• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سندھ میں بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کا کورونا ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ

شائع June 5, 2020
—فائل فوٹو: اے ایف پی
—فائل فوٹو: اے ایف پی

حکومت سندھ نے بیرون ملک سے جناح ٹرمینل کراچی پہنچنے والے تمام مسافروں کے کورونا ٹیسٹ اور انہیں معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پی) کے مطابق قرنطینہ میں رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔

اس سلسلے میں حکومت سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے ٹوئٹ میں کہا کہ سعودی عرب سے جناح ٹرمینل پہنچنے والے تمام 246 مسافروں میں سے 123 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

مزیدپڑھیں: سندھ حکومت پر تاجروں سے پیسے مانگنے کا الزام، مرتضیٰ وہاب نے جواب دیدیا

انہوں نے بتایا کہ تمام ٹیسٹ حکومت سندھ نے کروائے تھے اور اب مسافروں کو قرنطینہ میں رکھنے کے لیے ان کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے قومی اور بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی ختم کردی تھی اور اعلان کیا تھا کہ مسافروں کے کورونا ٹیسٹ نہیں کیے جائیں گے۔

تاہم حکومت سندھ نے کووڈ 19 کی ایمرجنسی صورتحال کے پیش نظر کراچی آنے والے ہر مسافر کی جانچ کا فیصلہ کیا ہے اور ان مسافروں کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر شاہ نے کہا کہ دوسرے ممالک سے آنے والے مسافروں کو کووڈ 19 کا ٹیسٹ خود ان کے مفاد میں ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمیں پہلے ہی کیسز میں تیزی سے اضافے کا سامنا ہے اور اموات کا تناسب ایک فیصد سے بڑھ کر 1.7 فیصد ہوچکا ہے لہٰذا طبی ٹیسٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: شفاف انکوائری میں وزیر اعظم قانون سے بالاتر نہیں، مرتضیٰ وہاب

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ صحت کو ہر مسافر کی جانچ کے لیے واضح ہدایت جاری کردی گئی ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے حکومت سندھ کو جھوٹا قرار دے دیا۔

انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر میں کہا کہ ’ہمیشہ کی طرح صاف جھوٹ، چاروں صوبے بغیر کورونا ٹیسٹ مسافروں کو لانے پر راضی تھے لیکن پھر این سی او سی میں تین صوبوں اور اسد عمر نے کہا کہ ٹیسٹ ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ ’براہ مہربانی جھوٹ بولنے سے پہلے کچھ سوچ لیا کریں‘۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد خطرناک صورتحال کی طرف جارہی ہے اور 2 دن سے یومیہ 4 ہزار سے زائد کیسز آنے کے بعد ملک کے مجموعی کیسز کی تعداد چین کے متاثرین سے زیادہ ہوگئی ہے۔

اب تک ملک میں سامنے آنے والے ان کیسز کی مجموعی تعداد 86 ہزار 139 ہوچکی ہے جبکہ 1723 افراد اس وائرس سے لقمہ اجل بنے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مرتضیٰ وہاب 'کیئر فار ہیروز' پروگرام پر گیٹز فارما کے شکر گزار

آج ابھی تک سامنے آنے والے نئے کیسز کی تعداد 2534 ہے جبکہ 62 اموات بھی ریکارڈ کی جاچکی ہیں۔

اگر صرف سندھ کی بات کی جائے تو صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 32 ہزار 910 ہوگئی ہے جبکہ 555 افراد وائرس سے جاں بحق ہوگئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024