• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ٹی20 ورلڈ کپ کا رواں سال انعقاد انتہائی خطرناک ہوگا، کرکٹ آسٹریلیا

شائع May 29, 2020 اپ ڈیٹ June 6, 2020
ٹی20 ورلڈ کپ رواں سال آسٹریلیا میں شیڈول ہے— فائل فوٹو بشکریہ آئی سی سی
ٹی20 ورلڈ کپ رواں سال آسٹریلیا میں شیڈول ہے— فائل فوٹو بشکریہ آئی سی سی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) رواں سال ٹی20 ورلڈ کپ کے انعقاد پر مصر ہے لیکن کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو نے ایونٹ کے انعقاد کو انتہائی خطرناک قرار دے دیا ہے۔

ٹی20 ورلڈ کپ رواں سال آسٹریلیا میں 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک شیڈول ہے، ایونٹ میں 16 ٹیموں نے شرکت کرنی ہے۔

مزید پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے التوا کی خبریں درست نہیں، آئی سی سی

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کیون رابرٹس نے کہا ہے کہ رواں سال اکتوبر اور نومبر میں شیڈول کے مطابق ایونٹ کا انعقاد انتہائی خطرے کا باعث ہو گا۔

موجودہ صورتحال میں ایونٹ کے التوا کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے تاہم سنگین حالات اور کورونا کے سبب درپیش خطرے کے باوجود آئی سی سی ایونٹ کے رواں سال ہی انعقاد پر مصر ہے۔

جمعرات کو آئی سی سی کے بورڈ کے اجلاس میں ایونٹ کے مستقبل کے حوالے سے بحث کی گئی لیکن پھر اس معاملے پر گفتگو کو 10 جون کو ہونے والے اجلاس تک موخر کردیا گیا۔

رابرٹس نے کہا کہ آئی سی سی کے لیے ورلڈ ٹی20 کی ٹائمنگ بہت اہم ہے، ہم سب پرامید ہیں کہ یہ اکتوبر ۔ نومبر میں منعقد ہو لیکن ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ ایونٹ کے انعقاد کے امکانات پر بہت بڑا خطرہ منڈلا رہا ہے اور یہ انتہائی خطرے کا باعث ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2020 کے شیڈول کا اعلان

انہوں نے کہا کہ اگر ورلڈ کپ ملتوی ہوتا ہے تو ایونٹ کو 2021 اور 2022 میں منعقد کرانے کے آپشن موجود ہیں، ہم تمام امکانات پر غور کر رہے ہیں جس میں دوسروں ملکوں سے چارٹرڈ فلائٹس کے ذریعے کھلاڑیوں کو لانے سمیت مختلف باتیں شامل ہیں۔

رابرٹس کا کہنا تھا کہ آئی سی سی آنے والے سالوں میں شیڈول متعدد ایونٹس کو بھی دیکھ رہا ہے، وہ سوچ رہے ہیں کہ آسٹریلیا میں شیڈول ایونٹ کو کب منعقد کیا جا سکتا ہے، آئندہ سال بھارت میں ٹی20 ورلڈ کپ شیڈول ہے اور پھر 2023 میں بھی بھارت نے ون ڈے ورلڈ کپ کی میزبانی کرنی ہے جبکہ ہم ویمن کرکٹ کو بھی نظرانداز نہیں کر سکتے کیونکہ اگلے سال کے اوائل میں نیوزی لینڈ میں ویمن ورلڈ کپ بھی شیڈول ہے۔

اس سے قبل کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ارل ایڈنگز نے رواں سال شیڈول ورلڈ کپ کو آئندہ سال منعقد کرانے کی تجویز پیش کی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ اگر اس سال آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈ کپ کو منسوخ کیا جاتا ہے اور اگر اسے اکتوبر اور نومبر 2022 میں شیڈول کیا جاتا ہے تو اس سے کرکٹ کو نقصان پہنچے گا۔

مزید پڑھیں: فاف ڈیوپلیسی کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے دہرے قرنطینہ کی تجویز

ایڈنگز نے اس کی جگہ تجویز پیش کی کہ آسٹریلیا کو اکتوبر ۔ نومبر 2021 میں ایونٹ کی میزبانی کرنے کی اجازت دی جائے اور بھارت کو اس کے بعد اگلے سال 2022 میں ایونٹ کی میزبانی دے دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا انتہائی کامیابی سے کورونا کے خطرے سے نمٹنے میں کامیاب رہا جس کا مطلب ہے کہ 2021 میں ایونٹ کے انعقاد کے کہیں زیادہ امکانات ہیں اور اس طرح بھارت کو کورونا کے مسائل سے نمٹنے کے لیے مزید ایک سال کا عرصہ مل جائے گا۔

ایونٹ کے انعقاد اور التوا کا حتمی فیصلہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کرے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024