• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کورونا وائرس سے ایک روز میں 2 اراکین صوبائی اسمبلی انتقال کرگئے

شائع June 3, 2020 اپ ڈیٹ June 8, 2020
اراکین اسمبلی جمشید الدین اور شوکت منظور—تصاور: ٹوئٹر/ پنجاب اسمبلی ویب سائٹ
اراکین اسمبلی جمشید الدین اور شوکت منظور—تصاور: ٹوئٹر/ پنجاب اسمبلی ویب سائٹ

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال دن بدن بگڑتی جارہی ہے اور اب اس سے عام لوگوں کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس، سیاست دان اور اراکین اسمبلی بھی انتقال کررہے ہیں۔

آج ملک میں 2 اراکین صوبائی اسمبلی کورونا وائرس کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار گئے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن اسمبلی جمشید الدین کاکاخیل کورونا وائرس کا شکار ہوکر انتقال کرگئے۔

میاں جمشد الدین 2013 سے 2018 کے دوران صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بھی رہے جبکہ 2018 کے انتخابات میں وہ خیبرپختونخوا اسمبلی کی نشست پی کے 83 نوشہرہ 3 سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں: سندھ کے وزیر غلام مرتضیٰ بلوچ کا کورونا کے باعث انتقال

میاں جمشید میں گزشتہ ہفتے کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد آج ان کی طبیعت بگڑی اور وہ انتقال کرگئے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کورونا وائرس سے متاثر ہوکر جان کی بازی ہارنے والے رکن صوبائی اسمبلی جمشید الدین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعا کی۔

محمود خان نے کا کہنا تھا کہ ہم ان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ انہیں صبر جمیل دے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہم ایک اچھےساتھی اور مخلص پارٹی کارکن سے محروم ہوگئے، ان کی کمی بہت دیر تک محسوس کی جائے گی۔

ادھر وزیر صحت خیبرپختونخوا تیمور خان جھگڑا نے ایم پی اے میاں جمشید کاکا خیل کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے لکھا کہ گزشتہ 2 برسوں میں جب بھی میں نے انہیں دیکھا وہ ہمیشہ مسکراتے ہوئے نظر آئے۔

مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی کا انتقال

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔

رکن اسمبلی بلال تارڑ اور پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (پی کے ایل آئی) کے ذرائع نے تصدیق کی کہ شوکت منظور چیمہ انتقال کرگئے، انہیں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ زیر علاج تھے۔

پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے 66 سالہ رکن اسمبلی کورونا وائرس ہونے کے بعد سے پی کے ایل آئی میں زیر علاج تھے جہاں آج وہ جانبر نہ ہوسکے۔

سے تعلق رکھنے والے رکن صوبائی اسمبلی شوکت منظور چیمہ گزشتہ 10 روز سے پی کے ایل آئی میں وینٹی لیٹر پر تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس سے صحتیاب ہونیوالے جے یو آئی ایف کے رہنما منیر اورکزئی انتقال کر گئے

واضح رہے کہ شوکت منظور چیمہ اس سے قبل بھی رکن صوبائی اسمبلی رہ چکے ہیں جبکہ 2018 کے عام انتخابات میں وہ پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 51 گوجرانوالہ ون سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

ادھر ان کے انتقال پر مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اظہار افسوس کیا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایم پی اے شوکت منظور کا انتقال پارٹی کے لیے صدمے کا باعث ہے، وہ پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھے۔

شہباز شریف نے کہا کہ شوکت منظور کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، ہم ان کے انتقال پر اہل خانہ اور عزیز و اقارب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں، اللہ شوکت منظور کی مغفرت فرمائے اور اہلخانہ کو صبر جمیل کرے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 82 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ اموات کی تعداد 17سو سے زائد ہے، اس وائرس سے نہ صرف عام لوگ بلکہ سیاست دان بھی متاثر ہورہے ہیں۔

گزشتہ روز بھی سندھ کے وزیر انسانی تصفیہ غلام مرتضیٰ بلوچ کورونا وائرس کا شکار ہونے کے چند روز بعد انتقال کر گئے تھے۔

اس سے قبل صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی و جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما منیر خان اورکزئی حرکت قلب بند ہوجانے سے انتقال کر گئے تھے۔

منیر اورکزئی اپریل کے اواخر میں کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے جس پر انہیں 24 اپریل کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں داخل کروایا گیا تھا جہاں سے صحتیاب ہونے کے بعد 7 مئی کو وہ ہسپتال سے ڈسچارج کردیے گئے تھے۔

2 اراکین صوبائی اسمبلی کورونا کا شکار

خیبر پختونخوا اسمبلی کے مزید 2 اراکین کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا، دونوں کا تعلق عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) سے ہے۔

اے این پی نے ٹوئٹر پر اراکین صوبائی اسمبلی فیصل زیب خان اور صلاح الدین کے ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کی ہیلتھ سروسز کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر طاہر ندیم کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔

محکمہ صحت سے جاری نوٹی فکیشن میں ڈاکٹر طاہر کے قرنطینہ میں جانے کی تصدیق کی گئی اور کہا گیا کہ ان کی واپسی تک ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر نیاز محمد ان کے فرائض انجام دیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024