٹڈی دل نہیں ہے، جس پر این ڈی ایم اے کے رکن نے جواب دیا کہ ٹڈی دل کا مسئلہ موجود ہے، اس پر پھر چیف جسٹس نے پوچھا کہ کیا این ڈی ایم اے ٹڈی دل کے پیچھے بھاگ رہا ہے، این ڈی ایم اے کو ٹڈی دل کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہے، ہم نے ٹڈی دل کو بچپن میں دیکھا تھا یا اب دیکھ رہے ہیں۔

حکومت کورونا کے خاتمے کے لیے قانون سازی یقینی بنائے، عدالت

بعد ازاں عدالت عظمیٰ نے حکومت سے ٹڈی دل حملوں سے نقصانات کی تفصیلات طلب کرلیں۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ ٹڈی دل کے حملوں سے فوڈ سیکیورٹی کو کتنا نقصان ہوا، نقصان کے نتیجے میں باہر سے خوراک منگوانے پر کتنے اخراجات آسکیں گے۔

ساتھ ہی عدالت نے ترکی سے ٹڈی دل اسپرے کے لیے جہاز لیز پر لینے کا ریکارڈ طلب کرلیا۔

عدالت نے یہ بھی کہا کہ حکومت کورونا کے خاتمے کے لیے قانون سازی کے معاملے کو سنجیدگی سے دیکھے اور حکومت کورونا کے خاتمے کے لیے قانون سازی کو یقینی بنائے۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ تمام حکومتیں سینیٹری ورکرز کو حفاظتی سامان کی فراہمی یقینی بنائیں، سینیٹری ورکرز کے تحفظ کے لیے قانون سازی کی جائے۔

مزید برآں عدالت نے این ڈی ایم اے سے طبی سامان کی تیاری کے لیے مشینری درآمد کرنے کا ریکارڈ اور تفصیلات بھی طلب کرلیں، اس کے علاوہ عدالت نے ہفتہ اور اتوار کو مارکیٹیں کھولنے کا حکم واپس لے لیا۔

بعد ازاں کیس کی سماعت کو 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کردیا گیا۔

کورونا صورتحال از خود نوٹس

خیال رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے 10 اپریل کو ملک میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات پر ازخود نوٹس لیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ہفتہ، اتوار کاروبار بند رکھنے کا حکومتی فیصلہ کالعدم

چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے کورونا وائرس سے متعلق ازخود نوٹس پر 13 اپریل کو پہلی سماعت کی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے اور یہ تعداد ایک لاکھ 5 ہزار 118 تک پہنچ گئی ہے جبکہ اب تک 2096 اموات بھی ہوئی ہیں۔

ملک میں اس وائرس کی روک تھام کے لیے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں تاہم اس کے باوجود دنیا بھر کی طرح یہاں بھی اس کا پھیلاؤ جاری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024