• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، شہباز شریف

شائع May 28, 2020
مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے کورونا کے سبب سادگی سے یوم تکبیر منانے کا اعلان کیا— فائل فوٹو: اے ایف پی
مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے کورونا کے سبب سادگی سے یوم تکبیر منانے کا اعلان کیا— فائل فوٹو: اے ایف پی

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے عالمی طاقتوں کی دھمکیوں کے باوجود ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کے دفاع کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ناقابل تسخیر بنا دیا اور پاکستان ایک ایٹمی قوت کے طور پر دنیا کے نقشے پر ابھر کر سامنے آیا۔

یوم تکبیر کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ جب ہندوستان نے پانچ ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کو مرعوب کرنے کی کوشش کی، تو پاکستان کے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف چھ ایٹمی دھماکے کر کے ناصرف پاکستان کے دفاع کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ناقابل تسخیر بنا دیا بلکہ دشمن کے دانت بھی کھٹے کردیے۔

مزید پڑھیں: یوم تکبیر: پاکستان کو ایٹمی طاقت بنے 22 برس ہوگئے

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے عرب ممالک کے معاشی پیکج کو اس وقت حقارت سے ٹھکرایا کیونکہ ان کی نظر میں ملک کا مفاد مقدم تھا حالانکہ نواز شریف چاہتے تو بدلے میں معاشی پیکج لے سکتے تھے اور بل کلنٹن کی جانب سے پابندی کی دھمکیوں کے باوجود بھی ایٹمی دھماکا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ایٹمی قوت بنانے کے کام کا آغاز ذوالفقار علی بھٹو کے دور سے شروع ہوا اور تمام ادوار میں تمام سیاستدانوں اور سیاسی قیادتوں نے اس میں اپنا حصہ ڈالا اور 28 مئی کو پاکستان پوری دنیا میں واحد اسلامی ایٹمی قوت کے طور پر ابھر کر سامنے آیا۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ آج کورونا میں پوری دنیا گھری ہوئی ہے، پاکستان میں بھی کورونا نے بہت تباہی مچائی ہے اس لیے ہمیں 28مئی کے اس عظیم دن کو بڑی سادگی سے منانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: افغان جنگ نے پاکستان کو ایٹمی ہتھیار رکھنے میں مدد دی، امریکی دستاویز

شہباز شریف نے کہا کہ ہم سب نے مل کر پاکستان کی معیشت کو ٹھیک کرنے کے لیے میدان عمل میں نکلنا ہو گا اور جس طرح سے ہم نے پاکستان کو ایک جوہری طاقت بنایا، اس طرح ہم پاکستان کی معیشت کو جوہری معیشت بنائیں، یہ مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔

انہوں نے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان دنوں ہمیں قطعاً سیاست نہیں کرنی لیکن حقائق سے ہم جان نہیں چھڑا سکتے۔

ان کا کہنا تھا نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے شرح نمو 5.8 فیصد تک چھوڑی تھی، آج کورونا سے پہلے 1.9فیصد پر رہ گئی اور اس دوران تمام عرصے میں حکومت نے خوب شور مچایا کہ شرح نمو 3.9 فیصد ہے لیکن یہ سراسر غلط نکلا اور ان ہی کے اداروں نے کہا کہ جی ڈی پی 1.9فیصد ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی ایٹمی صلاحیت، پاکستان کی حفاظت کی ضامن

شہباز شریف نے کہا کہ اس ناقص حکمت عملی کی وجہ سے لاکھوں لوگ بے روزگار ہو گئے، زرعی معیشت تباہ ہو گئی، صنعتی معیشت تباہ ہو گئی، ٹڈی نے سندھ، پنجاب میں تباہی مچائی ہوئی ہے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا دفاع انتہائی مضبوط ہے لیکن دفاع اور معیشت کا چولی دامن کا ساتھ ہے اور اگر ہم اپنی معیشت کو مضبوط کر لیں گے تو کوئی ہمارا بال بھی بیکا نہیں کرسکے گا۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ ہماری موجودہ حکومت کے سربراہ بہت کنفیوز ہیں، انہیں نہ معیشت کا پتہ ہے، نہ سفارتکاری کا پتہ ہے، چاہے کورونا ہو اس میں کس طرح سے کنفیوژن پھیلائی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری معیشت کورونا کے آنے سے پہلے دم توڑ رہی تھی اور کورونا کے بعد رہی صحیح کسر بھی پوری ہو گئی لیکن یہ قائدانہ صلاحیت کی کمی ہے، یہ قوم کو اکٹھا کرنے کا نادر موقع تھا لیکن وزیر اعظم نے اسے گنوا دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایٹمی ہتھیاروں کی حفاظت وقت کی اہم ترین ضرورت

واضح رہے کہ 22 برس قبل 28 مئی 1998 کو پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں دھماکوں کے ذریعے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب دیا تھا۔

ان ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی 7ویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور اسی دن کو 'یوم تکبیر' کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024