• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

کورونا وائرس: پاکستان میں ایک روز میں ریکارڈ 4700 سے زائد کیسز، مزید 77 اموات

پاکستان میں کیسز کی تعداد دن بدن بڑھ رہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کیسز کی تعداد دن بدن بڑھ رہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس دن بدن تشویشناک صورتحال اختیار کرتا جارہا ہے اور گزشتہ روز ریکارڈ کیسز کے بعد آج بھی مزید نئے کیسز اور اموات کی تصدیق کی گئی۔

آج سامنے آنے والے نئے اعداد و شمار کے مطابق اب تک ملک بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز 83 ہزار 247 ہوگئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 1729 تک پہنچ گئی ہے۔

اس کے علاوہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سے ملک میں اب تک کے ایک روز کے سب سے زیادہ 4 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے جبکہ اموات میں بھی 78 کا اضافہ ہوا۔

ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کی بات کریں تو ابتدا میں اس کا پھیلاؤ کافی کم تھا لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس میں تیزی آتی گئی اور اب یومیہ ہزاروں کی تعداد میں کیسز اور درجنوں اموات سامنے آرہی ہیں۔

26 فروری 2020 کو ملک میں اس عالمی وبا کے پہلے کیس کے بعد مختلف طرح کی پابندیاں لگائی گئی جو بعد میں لاک ڈاؤن میں تبدیل ہوگئیں تاہم بعد ازاں اس سے پڑنے والے معاشی اثرات کو دیکھتے ہوئے مئی میں اس میں نرمی کی گئی جبکہ جون میں بعض شعبوں کے علاوہ باقی سب ایس او پیز کے تحت کھولنے کی اجازت دے دی گئی۔

تاہم جہاں فروری اور مارچ میں پابندیوں اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے کیسز کم تھے وہیں اپریل میں اس میں کچھ اضافہ ہوا جو بعد ازاں مئی میں مزید بڑھ گیا اور اب جون میں بھی اسی کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان میں وائرس کے پہلے کیس سے 31 مارچ تک یعنی ایک ماہ سے زائد عرصے میں تقریباً 2 ہزار کیسز تھے اور 18 مارچ کو ہونے والی پہلی موت کے بعد اس عرصے میں 26 اموات ہوئی تھیں۔

تاہم اپریل میں صورتحال کچھ مختلف رہی اور مہینے کے آخر تک کیسز ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ اموات 385 ہوگئیں۔

بعد ازاں مئی کے مہینے میں صورتحال یکسر تبدیل ہی ہوگئی اور ایک ماہ میں 54 ہزار سے زائد کیسز اور 1100 سے زائد اموات کا اضافہ ہوا اور کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں۔

جون کی ابتدا سے بھی صورتحال کچھ ایسی ہی دکھائی دے رہی ہے اور صرف 2 روز کے دوران 7 ہزار سے زائد کیسز اور 100 سے زائد اموات سامنے آچکی ہیں۔

آج (3 جون) کو بھی ملک میں کورونا وبا کے کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے ریکارڈ 1824 نئے کیسز کا اضافہ ہوا جبکہ 29 اموات بھی رپورٹ ہوئیں۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں 7 ہزار 547 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 1824 کے نتائج مثبت آئے، اس طرح صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 32 ہزار 910 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 29 اموات بھی ہوئیں جس سے اب تک اس وائرس سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 555 ہوگئی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں بھی کورونا وائرس کے مزید 1639 نئے کیسز اور 30 اموات کی تصدیق کی گئی۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 1639 کیسز آئے جس سے مجموعی تعداد 29 ہزار 489 تک پہنچ گئی۔

اسی طرح انہوں نے بتایا کہ مزید 30 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد یہ تعداد 570 تک جا پہنچی ہے۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں اس عالمی وبا کے مزید 295 نئے مریض سامنے آگئے جبکہ 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

واضح رہے کہ ابتدا میں اسلام آباد میں کیسز کی تعداد کافی حد تک کم تھی تاہم اب اس میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار فراہم کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد مجموعی طور پر متاثرہ افراد کی تعداد 2893 سے بڑھ کر 3 ہزار 188 ہوگئی۔

ساتھ ہی 4 نئی اموات کے سامنے آنے سے وفاقی دارالحکومت میں اموات 34 تک پہنچ گئیں۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 476 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 11373 ہوگئی۔

وائرس کا شکار ہونے والے 10 افراد کی موت بھی واقع ہوئی جس کے بعد خیبر پختونخوا میں جاں بحق مریضوں کی تعداد 500 ہوگئی ہے۔

ان جاں بحق 10 افراد میں سے 6 کی پشاور، 2 کی نوشہرہ جبکہ ایک، ایک کی خیبر اور ایبٹ آباد میں موت واقع ہوئی۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان نے کورونا کے 484 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 5224 ہوگئی۔

صوبے میں وائرس سے متاثرہ مزید 2 افراد جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 51 ہوگئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان میں کورونا کے 3152 فعال کیسز موجود ہیں جبکہ 2021 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

گلگت بلتستان

ادھر گلگت بلتستان جو اس وبا سے کم متاثر تھا وہاں آج ایک روز میں 41 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی۔

اس کے علاوہ ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا جس کے بعد وہاں اموات کی تعداد 12 ہوگئی۔

تاہم مزید نئے کیسز سامنے آنے سے گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 738 سے بڑھ کر 779 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

علاوہ ازیں آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے مزید 13 مریضوں کی تصدیق ہوئی جبکہ ایک فرد کا انتقال بھی ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں ان نئے کیسز کے بعد وہاں اب تک مجموعی کیسز 271 سے بڑھ کر 284 تک پہنچ گئے۔

اسی طرح اموات کی تعداد میں اضافے کے بعد یہ تعداد 6 سے بڑھ کر 7 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

دوسری جانب جہاں کیسز کی تعداد میں ہزاروں میں اضافہ ہورہا وہی صحتیاب افراد کی تعداد بھی اسی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

نئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں مزید 1813 افراد صحتیاب ہوگئے۔

جس کے بعد اب تک ملک میں اس عالمی وبا کو شکست دینے والوں کی تعداد 27 ہزار 110 سے بڑھ کر 28 ہزار 923 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں ان تمام کیسز، اموات اور صحتیاب ہونے والوں کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے۔

مصدقہ کیسز: 83247

اموات: 1729

صحتیاب 28923

فعال کیسز: 52595

اس وقت سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے اور وہاں کیسز 29 ہزار 910 ہیں، جس کے بعد پنجاب کی تعداد ہے اور وہاں 29 ہزار 489 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں اس وبا سے 11 ہزار 373 لوگ متاثر ہوئے ہیں وہیں بلوچستان میں یہ تعداد 5 ہزار 224 ہے۔

اسلام آباد میں 3188، گلگت بلتستان میں 779 اور آزاد کشمیر میں 284 لوگوں کو یہ وبا اپنا شکار بنا چکی ہے۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے۔

پنجاب: 570

سندھ: 555

خیبرپختونخوا: 500

بلوچستان: 51

اسلام آباد: 34

گلگت بلتستان:12

آزاد کشمیر: 07


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 82 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1500 سے تجاوز کرگئی۔

جس کے بعد جون کا آغاز بھی مزید اموات کے ساتھ ہوا ہے اور اب تک تعداد 1700 سے زائد ہوچکی ہے۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024