• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے، وزیراعلیٰ سندھ

شائع June 6, 2020
مراد علی شاہ کے مطابق  کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ کی مد میں 3.6 ارب روپے موصول ہوئے تھے جن میں سے 1.09 ارب روپے استعمال ہوچکے— فائل فوٹو: ڈان نیوز
مراد علی شاہ کے مطابق کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ کی مد میں 3.6 ارب روپے موصول ہوئے تھے جن میں سے 1.09 ارب روپے استعمال ہوچکے— فائل فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم عمران خان اور وفاقی حکومت کو ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کا براہ راست ذمہ دار قرار دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر لاک ڈاؤن کا فیصلہ بروقت کرلیا جاتا تو صورتحال اتنی خراب نہ ہوتی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ دیر سے لاک ڈاؤن کا فیصلہ اور پھر وزیراعظم کی جانب سے لاک ڈاؤن کے خلاف ملے جلے پیغامات آنا شروع ہوگئے لہذا ہم لاک ڈاؤن کے نتائج حاصل نہیں کرسکے۔

سندھ اسمبلی میں کورونا وائرس سے متعلق بحث کا اختتام کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس تفتان سے آنے والے زائرین سے نہیں بلکہ بیرون ملک سے آنے والے لوگوں سے پھیلا۔

مزید پڑھیں: سندھ میں کورونا کے پھیلاؤ کے ذمہ دار مراد علی شاہ ہیں، خرم شیر زمان

انہوں نے مزید کہا کہ تبلیغی جماعت کے 5 ہزار سے زائد افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 765 کے نتائج مثبت آئے۔

انہوں نے کہا کہ اگر لاک ڈاؤن سے متعلق میری تجویز کو قبول کرلیا جاتا تو ضلع رائے ونڈ سے سندھ اور دیگر صوبوں کے مختلف اضلاع جانے والے تبلیغی جماعت کے افراد کی جانب سے مقامی سطح پر منتقلی کو 13 مارچ کو روک دیا جاتا۔

کورونا وائرس فنڈ کے 1.09 ارب روپے استعمال کرلیے گئے

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ کی مد میں 3.6 ارب روپے موصول ہوئے تھے جن میں سے 1.09 ارب روپے استعمال ہوچکے ہیں۔

اپنی تقریر کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صرف جمعے کے روز 40 اموات ہوئیں جو اب تک سب سے زیادہ تعداد ہے۔

مراد علی شاہ نے کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے 27 ہیلتھ ورکرز اور 7 پولیس اہلکاروں کے لیے بھی دعا کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 26 فروری کو وہ چیئرمین پیپلز پارٹی اور سابق صدر آصف زرداری کے ہمراہ بیٹھے تھے جب وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے فون کال پر کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تشخیص سے آگاہ کیا، 27 فروری کو وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی ہدایت پر اسکولز 2 روز کے لیے بند کردیے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے پر پریشانی ہے، مراد علی شاہ

انہوں نے کہا کہ اگلے روز یعنی 27 فروری سے اس حوالے سے اجلاس کا آغاز کیا اور گزشتہ روز تک ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو 101 روز ہوگئے تھے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ 27 مئی کو ہونے والے اجلاس میں محکمہ صحت نے بتایا تھا کہ کراچی میں صرف 16 وینٹی لیٹرز دستیاب ہیں جس کے بعد ڈاکٹر عبدالباری کو سدھ حکومت کے لیے وینٹی لیٹرز کی خریداری کی درخواست کی تھی کیونکہ حکومت کا خریداری کا طریقہ کار بہت طویل تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ہنگامی بنیادوں پر وینٹی لیٹرز کی ضرورت تھی، ہم انتظار نہیں کرسکتے تھے اور پھر ہم نے ان کی خریداری کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے، اس طرح ہم نے خریداری کا آغاز کیا اور نجی شعبے سے لوگوں کو شامل کیا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ 27 فروری کو آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کے پاس یومیہ 80 ٹیسٹ کی صلاحیت موجود تھی اور انڈس ہسپتال نے بھی کہا تھا کہ وہ ٹیسٹ شروع کرسکتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ میں نے 9 ہزار 600 ٹیسٹ کٹس کا آرڈر دیا تھا اور 3 روز میں کٹس پہنچنے کے بعد ہم نے ٹیسٹ کا آغاز کردیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایک ہزار 380 زائرین تفتان کے ذریعے ایران سے واپس آئے تھے، جنہیں تفتان میں قرنطینہ کیا گیا تھا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ جب وہ زائرین بسوں کے ذریعے سکھر پہنچے تو ان سب کا ٹیسٹ کیا گیا جن میں سے 280 کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم نے انہیں لیبر کالونی میں رکھا اور ہماری کوششوں سے وہ صحتیاب ہوئے جس کے بعد انہیں واپس گھر بھیجا گیا۔

