• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کورونا وبا: پاکستان میں 4600 کیسز کا اضافہ، مزید 86 اموات

شائع June 5, 2020 اپ ڈیٹ June 6, 2020
ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد 31 ہزار 198 ہوگئی—فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد 31 ہزار 198 ہوگئی—فائل فوٹو: اے ایف پی

دنیا بھر کو متاثر کرنے والی عالمی وبا کورونا وائرس پاکستان میں بھی زور پکڑ چکی ہے اور گزشتہ 3 روز سے مسلسل ہزاروں کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد چین سے تجاوز کرچکی ہے۔

آج (5 جون کو) مزید 4600 کیسز اور 86 اموات سامنے آنے کے بعد اب تک ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 91 ہزار 365 جبکہ اموات 1899 ہوگئیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی عالمی وبا کو شروع ہوئے 3 ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے اور اس عرصے کے دوران وبا کے پھیلاؤ میں اضافہ بھی ہوا جبکہ مئی کا مہینہ اب تک کا بدترین ماہ ثابت ہوا۔

ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافے کو دیکھا جائے تو 26 فروری کو پہلا کیس سامنے آیا جس کے بعد 31 مارچ تک مریضوں کی تعداد تقریباً 2 ہزار تھی جبکہ 18 مارچ کو پہلی موت کے بعد اسی ماہ کے اواخر تک یہ تعداد 26 تک پہنچی تھی۔

تاہم اپریل میں عالمی وبا کے کیسز میں اضافہ ہوا اور اسی ماہ کے اختتام تک متاثرین کی تعداد ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئی تھی جبکہ اموات بھی بڑھ کر 385 ہوگئی تھیں۔

جس کے بعد مئی کے مہینے میں اس صورتحال میں نیا موڑ آیا اور صرف 31 روز میں 54 ہزار سے زائد کیسز جبکہ 1100 سے اموات کے بعد مجموعی کیسز کی 71 ہزار سے زائد اور اموات کی تعداد 1500 سے تجاوز کرگئی۔

اس کے بعد رواں ماہ جون کا آغاز بھی کچھ اچھا نہیں رہا اور گزشتہ 4 روز میں یومیہ 3 سے 4 ہزار کیسز کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

علاوہ ازیں گزشتہ روز ملک میں کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے ایک دن میں سب سے زیادہ 20 ہزار 167 ٹیسٹ کیے گئے۔

سندھ

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 1353 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 34 ہزار 889 ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ نئے کیسز میں سے 984 کراچی میں سامنے آئے ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ آج 40 مزید مریض انتقال کرگئے جو اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان اموات کے بعد سندھ میں مجموعی طور پر جاں بحق مریضوں کی تعداد 615 ہوگئی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ اس وقت 16 ہزار 487 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 370 کی حالت تشویشناک ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آج مزید 1005 مریض صحتیاب ہو کر گھروں کو چلے گئے جس کے بعد اب تک شفایاب مریضوں کی تعداد 17 ہزار 787 ہوچکی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے ریکارڈ 2040 نئے کیسز اور 22 اموت کی تصدیق ہوئی۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈپارٹمنٹ کے مطابق 2040 کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 31 ہزار 104 سے بڑھ کر 33 ہزار 144 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ مزید 22 اموات کے بعد کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے افراد کی مجموعی تعداد 629 ہوگئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد جو وائرس کے پھیلاؤ کی ابتدا میں کافی کم متاثر تھا وہاں اب کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافے کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔

سرکاری سطح پر جاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں ایک روز میں ریکارڈ 402 کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ مزید 3 مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔

نئے اضافے کے بعد اب تک اسلام آباد میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 3544 سے بڑھ کر 3946 تک پہنچ گئی ہے۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 569 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 12459 ہوگئی۔

بیان میں وائرس سے مزید 20 افراد کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 541 ہوگئی ہے۔

جاں بحق ہونے والے نئے مریضوں میں سے 5 کی پشاور، 4 کی ایبٹ آباد، نوشہرہ، سوات اور باجوڑ میں 2، 2 جبکہ مردان، صوابی، چارسدہ، بٹگرام اور مالاکنڈ میں ایک، ایک موت واقع ہوئی۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان نے کورونا وائرس کے 194 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 5776 ہوگئی۔

صوبے میں وبا سے مزید ایک مریض دم توڑ گیا جس کے بعد یہاں مجموعی اموات کی تعداد 54 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

ادھر گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا تاہم یومیہ کیسز کی تعداد گزشتہ روز کے مقابلے میں کم رہی۔

سرکاری سطح پر جاری اعداد و شمار کے مطابق آج گلگت بلتستان میں مزید 28 افراد عالمی وبا سے متاثر ہوئے۔

مذکورہ اضافے کے بعد گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 824 سے بڑھ کر 852 تک پہنچ گئی

آزاد کشمیر

علاوہ ازیں ملک میں کورونا وائرس سے سب سے کم متاثر ہونے والے علاقے آزاد کشمیر میں 14 کیسز سامنے آئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کیسز میں اضافے کے بعد آزاد کشمیر میں عالمی وبا کے متاثرین کی تعداد 285 سے بڑھ کر 299 ہوگئی۔

صحتیاب

تاہم ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کی خطرناک ہوتی صورتحال کے باوجود اس مرض سے صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں مزید 1070 افراد نے وائرس کو شکست دی۔

مذکورہ اضافے کے بعد پاکستان میں عالمی وبا سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 30 ہزار 128 سے بڑھ کر 33 ہزار 144ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

کورونا وائرس کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر ملک کی مجموعی صورتحال کچھ یوں ہے:

مصدقہ کیسز: 91365

اموات: 1899

صحتیاب: 31198

فعال کیسز: 58268

سرکاری سطح پر فراہم کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک میں سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے اور وہاں کیسز 34 ہزار 889 ہیں، جس کے بعد پنجاب میں 33 ہزار 144 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں عالمی وبا سے 12 ہزار 459 لوگ متاثر ہوئے جبکہ بلوچستان میں یہ تعداد 5 ہزار 776 ہے۔

اسلام آباد میں 3946، گلگت بلتستان میں 852 اور آزاد کشمیر میں 299 لوگ اس وبا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ اس طرح ہے:

پنجاب: 629

سندھ: 615

خیبرپختونخوا: 541

بلوچستان: 54

اسلام آباد: 41

گلگت بلتستان: 12

آزاد کشمیر: 07

پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 86 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1400 سے تجاوز کرگئی تھی۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024