• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

لاہور میں ’ارطغرل غازی‘ کا مجسمہ نصب

شائع June 7, 2020
مجسمے کو لوہے اور فائبر سے تیار کیا گیا—فوٹو: ڈان
مجسمے کو لوہے اور فائبر سے تیار کیا گیا—فوٹو: ڈان

پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) پر اپریل کے آخر سے نشر کیے جانے والے ترکی کے شہرہ آفاق ڈرامے ’دیریلش ارطغرل‘ کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ایک رہائشی کالونی میں معروف ترک جنگجو ارطغرل غازی کا مجسمہ نصب کردیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں ملتان روڈ پر موجود مرغزار ہاؤسنگ اسکیم میں لوہے اور فائبر سے بنے تقریبا 10 فٹ لمبے مجسمے کو پی ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈرامے کی مقبولیت کے بعد مکینوں کے مطالبے پر نصب کیا گیا۔

نصب کیے گئے مجسمے میں ارطغرل غازی کو گھوڑے پر سوار اور ہاتھ میں تلوار تھامے دکھایا گیا ہے۔

مجسمے کو نصب کرنے کے حوالے سے مرغزار ہاؤسنگ اسکیم کے صدرمحمد شہزاد چیمہ نے بتایا کہ انہیں اس وقت یہ خیال آیا جب وہاں کے رہائشیوں نے ارطغرل کو خراج تحسین پیش کرنے کا سوچا۔

یہ بھی پڑھیں: ’ارطغرل غازی‘ کے ’عبدالرحمٰن‘ نے پاکستانی بچوں کو بہادر سپاہی قرار دے دیا

انہوں نے مزید بتایا کہ مجسمے کو پنجاب کے صوبہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے شہر کمالیا سے خصوصی آرڈر پر بنوایا گیا جب کہ اسی طرح کا ایک اور مجسمہ بھی جلد ہی رہائشی اسکیم میں نصب کردیا جائے گا۔

انہوں نے مجسمے کی قیمت بتانے سے گریز کرتے ہوئے بتایا کہ اگر وہ اس کی قیمت بتا دیں گے تو سب کا خیال قیمت پر ہی فوکس ہوجائے گا۔

مجسمے کو نصب کرنے کے حوالے سے ہاؤسنگ اسکیم کے سیکریٹری جرنل سہیل انور رانا کا کہنا تھا کہ جس جگہ مجسمے کو نصب کیا گیا ہے، اسے ارطغرل غازی چوک کا نام دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جلد ہی ارطغرل غازی کا دوسرا مجسمہ بھی کسی مرکزی چوک پر نصب کردیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ترکی کے مذکورہ ڈرامے کو وزیراعظم عمران خان کی خواہش پر اردو میں ترجمہ کرکے ’ارطغرل غازی‘ کے نام سے چلایا جا رہا ہے اور اس ڈرامے نے پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈز بنائے۔

اس ڈرامے کی کہانی 13 ویں صدی میں مسلمانوں کی فتوحات کے گرد گھومتی ہے، یہ فتوحات اسلامی بادشاہت سلطنت عثمانیہ کے قیام سے قبل کی ہیں تاہم ڈرامے کے آخری سیزن میں سلطنت عثمانیہ کی بنیادی کہانی کو بھی دکھایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں 'ارطغرل غازی' ترکی سے بھی زیادہ مقبول ہوگیا

ارطغرل غازی کے مجموعی طور پر 5 سیزن ریلیز کیے جا چکے ہیں اور اس ڈرامے کے 179 تک قسطیں ہیں، پاکستان میں ابھی ڈرامے کے پہلے سیزن کو اردو میں ترجمہ کرکے چلایا جا رہا ہے۔

پاکستان میں اس ڈرامے نے کافی مقبولیت حاصل کی اور اسے ابتدائی 20 دن میں ملک میں یوٹیوب پر 30 کروڑ سے زائد بار دیکھا گیا تھا۔

ڈرامے نے پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈز بنائے—اسکرین شاٹ
ڈرامے نے پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈز بنائے—اسکرین شاٹ

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024