قبرص کا کورونا کا شکار ہونے والے سیاحوں کو چھٹیوں کا خرچ دینے کا اعلان
مشرق وسطیٰ کے سیاحت کے لیے مقبول جزیرہ نما ملک قبرص کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اگر کوئی سیاح ان کے ملک میں آنے کے بعد کورونا کا شکار ہوا تو حکومت اس کی چھٹیوں کا خرچ ادا کرے گی۔
برطانوی نشریاتی ادارے 'بی بی سی' کی رپورٹ کے مطابق عوام کے نام جاری کیے گئے خط میں قبرص کی حکومت نے کہا ہے کہ وہ مریض اور اس کے اہلخانہ کے قیام، خوراک اور علاج کا پورا خرچ ادا کرے گی۔
تاہم سیاحوں کو ایئرپورٹ تک سفر اور اپنی فلائٹ کا خرچ خود اٹھانا پڑے گا۔
حکام نے کہا کہ کورونا کا شکار ہونے والے سیاحوں کے لیے 100 بستروں کا ایک ہسپتال بھی مختص کیا جائے گا اور ان کے اہل خانہ کو قرنطینہ میں رکھنے کے لیے ہوٹل مختص کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ’گینگ ریپ‘ کا ڈراما رچانے پر 19 سالہ لڑکی کو سزا
قبرص کی حکومت کی جانب سے یہ اعلان ان اقدامات کا حصہ ہے جو وہ ملک میں دوبارہ سیاحت کے فروغ کے لیے اٹھا رہی ہے۔
جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق قبرص میں اب تک 939 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ 17 اموات ہوچکی ہیں۔
سیاحت گزشتہ سال قبرص کی جی ڈی پی کا 15 فیصد تھا اور اسی لیے اب یہاں کی حکومت جلد از جلد سیاحوں کو دوبارہ جزیرے کی طرف متوجہ کرنا چاہتی ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان، قبرص پر ترکی کے موقف کی حمایت کرتا ہے،آرمی چیف
قبرص کے سیاحت کے نائب وزیر ساواس پرڈیوز نے کہا کہ 'کورونا کی وجہ سے ملک کی سیاحت کو شدید دھچکا لگا ہے، تاہم ہم سیاسحت کے بقیہ سیزن سے فائدہ اٹھانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں جبکہ ہم نے ملک میں وائرس کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے بھی بہت محنت کی ہے۔'
واضح رہے کہ قبرص کی حکومت جرمنی، یونان، اسرائیل اور مالٹا سمیت کم خطرات والے مختلف ممالک کے لیے 9 جون سے ملک کے ایئرپورٹس دوبارہ کھولنے پر غور کر رہی ہے۔