یومیہ 7 ہزار سے زائد ٹیسٹ

انہوں نے کہا کہ صوبے میں ابتدائی سطح پر 80 ٹیسٹ کی صلاحیت تھی جو اب 7 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ اس وقت 80 فیصد ٹیسٹ سندھ حکومت کی جانب سے کیے جارہے ہیں۔

مزید پڑھیں: لاک ڈاؤن میں سختی، سندھ بھر میں 321 افراد گرفتار، 114 مقدمات درج

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس وقت ملک میں سندھ کے پاس ٹیسٹ کی بہتر اور سب سے زیادہ صلاحیت ہے، جو اس صوبے سے بھی زیادہ ہے جہاں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے گزشتہ 7 برس تک حکومت کی۔

انہوں نے کہا کہ میں حیران ہوں کہ پھر بھی پی ٹی آئی کے رہنما پوچھتے ہیں کہ سندھ حکومت نے اب تک کیا کیا ہے۔

راشن کی منصفانہ تقسیم

مراد علی شاہ نے کہا کہ جب صوبائی حکومت راشن کی تقسیم کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سے ڈیٹا حاصل کرنا چاہا تو حکام نے تقسیم میں تاخیر کے لیے غیر ضروری رکاوٹیں پیدا کیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سب سے زیادہ شفاف طریقے سے راشن تقسیم کیا اور یہ گزرتے وقت کے ساتھ ثابت ہوگا۔

اپنی تقریر کے اختتام پر انہوں نے موبائل فون پر ریکارڈ کیا گیا مرحوم صوبائی وزیر مرتضی بلوچ کا ویڈیو پیغام چلایا جب وہ آئسولیشن میں تھے۔

اس پیغام میں مرتضی بلوچ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے وزیراعلیٰ اور ان کی کوششوں کو سراہا تھا اور عوام سے وزیراعلیٰ کی طاقت بننے کی اپیل کی تھی۔

انہوں نے ڈاکٹرز بشمول، ڈاکٹر باری، ڈاکٹر فیصل، پروفیسر سعید قریشی اور عالمی ادارہ صحت کی ڈاکٹر سارہ کے فرنٹ لائن کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وبا: سندھ میں کیسز 25 ہزار سے زائد، ملک میں مجموعی متاثرین 62 ہزار 689 ہوگئے

انہوں نے پی ایم اے کے ڈاکٹر سجاد، ڈاکٹر ادیب رضوی اور جی آئی ایم ایس کے ڈاکٹر راحم بخش کی کوششوں کو بھی سراہا۔

خیال رہے کہ 26 فروری 2020 کو ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس سامنے آیا تھا اور 26 سے 31 مارچ تک پاکستان میں متاثرین کی تعداد 2 ہزار تھی جبکہ 18 مارچ کو ہونے والی پہلی موت کے بعد اس عرصے میں 26 اموات ہوئی تھیں۔

تاہم اپریل میں صورتحال کچھ مختلف رہی، اس دوران متاثرین کی تعداد ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ اموات 385 ہوگئی تھیں۔

بعد ازاں مئی کے مہینے میں صورتحال تبدیل ہوئی اور اس ایک ماہ میں 54 ہزار سے زائد کیسز اور 1100 سے زائد اموات کا اضافہ ہو نے کے بعد کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں۔

علاوہ ازیں جون کی ابتدا سے صورتحال مزید تشویشناک موڑ اختیار کررہی ہے اور 5 روز میں 20 ہزار سے زائد کیسز اور 379 اموات کا اضافہ ہوا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024