• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کورونا وبا: پاکستان میں ایک روز میں مزید 77 اموات، سندھ سب سے زیادہ متاثر صوبہ

شائع May 30, 2020 اپ ڈیٹ May 31, 2020
پاکستان میں کیسز اور اموات کی شرح تیزی سے بڑھ رہی ہے—فائل فوٹو: اے پی
پاکستان میں کیسز اور اموات کی شرح تیزی سے بڑھ رہی ہے—فائل فوٹو: اے پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا تشویشناک صورتحال اختیار کر رہی ہے اور گزشتہ روز ملک میں ہلاکت خیز دن ثابت ہونے کے بعد آج مزید کیسز اور اموات سامنے آگئیں۔

ملک میں ان نئے کیسز و اموات کے بعد اب تک کی مجموعی کیسز کی تعداد 68 ہزار 283 ہے جبکہ 1441 اموات ہوچکی ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آج ابھی تک 3067 نئے کیسز اور 77 اموات کا اضافہ ہوا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ملک میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کے حساب سے بدترین دن ثابت ہوا اور ایک روز میں 81 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

یہ ملک میں 3 ماہ کے عرصے میں ہونے والی اموات میں ایک روز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

یاد رہے کہ ملک میں 26 فروری 2020 کو کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جبکہ اس وبا سے ملک میں پہلی موت 18 مارچ کو رپورٹ ہوئی تھی۔

اس وائرس کے آغاز سے لے کر اب تک یہ مختلف انداز میں پھیلا اور ابتدا میں اس کا پھیلاؤ کم تھا اور درجنوں کی تعداد میں کیسز رپورٹ ہوتے تھے جو بڑھ کر پہلے سیکڑوں ہوئے اور اب ہزاروں تک پہنچ گئے ہیں۔

ڈان نیوز ٹی وی کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق 26 فروری سے 31 مارچ تک پاکستان میں لگ بھگ 2 ہزار کیسز اور 26 اموات تھیں۔

جو اپریل میں بڑھ کر مہینے کے آخر تک 385 تک پہنچ گئیں جبکہ کیسز کی تعداد ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

تاہم مئی کے 29 روز میں کیسز میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا اور 48 ہزار سے زائد نئے کیسز اور 979 اموات رپورٹ ہوئیں۔

آج (30 مئی) کو بھی ملک میں کورونا وبا کے نئے کیسز اور اموات سامنے آئیں۔

تاہم صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی بڑا اضافہ ہوا۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس سے مزید 1247 افراد متاثر جبکہ ایک روز کی سب سے زیادہ 38 اموات سامنے آگئیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 481 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 1247 کے نتائج مثبت آئے۔

ان نئے کیسز کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 27 ہزار 360 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 38 اموات بھی ہوئیں اور کورونا کے باعث اموات بڑھنے پر دل افسردہ ہے۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ روز ایک دن میں 31 اموات سامنے آئی تھیں۔

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ آج ہونے والی 38 اموات کے بعد مجموعی تعداد 465 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں بھی کورونا وائرس کے مزید 1140 نئے کیسز اور 29 اموات سامنے آگئیں۔

ڈائریکٹریٹ جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں مزید 1140 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی تعداد 24 ہزار 104 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مزید 29 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 439 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں کورونا وبا کے مزید 92 نئے کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے ان نئے کیسز کے بعد وہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 2100 سے بڑھ کر 2192 ہوگئی۔

اس کے علاوہ ایک اور شخص کے انتقال کے بعد اموات 22 سے بڑھ کر 23 ہوگئیں۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی جانب سے وائرس سے مزید 473 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 9540 ہوگئی۔

کورونا سے مزید 8 اموات کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد یہاں وبا سے جاں بحق افراد کی تعداد 453 ہوگئی ہے۔

نئے مریضوں میں سے 4 پشاور جبکہ چارسدہ، سوات، بونیر اور ایبٹ آباد میں ایک، ایک شخص جاں بحق ہوا۔

گلگت بلتستان

ادھر گلگت بلتستان میں اس عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 660 تک پہنچ گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں مزید 2 افراد کو وائرس نے متاثر کیا۔

اب تک وہاں ہونے والی اموات کی تعداد 9 ہے۔

آزاد کشمیر

اسی طرح آزاد کشمیر جو ملک کے دیگر حصوں کے مقابلے میں سب سے کم متاثر ہوا ہے وہاں بھی 7 نئے کیسز اور ہلاکت رپورٹ ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان 7 نئے کیسز کے بعد اب تک وہاں متاثرین کی تعداد 227 سے بڑھ کر 234 ہوگئی۔

اس کے علاوہ ایک فرد کی موت کے بعد اموات 5 سے بڑھ کر 6 ہوگئیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں مزید 106 کیسز کی تصدیق ہو گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق نئے کیسز منظر عام پر آنے کے بعد صوبے میں وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 ہزار 193 ہوگئی۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 46 ہوگئی ہے۔

صحتیاب افراد

دریں اثنا وائرس سے تیزی سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ سامنے آیا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 1826 افراد کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگئے۔

اس نئی تعداد کے بعد ملک میں اب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 22 ہزار 305 سے بڑھ کر 24 ہزار 131 ہوگئی ہے۔  

مجموعی صورتحال

ملک میں ان تمام کیسز، اموات اور صحتیاب ہونے والوں کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے۔

مصدقہ کیسز: 68283

اموات: 1441

صحتیاب 24131

فعال کیسز: 42711

اس وقت سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے اور وہاں کیسز 27 ہزار 360 ہیں، جس کے بعد پنجاب کی تعداد ہے اور وہاں 24 ہزار 104 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں اس وبا سے 9 ہزار 540 لوگ متاثر ہوئے ہیں وہیں بلوچستان میں یہ تعداد 4 ہزار 193 ہے۔

اسلام آباد میں 2192، گلگت بلتستان میں 660 اور آزاد کشمیر میں 234 لوگوں کو یہ وبا اپنا شکار بنا چکی ہے۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے۔

سندھ: 465

خیبرپختونخوا: 453

پنجاب: 439

بلوچستان: 46

اسلام آباد: 23

گلگت بلتستان: 09

آزاد کشمیر: 06


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 68 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1400 سے تجاوز کرچکی ہے۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024