• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بھارت کی کسی بھی فوجی مہم جوئی کے ناقابل تلافی نتائج برآمد ہوں گے، پاک فوج

شائع June 3, 2020 اپ ڈیٹ June 4, 2020
پاک فوج کے ترجمان نے بھارت کو خبردار کیا کہ وہ آگ سے نہ کھیلے— فائل فوٹو: ڈآن نیوز
پاک فوج کے ترجمان نے بھارت کو خبردار کیا کہ وہ آگ سے نہ کھیلے— فائل فوٹو: ڈآن نیوز

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے خبردار کیا ہے کہ بھارت آگ سے کھیلنے کی کوشش نہ کرے اور پڑوسی ملک کی کسی بھی قسم کی فوجی مہم جوئی کے ناقابل تلافی نتائج برآمد ہوں گے۔

نجی چینل 'جیو نیوز' کے پروگرام 'کیپیٹل ٹاک' میں گفتگو کرتے ہوئے آئی ایس پی آر کے ترجمان بابر افتخار نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر پچھلے کچھ عرصے سے صورتحال بہت تشویشناک ہے، صرف اس سال بھارت کی جانب سے ایک ہزار 229 مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کی جا چکی ہے جس میں 7 شہری شہید ہو چکے ہیں اور 90 سے زائد شہری زخمی ہوئے۔

مزید پڑھیں: بھارتی جارحیت کے بعد اٹھائے گئے اقدامات نے قوم کی سنجیدگی ظاہر کی، وزیر اعظم

ان کا کہنا تھا کہ کئی مرتبہ بھارت کے کواڈ کاپٹرز (جاسوس ڈرونز) نے ہماری حدود کی خلاف ورزی بھی کی ہے اور حال ہی میں ہم نے ان کے کواڈ کاپٹرز مار گرائے۔

انہوں نے کہا کہ ان تمام چیزوں کے باوجود بھارتی سینئر فوجی قیادت بار بار مبینہ لانچ پیڈز سے دراندازی کی بات کرتی ہے جو ان کی اپنی فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیت پر بھی سوالیہ نشان ہے کیونکہ لائن آف کنٹرول پر اتنی بڑی تعداد میں فوج اور دفاعی اقدامات کے باوجود کوئی کیسے دنیا کے سب سے زیادہ فوجی آبادی والے علاقے میں دراندازی کر رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کے ترجمان نے کہا کہ حالیہ دنوں میں ہی بھارت نے شہری آبادی میں آرٹلری کی تنصیب کی ہے تاکہ اگر بھارتی کارروائی کا پاکستان کوئی جواب دے تو اس کا نقصان بھی شہری آبادی کو پہنچے اور اس کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کو نشانہ بنانا ہے۔

بابر افتخار نے کہا کہ ان حالات میں پاک فوج بہت بہتر طریقے سے صورتحال کا جواب دے رہی ہے اور انہیں لائن آف کنٹرول پر منہ توڑ جواب دیا جاتا ہے جبکہ ہماری پوری کوشش ہوتی ہے کہ لائن آف کنٹرول کے اس پار موجود شہری آبادی کو کسی بھی طور کوئی نقصان نہ پہنچے۔

یہ بھی پڑھیں: حقیقی مدبر: بھارتی پائلٹ کی رہائی کے فیصلے پر عمران خان کی تعریفیں

ان کا کہنا تھا کہ پورے کشمیر میں مظلوم کشمیری بلا تفریق بھارتی جارحیت کا نشانہ بن رہے ہیں جن میں خواتین اور معصوم بچے بھی شامل ہیں حتیٰ کہ بھارتی سیکیورٹی فورسز نے 7 سال کے معصوم بچوں تک کو معاف نہیں کیا۔

پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ عوامی ردعمل کے خوف کا یہ عالم ہے کہ بھارتی فوج احتجاج کو دبانے کے لیے بھارتی نوجوانوں کو شہید کر کے ان کی لاشیں بھی ورثا کے حوالے نہیں کر رہی۔

اس موقع پر نے بھارت کی جانب سے عائد کیے جا رہے بےبنیاد الزامات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا شروع ہوا تو بھارت نے کہا کہ کورونا کے متاثرہ دہشت گرد بھارت بھیجے گئے ہیں اور ان کو لائن آف کنٹرول کے پار بھیجا گیا ہے اور اس طرح مقبوضہ کشمیر میں کورونا پھیلا ہے۔

میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ حال ہی میں ان کا سب سے بڑا ڈرامہ تھا جس کو انہوں نے پلوامہ ٹو کا نام دیا ہے، اس ڈرامے میں رات میں انہوں نے ایک گاڑی پکڑی، اس پر فائر کیا جس میں ان کے بقول بارودی مواد بھی تھا اور جب فائر کیا تو اس گاڑی میں سوار بندہ پیدل وہاں سے فرار ہوگیا، ساری رات اس گاڑی کو رکھا گیا اور اگلے دن پوری میڈیا کوریج کے ساتھ اس گاڑی کو تباہ کیا گیا تاکہ کسی قسم کا ثبوت نہ مل سکے اور یہ ساری کارروائیاں کر کے اسٹیج سیٹ کیا جا رہا ہے جس کے بارے میں ہمارے وزیر اعظم بھی کئی مرتبہ بات کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم اور آرمی چیف دونوں ہی کہہ چکے ہیں کہ بھارت میں جھوٹے آپریشن کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔

مزید پڑھیں: 'پاکستان کسی بھی بھارتی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہے'

پاک فوج کے ترجمان نے اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو کئی محاذوں پر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے، لائن آف کنٹرول پر چین وار بھارت کے درمیان صورتحال میں انہیں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا اور اب وہ اس پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیپال اور بھارت کی سرحد پر بھی انہیں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا، پھر اندرونی سطح پر بھی انہیں کورونا وائرس سے نمٹنے میں ناقص انتظامات کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے، مزدوروں کی دوسرے شہروں کو منتقلی کے معاملے پر بھی پوری دنیا نے دیکھا کہ بھارت کو کتنے مسائل کا سامنا کرنا پڑا، وہاں وائرس پھیل رہا ہے اور معیشت ڈانوا ڈول ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو ہر سطح اور ہر محاذ پر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور موجودہ بھارتی قیادت اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ ان تمام تر ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کا واحد ذریعہ پاکستان کے ساتھ محاذ آرائی ہے۔

بابر افتخار نے کہا کہ پاک فوج کے ترجمان کی حیثیت سے میں یہ بات کہنا چاہتا ہوں کہ بھارت کی پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا پوری طاقت کے ساتھ جواب دیا جائے گا اور اس بات میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے، ہم تیار ہیں، ہم جواب دیں گے اور پوری طاقت سے جواب دیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024