• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کورونا وائرس: پاکستان میں کیسز 71 ہزار سے بڑھ گئے، اموات 1500 سے متجاوز

شائع May 31, 2020 اپ ڈیٹ June 1, 2020
پاکستان میں صحتیاب افراد کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے—اے ایف پی
پاکستان میں صحتیاب افراد کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے—اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس دن بدن تیزی سے پھیل رہا ہے اور گزشتہ 2 روز سے کیسز اور اموات کی تعداد میں اچانک تیزی آئی ہے اور اب تک ملک میں مجموعی طور پر متاثرہ افراد کی تعداد 71 ہزار 68 ہوگئی جبکہ اموات 1520 تک پہنچ گئیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں آج ابھی تک مزید 2785 مریض آئے جبکہ 79 اموات بھی رپورٹ ہوئیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایک روز میں 3 ہزار سے زائد کیسز اور 77 اموات رپورٹ ہوئی تھی جبکہ اس سے ایک روز قبل 2500 سے زائد کیسز اور ریکارڈ 81 اموات سامنے آئی تھیں۔

خیال رہے کہ ملک میں 26 فروری کو کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا اور اس کے بعد سے اب تک اس وبا کے پھیلاؤ میں بتدریج اضافہ ہی ہوا ہے۔

ابتدا میں یہ وبا اتنی تیزی سے نہیں پھیلی اور اس کے کیسز کم رپورٹ ہوئے جس کی ایک بڑی وجہ ٹیسٹنگ کا کم ہونا تھا تاہم وقت گزرنے کے ساتھ اور ٹیسٹنگ کی صلاحیت میں اضافے کے بعد اب یومیہ ہزاروں کی تعداد میں کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔

ڈان نیوز کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق 26 فروری سے 31 مارچ تک پاکستان میں تقریباً 2 ہزار کیسز اور 26 اموات تھیں، جو بعد ازاں 30 اپریل تک 385 تک پہنچ گئیں جبکہ کیسز ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے۔

تاہم مئی کے مہینے میں یہ وائرس اب تک کی سب سے خطرناک صورتحال تک پہنچا اور 30 روز کے دوران کیسز میں 51 ہزار سے زائد کیسز اور ایک ہزار سے زائد اموات کا اضافہ ہوا۔

آج (31 مئی) کو بھی پاکستان میں کورونا کے مزید مریض اور اموات سامنے آئیں جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد بھی بڑھی۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 885 نئے کیسز اور 16 اموات کی تصدیق ہوئی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں 4100 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 885 کے نتائج مثبت آئے اور اس طرح مجموعی کیسز کی تعداد 28 ہزار 245 ہوگئی۔

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مزید 16 اموات بھی ہوئیں جس کے بعد یہ تعداد 481 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

پنجاب میں بھی کورونا وائرس کے مزید 952 کیسز اور ایک روز کی ریکارڈ 36 اموات کا اضافہ ہوا۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق صوبے میں ان نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 25 ہزار 56 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں ایک روز کے دوران مزید 36 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس کے ساتھ ہی پنجاب میں مجموعی اموات کی تعداد 475 ہوگئی۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں آج ایک روز میں اب تک کے ریکارڈ کیسز اور اموات سامنے آئیں۔

سرکاری سطح پر قائم ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں مزید 226 لوگ اس وبا سے متاثر ہوئے جبکہ 4 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

جس کے بعد اب تک اسلام آباد میں متاثر ہونے والوں کی تعداد 2192 سے بڑھ کر 2418 ہوگئی اور اموات بھی 23 سے بڑھ کر 27 ہوگئیں۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے مزید 487 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 10027 ہوگئی۔

بیان میں وائرس سے مزید 20 اموات کی بھی تصدیق کی گئی جن میں سے 8 مریضوں کی پشاور، 4 کی سوات، 2 کی ہری پور جبکہ مردان، ڈیرہ اسمٰعیل خان، اپر دیر، لوئر دیر، بٹگرام اور باجوڑ میں ایک، ایک مریض جاں بحق ہوا۔

اموات میں اضافے کے بعد صوبے میں جاں بحق مریضوں کی مجموعی تعداد 473 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان نے کورونا وائرس کے 200 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 4393 ہوگئی۔

صوبے میں اور مریض بھی وبا کا شکار ہوکر دم توڑ گیا جس کے بعد یہاں مصدقہ اموات کی تعداد 47 ہوگئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان میں کورونا کے 2939 فعال کیسز موجود ہیں جبکہ 1507 شفایاب ہوچکے ہیں۔

گلگت بلتستان

ادھر گلگت بلتستان میں بھی کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا جبکہ اموات بھی ریکارڈ کی گئیں۔

اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں 18 نئے کیسز آگئے جس کے بعد متاثرین کی تعداد 660 سے بڑھ کر 678 ہوگئی۔

اس کے علاوہ 2 اموات بھی رپورٹ ہوئیں جس سے یہ تعداد 9 سے بڑھ کر 11 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

دریں اثنا آزاد کشمیر میں بھی اس عالمی وبا کے مزید متاثرین کا اضافہ ہوا۔

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 17 نئے مریض سامنے آئے جس کے بعد متاثرین کی تعداد 234 سے بڑھ کر 251 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

علاوہ ازیں ملک میں ان کیسز اور اموات کے باجود صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1140 افراد نے اس وائرس کو شکست دے دی۔

جس کے بعد ملک میں اب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 24 ہزار 131 سے بڑھ کر 25 ہزار 271 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں ان تمام کیسز، اموات اور صحتیاب ہونے والوں کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے۔

مصدقہ کیسز: 71068

اموات: 1520

صحتیاب 25271

فعال کیسز: 44078

اس وقت سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے اور وہاں کیسز 28 ہزار 245 ہیں، جس کے بعد پنجاب کی تعداد ہے اور وہاں 25ہزار 56 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں اس وبا سے 10 ہزار 27 لوگ متاثر ہوئے ہیں وہیں بلوچستان میں یہ تعداد 4 ہزار 393 ہے۔

اسلام آباد میں 2418، گلگت بلتستان میں 678 اور آزاد کشمیر میں 251 لوگوں کو یہ وبا اپنا شکار بنا چکی ہے۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے۔

سندھ: 481

پنجاب: 475

خیبرپختونخوا: 473

بلوچستان: 47

اسلام آباد: 27

گلگت بلتستان:11

آزاد کشمیر: 06


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 68 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1400 سے تجاوز کرچکی ہے۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024