• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستانی فلم 'آزاد' ٹی وی پر ریلیز ہوگی

شائع May 29, 2020
فلم کو آج ٹی وی پر نشر کیا جائے گا—پرومو فوٹو
فلم کو آج ٹی وی پر نشر کیا جائے گا—پرومو فوٹو

دنیا بھر میں پھیلے کورونا وائرس کی وجہ سے جہاں دیگر ممالک میں سینما ہاؤسز بند ہیں، وہیں پاکستان میں بھی سینما گھر گزشتہ تین ماہ سے بند ہیں اور ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ سینما گھر مزید کتنے عرصے تک بند رہیں گے۔

سینما گھروں کے بند ہونے کی وجہ سے جہاں کئی فلموں کی ریلیز روک دی گئی، وہیں کچھ فلموں کو آن لائن یا پھر کسی ٹی وی چینل پر نشر کیا جا رہا ہے اور ایسی ہی ایک فلم 'آزاد' بھی ہے، جسے 30 مئی کو نجی ٹی وی چینل آج پر نشر کیا جائے گا۔

فلم ساز، گلوکار، موسیقار و اداکار یاسر اختر کی فلم 'آزاد' کی تمام تر شوٹنگ برطانیہ میں ہوئی ہے اور اسے عید الفطر کے موقع پر پاکستانی سینما گھروں میں ریلیز کیا جانا تھا مگر سینما ہاؤسز بند ہونے کی وجہ سے اب اسے ٹی وی پر نشر کیا جا رہا ہے۔

فلم ساز یاسر اختر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ 'آزاد' کو 30 مئی کی شب کو 'آج' انٹرٹیمینٹ پر نشر کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: عید پر گھر میں رہتے ہوئے یہ بہترین پاکستانی فلمیں دیکھیں

فلم ساز کے مطابق سینما ہاؤسز بند ہونے کے باعث جہاں شائقین ان کی فلم کو بڑے پردے پر نہیں دیکھ سکے، وہیں وہ اس بات پر بہت خوش ہیں کہ شائقین ان کی فلم کو عید کی خوشیوں کے موقع پر ٹی وی اسکرین پر گھر میں رہتے ہوئے دیکھ سکیں گے۔

'آزاد' کی کہانی پاکستان چھوڑ کر برطانیہ منتقل ہونے والے ایک خاندان کے گرد گھومتی ہے مگر برطانیہ منتقل ہونے کے بعد اسی خاندان کے ساتھ دیگر پاکستانی خاندانوں اور افراد کی کہانیاں بھی فلم کا حصہ بنتی ہیں۔

فلم کی مرکزی کہانی ایک ایسی پاکستانی خاتون کے گرد گھومتی ہے جو پاکستان میں اپنے شوہر کے قتل کے بعد اپنے کم عمر بچوں سمیت برطانیہ منتقل ہوجاتی ہیں، جہاں انہیں آگے بڑھنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔

فلم کی مرکزی کاسٹ میں پروین اکبر، مومل شیخ، گگن چوپڑا، عمران علی اسد، حرا تسحین اور خود یاسر اختر شامل ہیں۔

فلم میں یاسر اختر نے آزاد نامی لڑکے کا کردار ادا کیا ہے جو اپنے والد کے قتل کے بعد والدہ کے ساتھ برطانیہ منتقل ہوجاتا ہے اور ان کی والدہ کا کردار پروین اکبر نے ادا کیا ہے، فلم میں ان کے بھائی کا کردار گگن چوپڑا نے نبھایا ہے۔

فلم میں مومل شیخ کو بھی مرکزی کردار میں دکھایا گیا ہے جو اپنے لاپتہ والد کی تلاش میں رہتی ہیں اور وہ فلم میں آزاد کی پڑوسن بھی بنی ہیں، تاہم فلم کی کہانی ٹریجڈی، سسپنس اور مذاح سے بھرپور ہے۔

فلم کے جاری کیے گئے ٹریلر سے فلم کی مکمل کہانی کو سمجھنا مشکل ہے اور ٹریلز سے یہ اندازہ بھی نہیں ہوتا کہ کس طرح آزاد اور یاسمین میں محبت ہوجاتی ہے۔

فلم کی اچھی بات یہ ہےکہ اس میں یاسر اختر کا مقبول گانا سائیاں بھی شامل کیا گیا ہے، جس نے برطانیہ سمیت پاکستان میں دھوم مچائی تھی۔

فلم کی کہانی رومی زاید نے لکھی ہے جب کہ یاسر اختر نے اس میں اداکاری اور گلوکاری کرنے کے بجائے اس کی ہدایات بھی دی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024