• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کراچی میں کورونا وائرس انفیکشن ڈیزیز کے دو ہسپتال بنارہے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

شائع June 1, 2020 اپ ڈیٹ June 4, 2020
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ میں اب تک 502 افراد کورونا سے ہلاک ہوئے—فائل/فوٹو:ڈان نیوز
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ میں اب تک 502 افراد کورونا سے ہلاک ہوئے—فائل/فوٹو:ڈان نیوز

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں 250 بستروں پر مشتمل کورونا وائرس انفیکشن ڈیزیز کے دو الگ الگ ہسپتال قائم کررہے ہیں جبکہ یومیہ ٹیسٹ کی تعداد بڑھا کر 6 ہزار 289 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے ایک ہزار 402 مثبت آئے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے پاکستان میں نمائندے کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی جن کو آگاہ کیا گیا کہ کراچی میں کورونا وائرس انفیکشن ڈیزیز کے دو ہسپتال قائم کیے جارہے ہیں اور یہ سہولت دیگر ڈویژنل مراکز میں بھی فراہم کی جائے گی۔

قبل ازیں مراد علی شاہ نے عوام کو کورونا وائرس سے متعلق روزانہ کی بریفنگ میں کہا کہ جون کا مہینہ 22 اموات اور ایک ہزار 402 نئے کیسز کے ساتھ شروع ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں کورونا وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 503 اور کیسز کی تعداد 29 ہزار 647 ہوگئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مزید 6 ہزار 289 ٹیسٹ کیے گئے تھے ان میں سے ایک ہزار 402 مثبت آئے ہیں اور اس کی شرح 22.3 فیصد بنتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے اب تک ایک لاکھ 87 ہزار 92 ٹیسٹ کیے جن میں سے 29 ہزار 647 کے نتائج مثبت آئے۔

مزید پڑھیں:حکومت سندھ کراچی کے ہسپتالوں میں جگہ کے اضافے کیلئے کوشاں

مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں 26 فروری کو پہلا کیس سامنے کے بعد اب تک 503 افراد اس وائرس سے لقمہ اجل بن گئے ہیں جن میں آج ہونے والی 22 اموات بھی شامل ہیں اور اس کی شرح 1.7 فیصد ہے۔

زیرعلاج مریضوں سےمتعلق انہوں نے کہا کہ 342 متاثرین کی حالت خطرے میں ہے جن میں سے 71 وینٹی لیٹر میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں اس وقت 14 ہزار 554 افراد زیر علاج ہیں جن میں 13 ہزار 346 گھروں میں موجود ہیں، 113 آئسولیشن مراکز اور 1095 مختلف ہسپتالوں میں داخل ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 785 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں اور مجموعی تعداد49.2 فیصد کے ساتھ 14 ہزار 590 ہے۔

انہوں نے مزید تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تازہ 1402 کیسز میں سے 1028 کراچی سے رپورٹ ہوئے ہیں جہاں کورنگی سے 292، شرقی سے 232، جنوبی سے 193، وسطی سے 165، غربی سے 101 اور ملیر سے 45 کیسز رپورٹ ہوئے۔

سندھ کے دیگر اضلاع کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ گھوٹکی اور سکھر میں 46،46، لاڑکا نہ میں 38، حیدرآباد میں 25، میر پورخاص میں 21، شکار پور میں 20، جیکب آباد میں 12، خیرپور اور جامشورو میں 8،8، بدین اور سجاول میں 4،4، ٹھٹہ، دادو اور نوشہروفیروز میں 2،2 جبکہ عمر کوٹ، شہید بینظیر آباد اورکشمور، کندھ کوٹ میں ایک،ایک کیسز سامنے آیا۔

انہوں نے سکھر، لاڑکانہ اور گھوٹکی کے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں کیونکہ ان علاقوں میں مقامی منتقلی کے کیسز کی تعداد بڑھ گئی ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں کی ملاقات

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے پاکستان میں نمائندے ڈاکٹر پالیتھا ماہیپالا نے ملاقات کی اور پاکستان بالخصوص سندھ میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

یہ بھی پڑھیں:صوبے میں لاک ڈاؤن سے متعلق فیصلہ وفاق کی مشاورت سے ہوگا، ترجمان حکومت سندھ

اجلاس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو، عالمی ادارہ صحت کی نمائندہ ڈاکٹر سارا خان اور وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو بھی شریک تھے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت میں بہتری لائی ہے اور روزانہ کی تعداد 200 سے بڑھا کر اب 6600 ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں کورونا وائرس انفیکشن ڈیزیز کے دو الگ الگ ہسپتال قائم کررہے ہیں جہاں بہترین صحت کی سہولیات کے ساتھ 250 بستروں کی تعداد ہوگی جبکہ اسی طرح سہولت دیگر ڈویژنل مراکز میں فراہم کی جائے گی۔

عالمی ادارہ صحت کے نمائندے نے کورونا وائرس کے خلاف سندھ حکومت کی کوششوں کو سراہا اور وزیراعلیٰ پر زور دیا کہ عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے لیے سخت اقدامات کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عالمی ادارہ صحت کے نمائندے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف اورنرس کی تربیت دیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024