• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کورونا وائرس: ملک میں ایک روز میں ریکارڈ 81 اموات، متاثرین کی تعداد 65 ہزار سے زائد

پاکستان میں کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے—فائل فوٹو: اے پی
پاکستان میں کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے—فائل فوٹو: اے پی

دنیا بھر میں پھیلی وبا کورونا وائرس جہاں لاکھوں کو متاثر و ہلاک ہوئے ہیں وہی اب یہ وبا پاکستان میں اپنے پنجے گاڑ رہی ہے اور اب تک یہاں 65 ہزار 216 متاثر جبکہ 1364 لوگ موت کا شکار ہوچکے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آج ملک میں کورونا وبا کے باعث 81 اموات ہوئیں، تاہم 2 ہزار سے زائد لوگ صحتیاب بھی ہوگئے۔

26 فروری کو ملک میں کورونا وبا کے پہلے کیس کے سامنے آتے ہیں مختلف طرح کی پابندیاں اور لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا جو بعدازاں نرم کردیا گیا۔

ابتدائی طور پر اس وائرس کا پھیلاؤ کافی حد تک کم تھا، تاہم جوں جوں وقت گزرتا گیا، اس وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی آتی رہی اور مئی کا مہینہ اب تک کے لیے سب سے تشویشناک ثابت رہا۔

پاکستان میں پہلے کیسز 31 مارچ تک ایک ماہ سے زائد کے عرصے میں 2 ہزار سے زائد مصدقہ کیسز اور 26 اموات ریکارڈ ہوئیں تھیں۔

جس کے بعد اپریل کے مہینے میں ان کیسز اور اموات میں تیزی آئی اور 30 اپریل تک یہ ساڑھے 16 ہزار سے زائد کیسز اور 385 اموات تک پہنچ گئی۔

تاہم مئی کے مہینے میں ان کیسز میں بہت زیادہ تیزی آگئی اور 28 روز کے دوران 46 ہزار سے زائد کیسز 898 اموات کا اضافہ ہوا۔

آج (29 مئی) کو پاکستان میں اس وبا کے نئے کیسز اور اموات کی تصدیق ہوئی۔

سندھ

سندھ میں آج کورونا وائرس کے مزید 804 نئے کیسز اور ایک روز کی ریکارڈ 31 اموات سامنے آئیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3316 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 804 مثبت آئے۔

ان نئے کیسز کے بعد سندھ میں متاثرہ افراد کی تعداد 26113 تک پہنچ گئی۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 31 اموات بھی ہوئیں، اب تک کورونا سے ایک روز میں ہونے والی سب سے زیادہ اموات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان 31 مریضوں کا انتقال بہت تکلیف دہ ہے، اللہ ہم پر رحم کرے، ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ صوبے میں اب تک مجموعی اموات 427 تک پہنچ گئی ہیں۔

پنجاب

پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 927 کیسز اور 29 اموات ریکارڈ کی گئیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق صوبے میں ان نئے کیسز کے بعد مجموعی متاثرین 22 ہزار 964 تک پہنچ گئے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا پنجاب میں مزید 29 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد اس وائرس سے اب تک ہونے والی اموات 410 ہوگئیں۔

اسلام آباد

اسلام آباد جو ابتدا میں اس وائرس سے کم متاثر علاقہ تھا وہاں اب کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار فراہم کرنے کے لیے بنائی گئی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں مزید 85 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 3 افراد زندگی کی بازی بھی ہار گئے۔

جس کے بعد وہاں اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد 2100 جبکہ اموات 22 ہوگئی ہیں۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 225 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 9067 ہوگئی۔

صوبے میں وبا سے مزید 13 افراد جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد خیبر پختونخوا میں وائرس سے اموات کی تعداد 445 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 471 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 4057 ہوگئی۔

بیان میں کورونا سے مزید 5 اموات کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد بلوچستان میں وبا سے جاں بحق مریضوں کی تعداد 46 ہوگئی ہے۔

تاہم کورونا سے متعلق یومیہ صورتحال کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ان 46 کے علاوہ مزید 30 بھی شاید وائرس کا شکار ہوکر زندگی کی بازی ہا ر گئے، تاہم ان کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

محکمے نے کہا کہ وہ رپورٹ نہ ہونے والی کورونا سے اموات کی نشاندہی کے لیے وہ اپنی پالیسی میں تبدیلی لا رہا ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں بھی کورونا مریضوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں اس عالمی وبا کے 7 نئے کیسز سامنے آگئے۔

جس کے بعد وہاں اب تک اس وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 651 سے بڑھ کر 658 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے مزید 8 نئے مریضوں کا اضافہ ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق ان نئے مریضوں کے بعد اس وائرس سے سب سے کم متاثر علاقے میں متاثرہ افراد کی تعداد 219 سے بڑھ کر 227 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

علاوہ ازیں ملک میں وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ بھی دیکھا گیا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وبا سے 2ہزار 74 مریض شفایاب ہوگئے۔

جس کے بعد اب تک ملک میں اس وبا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 20 ہزار 231 سے بڑھ کر 22 ہزار 305 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں ان تمام کیسز، اموات اور صحتیاب ہونے والوں کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے۔

مصدقہ کیسز: 65216

اموات: 1364

صحتیاب 22305

فعال کیسز: 41547

اس وقت سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے اور وہاں کیسز 26 ہزار 113 ہیں، جس کے بعد پنجاب کی تعداد ہے اور وہاں 22 ہزار 964 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں اس وبا سے 9 ہزار 67 لوگ متاثر ہوئے ہیں وہیں بلوچستان میں یہ تعداد 4 ہزار 87 ہے۔

اسلام آباد میں 2100، گلگت بلتستان میں 658 اور آزاد کشمیر میں 227 لوگوں کو یہ وبا اپنا شکار بنا چکی ہے۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے۔

خیبرپختونخوا: 445

سندھ: 427

پنجاب: 410

بلوچستان: 46

اسلام آباد: 22

گلگت بلتستان: 09

آزاد کشمیر: 05


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 62 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1200 سے تجاوز کرچکی ہے۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024