• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کانز فلم فیسٹیول کیلئے 56 فلمیں نامزد

شائع June 4, 2020
نامزد کی گئی فلموں کو مختلف پروگرامات میں نشر کیا جائے گا—اسکرین شاٹ
نامزد کی گئی فلموں کو مختلف پروگرامات میں نشر کیا جائے گا—اسکرین شاٹ

دنیا کے سب سے بڑے فلمی میلے کا اعزاز رکھنے والے فرانسیسی فلم فیسٹیول کانز کی انتظامیہ نے رواں سال کے میلے کے لیے 56 فلموں کی نامزدگی کا اعلان کردیا۔

حیران کن طور پر انتظامیہ نے کانز فلم فیسٹیول کو منعقد کرنے یا نہ کرنے سے متعلق واضح طور پر اب تک کوئی اعلان نہیں کیا۔

تاہم انتظامیہ نے فیسٹیول کو پہلی بار منفرد صورت میں منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے نامزد کی جانے والی فلموں کی فہرست کا اعلان کردیا۔

کانز فلم فیسٹیول ہر سال عام طور پر مئی میں منعقد کیا جاتا ہے اور یہ فیسٹیول 2 ہفتوں سے زائد وقت تک جاری رہتا ہے۔

رواں سال یہ فیسٹیول 12 سے 23 مئی کے درمیان ہونا تھا تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے اسے جون یا جولائی تک منسوخ کردیا گیا تھا لیکن اپریل میں انتظامیہ نے وضاحت کی تھی کہ ممکنہ طور پر فیسٹیول جون یا جولائی میں بھی منعقد نہیں ہوسکے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کے باعث کانز فلم فیسٹیول ملتوی

اپریل میں انتظامیہ نے یہ بھی واضح کیا تھا کہ عین ممکن ہے کہ اس بار منفرد طرز پر کانز فلم فیسٹیول منعقد کیا جائے اور عین ممکن ہے اسے محدود یا آئندہ سال تک ملتوی بھی کردیا جائے۔

تاہم اب فلم فیسٹیول انتظامیہ نے حیران کن فیصلہ کرتے ہوئے رواں سال کے میلے کے لیے نامزد کی گئی 56 فلموں کا اعلان کردیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کانز فلم فیسٹیول نے اس بار 15 نئے ڈائریکٹرز کی فلموں سمیت 16 خواتین ڈائریکٹرز کی فلموں کو بھی نمائش کے لیے نامزد کیا اور مجموعی طور پر 56 فلموں کو نامزد کیا گیا ہے۔

کانز فیسٹیول انتظامیہ عام طور پر اپریل میں فلموں کی نامزدگی کا اعلان کرتی ہے لیکن اس بار فلموں کی نامزدگی کا اعلان جون مین خاموشی سے خالی سینما میں ہونے والی ایک پریس کانفرنس میں کیا گیا۔

انتظامیہ کے مطابق نامزد کی گئیں 56 فلموں کی کانز فلم فیسٹیول کے بینر تلے دنیا کے مختلف علاقوں میں منعقد ہونے والے فلم فیسٹیولز اور سینما گھروں میں خصوصی طور پر نمائش کی جائے گی۔

فلم انتظامیہ کا کہنا تھا کہ چوں کہ پہلے یہ واضح کیا گیا تھا کہ اس سال کانز فلم فیسٹیول ہر سال کی طرح نہیں ہوگا، لہٰذا اس سال کانز فلم فیسٹیول کے بینر تلے دکھائی جانے والی فلموں میں کوئی مقابلہ بھی نہیں ہوگا اور نہ ہی اس بار کوئی ایوارڈ دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: کانز فلم فیسٹیول اس سال اپنی اصل شکل میں ہونا ناممکن

انتظامیہ نے واضح کیا کہ تمام ہی نامزد کی جانے والی فلموں کو دنیا کے مختلف فلم فیسٹیولز، تقریبات اور سینما ہالز میں دکھایا جائے گا، تاہم یہ واضح نہیں کیا کہ ان فلموں کی نمائش کا سلسلہ کب سے شروع کیا جائے گا اور یہ فلمیں کتنے عرصے میں دکھائی جائیں گی۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے اسی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ اس سال کانز فلم فیسٹیول انتظامیہ کو دنیا بھر سے 2 ہزار سے زائد فلمیں موصول ہوئی تھیں جن میں سے 56 فلموں کو نامزد کیا گیا۔

نامزد کی گئی فلموں میں سے تقریبا نصف فلمیں فرانسیسی ڈائریکٹرز یا پروڈیوسرز کی فلمیں ہیں جب کہ پہلی بار مختلف کانز فلم فیسٹیول کے دوران انتظامیہ نے سب سے زیادہ خواتین ہدایت کاروں کی فلموں کو نامزد کیا ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ کانز انتظامیہ کی جانب سے نامزد کی گئی ان تمام فلموں کو رواں سال کے اختتام یا آئندہ سال کی پہلی سہ ماہی تک مختلف ممالک میں ہونے والے فیسٹیولز و تقریبات میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024