• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

حکومت نے شہریوں، ڈاکٹروں کو لاوارث چھوڑ کر ان کی زندگی خطرے میں ڈال دی، بلاول بھٹو

شائع June 6, 2020
انہوں نے کہا کہ وبا کے دوران اسٹیل ملز سے 10 ہزار ملازمین کو فارغ کرنا غیر انسانی رویہ ہے — فوٹو: ڈان نیوز
انہوں نے کہا کہ وبا کے دوران اسٹیل ملز سے 10 ہزار ملازمین کو فارغ کرنا غیر انسانی رویہ ہے — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کووڈ 19 کی وجہ سے ایک جنگ کی صورتحال سے دوچار ہے جہاں وفاقی حکومت نے شہریوں اور ڈاکٹروں کو لاوارث چھوڑ کر ان کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ موجودہ حکومت غریب کا نام لے کر امیروں سے ملتی ہے، معاشی نظام کو تباہ کردیا اور اب وفاقی حکومت کو جواب دینا پڑے گا۔

مزیدپڑھیں: نئے نوول کورونا وائرس کے 80 فیصد مریض اس سے بے خبر رہتے ہیں

انہوں نے کہا کہ ایسا کتنی دفعہ ہوا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے غریب طیقے سے ملاقات کی، فرنٹ لائن پر موجود طبی عملے سے ملے، ان کی پریشانی سنی یا مزدور طبقے کی نمائندہ یونین کی مشکلات سنیں؟

بلاول بھٹو نے کہا کہ ’وزیراعظم نے ایک مرتبہ بھی ایسا نہیں کیا کہ کم از کم وبا کا مقابلہ کرنے والے فرنٹ لائن کے ڈاکٹروں سے ہی مل لیں‘۔

انہوں نے کہا کہ وبا کے دوران اسٹیل ملز سے 10 ہزار ملازمین کو فارغ کرنا غیر انسانی رویہ ہے جس کے حق میں کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وفاقی حکومت نمبر سے کھیل کر عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے کہ شعبہ صحت کی استعداد کار اتنی متحمل ہے کہ مزید کیسز کو برداشت کرسکے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ حکومت سندھ نے کورونا وائرس کے خلاف بہتر اقدامات کیے اور کورونا کے خلاف لڑنے والے ڈاکٹروں کو تحفظ دیا۔

یہ بھی پڑھیں: کیا سب کو بیمار کرکے ہی کورونا وائرس کی روک تھام ممکن ہے؟

انہوں نے کہا کہ سندھ میں ٹیسٹنگ صلاحیت بڑھانے پر زور دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اسٹیل ملز کا مقدمہ ہر فورم پر لڑیں گے اور ان کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت کی موجودہ حکمت عملی کی وجہ سے اب ہم کورونا سے بچیں گے اور نہ ہی معاشی بحران سے نکل پائیں گے کیونکہ مخصوص طبقے اداروں کو بیچ کر پیسہ بنانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پہلے روز ہی ہتھیار ڈال دیے تھے اور پاکستان میں وائرس زبردستی پھیلایا گیا۔

چیئرمین پی پی پی نے حکومت کو مخاطب کرکے کہا کہ وزیروں اور مشیروں کی فوج فارغ کر کے اخراجات کم کریں، پاکستان میں اتنے کیسز ہیں جتنے چائنا میں بھی نہیں ہیں۔

مزید پڑھیں: سندھ میں کورونا وائرس کے مریض تیزی سے صحتیاب ہونے لگے

بلاول بھٹو نے موجودہ قیادت کو تاریخ کا سنگین ترین بحران قرار دیا۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں پھیلی عالمی وبا کورونا وائرس ہر گزرتے دن کے ساتھ پاکستان میں بھی خطرناک صورتحال اختیار کررہی ہے اور گزشتہ روز ریکارڈ کیسز سامنے آنے کے بعد آج بھی مزید نئے کیسز اور اموات کی تصدیق کی گئی۔

آج (6 جون کو) جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مزید 4093 نئے کیسز اور 55 اموات کی تصدیق کے بعد اب تک ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 95 ہزار 458 جبکہ اموات ایک ہزار 954 ہوگئیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک میں ریکارڈ 4 ہزار 600 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ اموات میں بھی 86 کا اضافہ ہوا تھا۔

اگر سندھ کی بات کی جائے تو صوبے میں بھی وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔

صوبہ سندھ میں آج عالمی وبا کے مزید 1475 کیسز سامنے آئے جبکہ 19 اموات کی تصدیق بھی ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024