راولپنڈی میں ہسپتالوں کے اعداد و شمار سے مصدقہ مریضوں کی تعداد میں کمی ظاہر
ملک میں جہاں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے وہیں راولپنڈی میں صورتحال کچھ مختلف نظر آتی ہے کیونکہ ہسپتالوں کی جانب سے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 3 روز میں مثبت کیسز کی تعداد میں کمی آئی ہے۔
ٖٖڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کمشنر ریٹائرڈ کیپٹن محمد محمود کو فراہم کیے گئے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز 29 افراد کا ٹیسٹ مثبت، ایک مریض کی موت ہوئی جبکہ 185 افراد کو ہسپتالوں سے ڈسچارج کیا گیا۔
اس سے ایک روز قبل صرف راولپنڈی میں 52 مریضوں کی تصدیق ہوئی جبکہ 4 جون کو کورونا کے 26 اور 3 جون کو 18 مریضوں کی تصدیق ہوئی تھی۔
صحت حکام نے ڈان کو بتایا کہ 400 مریض نتائج کا انتظار کررہے ہیں لیکن گزشتہ 3 روز میں لیبارٹریز سے موصول ہونے والی مصدقہ مریضوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