• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

کورونا وبا: سندھ میں اموات 500 سے متجاوز، ملک میں مجموعی متاثرین 74ہزار 320 ہوگئے

شائع June 1, 2020 اپ ڈیٹ June 2, 2020
پاکستان میں مئی میں سب سے زیادہ کیسز اور اموات سامنے آئیں—فائل فوٹو: رائٹرز
پاکستان میں مئی میں سب سے زیادہ کیسز اور اموات سامنے آئیں—فائل فوٹو: رائٹرز

دنیا بھر میں پھیلنے والے نوول کورونا وائرس نے پاکستان میں بھی اپنے پنجے گاڑ دیے ہیں اور اس سے یومیہ ہزاروں لوگ متاثر جبکہ درجنوں اموات بھی ہورہی ہیں۔

ملک میں اس عالمی وبا کے اب تک 74 ہزار 320 مصدقہ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 1574 تک جاپہنچی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آج ابھی تک 3252 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 54 اموات کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی اس وبا کو 3 ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے اور اس عرصے کے دوران اس میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اضافہ ہوا جبکہ مئی کا مہینہ اب تک کا بدترین ماہ ثابت ہوا۔

فروری کے آخر اور مارچ کے ماہ کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 2 ہزار تک تھی جبکہ 26 اموات ہوئیں تھیں۔

اپریل میں اس میں کچھ تیزی دیکھی گئی اور ملک میں وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ساڑھے 16 ہزار تک پہنچی جبکہ اموات بڑھ کر 385 تک پہنچ گئیں۔

تاہم مئی کا مہینہ کیسز میں اچانک تیزی آئی اور سیکڑوں میں آنے والے کیسز ہزاروں میں پہنچ گئے جبکہ یومیہ اموات بھی درجنوں میں جا پہنچیں۔

صرف مئی کے مہینے میں پاکستان میں 54 ہزار سے زائد کیسز اور 1100 سے زائد اموات ریکارڈ کی گئیں جو تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔

آج (یکم جون) کو بھی ملک میں کورونا وبا کے نئے کیسز اور اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ گئی۔

سندھ

صوبہ سندھ میں آج کورونا وائرس کے مزید 1402 کیسز اور 22 اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں صوبے میں 1402 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 29 ہزار 647 ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 22 مریض انتقال کرگئے جس کے باعث صوبے میں کورونا سے اموات کی تعداد 503 تک جاپہنچی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ اس وقت 14 ہزار 554 مریض زیرعلاج ہیں جن میں سے 13 ہزار 346 مریض گھروں میں، 113 آئسولیشن مراکز اور 1095 مریض ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جبکہ 342 کی حالت تشویشناک ہے۔

پنجاب

ادھر پنجاب میں کورونا وائرس کے 1184 نئے کیسز اور مزید 22 اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔

ترجمان صوبائی پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈپارٹمنٹ کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 1184 کیسز کی تصدیق کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 26 ہزار 240 ہوگئی۔

علاوہ ازیں مزید 22 افراد کے انتقال کے بعد صوبے میں عالمی وبا سے اموات کی تعداد 497 ہوگئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج بھی کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آئے جبکہ ایک موت بھی واقع ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں مزید 171 افراد کورونا سے متاثر ہوئے جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 2 ہزار 589 ہوگئی۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک فرد کے انتقال کی بھی تصدیق ہوئی جس سے اموات کی تعداد 27 سے بڑھ کر 28 ہوگئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی جانب سے کورونا کے 458 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 10485 ہوگئی۔

صوبے میں وائرس سے مزید 9 اموات بھی واقع ہوئیں اور پشاور اور باجوڑ میں 2، 2 جبکہ سوات، لوئر دیر، بونیر، ملاکنڈ اور کوہاٹ میں ایک، ایک مریض جاں بحق ہوا۔

اس اضافے کے بعد خیبر پختونخوا میں مجموعی اموات 482 ہوگئی ہیں۔

گلگت بلتستان

ادھر گلگت بلتستان میں کیسز میں اچانک اضافہ دیکھا گیا اور ایک روز میں مزید 33 افراد اس وائرس کا شکار ہوگئے۔

ان نئے کیسز کے بعد علاقے میں اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد 678 سے بڑھ کر 711 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

علاوہ ازیں آزاد کشمیر میں بھی کورونا کے نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

اگرچہ اس وقت آزاد کشمیر اس وبا سے سب سے کم متاثر علاقہ ہے تاہم وہاں مزید 4 نئے کیسز آنے کے بعد کیسز 251 سے 255 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

تاہم جہاں ملک میں کیسز کی تعداد اس تیزی سے بڑھ رہی وہیں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 812 افراد صحتیاب ہوگئے۔

جس کے بعد ملک میں اب تک اس وبا کو شکست دینے والوں کی تعداد 25 ہزار 271 سے بڑھ کر 26 ہزار 83 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں ان تمام کیسز، اموات اور صحتیاب ہونے والوں کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے۔

مصدقہ کیسز: 74320

اموات: 1574

صحتیاب 26083

فعال کیسز: 46663

اس وقت سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے اور وہاں کیسز 29 ہزار 647 ہیں، جس کے بعد پنجاب کی تعداد ہے اور وہاں 26 ہزار 240 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں اس وبا سے 10 ہزار 485 لوگ متاثر ہوئے ہیں وہیں بلوچستان میں یہ تعداد 4 ہزار 393 ہے۔

اسلام آباد میں 2589، گلگت بلتستان میں 711 اور آزاد کشمیر میں 255 لوگوں کو یہ وبا اپنا شکار بنا چکی ہے۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے۔

سندھ: 503

پنجاب: 497

خیبرپختونخوا: 482

بلوچستان: 47

اسلام آباد: 28

گلگت بلتستان:11

آزاد کشمیر: 06


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 68 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1400 سے تجاوز کرچکی ہے۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024