پشاور: سینئر صحافی فخرالدین سید کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے
ملک میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور اب اس سے سینئر صحافی فخرالدین سید پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس (ایچ ایم سی) میں انتقال کرگئے۔
حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے ترجمان توحید ذوالفقار نے مذکورہ خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد صحافی گھر میں آئیسولیشن میں تھے لیکن ان کی صورتحال بگڑنے پر 5 روز قبل ہی انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ فخرالدین سید کا صحتیاب ہونے والے مریضوں کے پلازما سے علاج کیا جارہا تھا اور 'پلازما تھیراپی کے بعد ان کی صحت بہتر ہوئی تھی'۔
مزید پڑھیں: کورونا وائرس: 3 صحافی جاں بحق اور 156 متاثر ہوچکے ہیں، پی ایف یو جے
تاہم توحید ذوالفقار کا کہنا تھا کہ بدھ کی رات کو فخرالدین سید کی طبیعت پھر ناساز ہوئی، جس کے بعد انہیں انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) منتقل کیا گیا اور وینٹی لیٹر پر ڈال دیا گیا۔
متوفی صحافی نجی ٹی وی چینل 92 نیوز سے وابستہ تھے، اس سے قبل وہ مختلف معتبر میڈیا اداروں سے منسلک رہے جس میں روزنامہ جہاز، روزنامہ پاکستان، آج نیوز اور ڈان نیوز ٹی وی شامل ہے۔
انہوں نے سوگواران میں بیوہ اور 2 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔
کے پی حکومت کا فخرالدین سید کے اہل خانہ کو 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر اجمل وزیر کورونا وائرس سے سینئر صحافی فخرالدین سید کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحافی خطرے کے باوجود لوگوں کو اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) سے آگاہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صحافی فخرالدین سید کے اہل خانہ کو 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں پھیلنے والے کورونا وائرس سے درجنوں صحافی متاثر اور متعدد انتقال کرچکے ہیں۔
گزشتہ ماہ سینئر صحافی ظفر رشید بھٹی بھی کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے تھے، ان کی موت ملک میں اس شعبے سے وابستہ افراد کی پہلی موت تھی۔
70 سالہ ظفر رشید بھٹی سرکاری خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) میں انگریزی ڈیسک کے سربراہ تھے اور وہ ایجنسی کی یونین کو بھی دیکھتے تھے۔
علاوہ ازیں رواں ماہ میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ملک میں نوول کورونا وائرس سے میڈیا سے وابستہ 3 افراد جاں بحق جبکہ 156 متاثر ہوچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا کے باعث سینئر صحافی ظفر رشید بھٹی کا انتقال
رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ کووڈ 19 کے پھیلاؤ کے بعد سے کیمرا مین اور فوٹو جرنلسٹس سب سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں۔
خیال رہے کہ اس وقت تک ملک میں کورونا وائرس 61 ہزار سے زائد لوگوں کو متاثر کرچکا جبکہ 1260 افراد اس سے لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
اس وائرس سے اگرچہ سب سے زیادہ متاثر صوبہ سندھ ہے لیکن اموات کے حساب سے خیبرپختونخوا پہلے نمبر پر ہے اور وہاں اب تک 425 افراد کورونا سے انتقال کرچکے ہیں۔