• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

مجھے روایتی تعلقات سمجھ نہیں آتے، صبا قمر

شائع May 31, 2020
ایسے تعلقات سے ڈرتی ہوں جن میں لڑائیاں ہوں، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام
ایسے تعلقات سے ڈرتی ہوں جن میں لڑائیاں ہوں، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام

معروف ادکاارہ صبا قمر نے حال ہی میں اپنی یوٹیوب ویڈیو میں انکشاف کیا تھا کہ ماضی میں کسی مرد کے ساتھ نامناسب تعلقات کی وجہ سے ان کی زندگی کے 8 سال تباہ ہوگئے۔

صبا قمر نے ویڈیو میں انکشاف کیا تھا کہ وہ کسی کے ساتھ 8 سال تک تعلقات میں رہیں تاہم اس تعلق کا انجام بہت برا ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ’بہت چھوٹی عمر سے ہی، لڑکیوں کو سکھایا جاتا ہے کہ بھلے وہ مر جائیں لیکن اپنی زندگی میں آنے والی پہلے مرد کو کبھی نہیں چھوڑیں، اسی ایک جملے نے ان کی زندگی کے 8 سال تباہ کردیے‘۔

صبا قمر کے مطابق ان کے ساتھ برا سلوک کیا گیا اور بعدازاں کسی دوسری خاتون کے لیے انہیں چھوڑ دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایک تعلق کو بچانے کے لیے زندگی کے 8 سال تباہ کردیے، صبا قمر

انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ ’وہ ان سے جھوٹ بولتا، برا سلوک کرتا، ان کی تذلیل کرتا تھا اور بعدازاں معافی مانگ لیتا، ان کے لیے یہ تعلق اہم تھا کیوں کہ وہ شادی کے حوالے سے سوچتی تھیں اسی لیے 8 سال اسے قائم رکھا یہ سوچ کر کہ وہ بہتر ہوجائے گا، لیکن وہ بہتر نہیں ہوا بلکہ اس نے ان کے ذہن کو تباہ کردیا‘۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

اور اب انہوں نے اداکارہ ثمینہ پیرزادہ کے ساتھ انٹرویو میں تعلقات اور محبت کے حوالے سے کھل کر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ان کی زندگی میں ایسا کوئی شخص نہیں ہے جنہیں وہ زندگی کا حصہ بنا سکیں البتہ وہ احترام والا پیار سب سے کرتی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں صبا قمر کا کہنا تھا کہ وہ ایسے شخص کو ساتھی بنانا چاہیں گی جو اپنی ذات سے خوش ہو، وہ ان کی طرح کسی چیز سے ڈرتا نہ ہو۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ پیار غیر مشروط ہونا چاہیے، اس میں لین دین کے معاملات نہ ہوں اور اسی وجہ سے انہیں روایتی تعلقات ہی سمجھ نہیں آتے۔

مزید پڑھیں: صبا قمر کا نیا منصوبہ

صبا قمر نے روایتی تعلقات کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ لوگ پہلے ہی طے کر لیتے ہیں کہ اتنی عمر میں شادی ہوجانی چاہیے، اتنی عمر میں بچے ہوجانے چاہئیں اور اس عمر میں یہ کرنا ہے اور اس عمر میں یہ ہوجانا چاہیے۔

انہوں نے سوال کیا کہ ہوجانا کیا ہوتا ہے؟ اور لوگ زندگی گزار رہے ہیں مگر انہیں زندگی جینی ہے، انہیں ہر لمحے میں جینا ہے۔

اداکار نے کہا کہ انہیں یہ نہیں ہے کہ وہ کسی سے شادی کرلیں اور وہ ساری زندگی گالیاں کھاتی رہیں، پٹتی اور مرتی رہیں، جیسے ان کی والدہ نے زندگی گزاری، انہیں ایسی زندگی گزارنے سے ڈر لگتا ہے۔

صبا قمر کا کہنا تھا کہ انہیں ایسے تعلقات سے ڈر لگتا ہے جن میں لڑائیاں اور جھگڑے ہوتے ہیں۔

انٹرویو کے دوران صبا قمر نے فیمنزم پر بھی بات کی اور کہا کہ انہیں بس اتنا معلوم ہے کہ مرد و خواتین کے حقوق یکساں ہیں اور ان کے خیال میں یہ بھی غلط ہے کہ اگر کسی پانچ بہنوں کا ایک ہی بھائی ہے تو اس پر پانچوں بہنوں کی ذمہ داری نہیں ہونی چاہیے۔

صبا قمر نے مزید کہا کہ انہیں اب سوشل میڈیا سے ڈر نہیں لگتا اور وہ کیوں ڈریں؟ ان کے مطابق اب وہ لوگوں سے ڈرتی اور گھبراتی نہیں ہیں اور ان کے ڈرنے یا گھبرانے سے خوف ختم نہیں ہوگا۔

انٹرویو کے دوران صبا قمر نے بولی وڈ اداکار عرفان خان کے ساتھ ہندی میڈیم میں کام کرنے کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ انہوں نے عرفان خان سے بہت کچھ سیکھا اور انہیں اچانک ہی ان کے ساتھ فلم میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024