• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 55 ہزار 768، اموات 1156 ہوگئیں

شائع May 24, 2020 اپ ڈیٹ May 25, 2020
ملک میں کورونا سے صحتیاب افراد کی تعداد 17 ہزار سے تجاوز کرگئی—فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک میں کورونا سے صحتیاب افراد کی تعداد 17 ہزار سے تجاوز کرگئی—فائل فوٹو: اے ایف پی

دنیا بھر کے لاکھوں افراد کو متاثر و ہلاک کرنے والی عالمی وبا کورونا وائرس پاکستان میں تیزی سے پھیل رہی ہے اور ملک میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 55 ہزار 768 ہوگئی جبکہ 1156 لوگ انتقال کرچکے ہیں۔

سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج (24 مئی کو) پاکستان میں مزید 2167 مریضوں کا اضافہ ہوا جبکہ 33 افراد کورونا وائرس کے باعث زندگی کی بازی بھی ہار گئے۔

یاد رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری، 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا لیکن ابتدا میں اس کا پھیلاؤ سست رہا جس میں بعد میں تیزی کا رجحان دیکھا جارہا ہے۔

تاہم رواں ماہ مئی اس وائرس کے حساب سے ملک میں خطرناک صورتحال کی نشاندہی کررہا ہے اب تک پاکستان میں 34 ہزار سے زائد کیسز اور 700 سے زائد مزید اموات کا اضافہ ہوا۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مختلف پابندیاں عائد کی گئی تھیں اور بعدازاں لاک ڈاؤن بھی نافذ کیا گیا تھا، جو بعد ازاں رواں ماہ 9 مئی کو نرم کرتے ہوئے کاروباری مراکز اور مارکیٹیں کھولنے کی اجازت دی گئی تھی۔

علاوہ ازیں عیدالفطر کے موقع پر حکومت کی جانب سے نماز عید کے اجتماعات کی احتیاطی تدابیر کے ساتھ اجازت بھی دی گئی ہے۔

بلوچستان

بلوچستان کے محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران صوبے میں مزید 101 کورونا وائرس متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مجموعی تعداد 3407 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق صوبے میں مزید ایک شخص کورونا وائرس سے متاثر ہو کر جاں بحق ہوگیا جس کے بعد صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 40 ہوگئی ہے۔

صوبے میں فعال کورونا کیسز کی تعداد 2492 ہے۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت کی جانب سے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے جانے والے کورونا وائرس کے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران صوبے میں مزید 220 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 1905 ہوگئی ہے۔

ٹوئٹ میں مزید بتایا گیا کہ کورونا وائرس سے صوبے میں مزید 9 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد صوبے میں مجموعی اموات کی تعداد 398 ہوگئی ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ مزید 73 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد شفایاب افراد کی مجموعی کی تعداد 2469 ہوگئی ہے اور فعال کیسز کی تعداد 5038 ہے۔

پنجاب

پنجاب کے محکمہ صحت کے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران صوبے میں مزید 827 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 19557 تک پہنچ گئی ہے۔

علاوہ ازیں اسی عرصے میں وائرس سے مزید 8 اموات بھی رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 332 ہوگئی ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق اس وقت تک صوبے میں 6050 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 78 کی حالت تشویشناک ہے اور آج کیے جانے والے ٹیسٹ کی تعداد 5231 ہے تاہم اب تک مجموعی طور پر صوبے میں ایک لاکھ 97 ہزار 225 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔

سندھ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک جاری بیان میں عوام کو عید کی مبارکباد پیش کی اور ساتھ ہی صوبے میں کورونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مجموعی طور پر 3547 ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 846 کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آئے اور اس طرح یہ تناسب 24 فیصد رہا۔

انہوں نے آگاہ کیا کہ 24 فیصد کیسز کا مثبت آنا اب تک کی بڑی شرح ہے اور ساتھ ہی کہا کہ کیسز کا بڑھنا ہماری بے احتیاطی کا نتیجہ ہے۔

خیال رہے کہ نئے 846 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 22 ہزار 491 ہوگئی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 13 مزید مریض انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں وائرس سے متاثر ہو کر موت کے منہ میں جانے والوں کی تعداد 367 تک پہنچ چکی ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد جو وائرس سے کم متاثرہ علاقوں میں شامل تھا اب وہاں بھی دن بدن کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

سرکاری سطح پر کورونا وائرس کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں عالمی وبا کے مزید 135 کیسز اور 2 اموات سامنے آئیں۔

نئے اضافے کے بعد اسلام آباد میں کورونا متاثرین کی تعداد ایک ہزار 457 سے بڑھ کر ایک ہزار 592 جبکہ اموات 12 سے بڑھ کر 14 ہوگئیں۔

گلگت بلتستان

علاوہ ازیں گلگت بلتستان میں بھی عالمی وبا کے کیسز کی شرح ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتی جارہی ہے۔

سرکاری سطح پر کورونا وائرس کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج (24 مئی کو) گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 12 کیسز سامنے آئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 607 سے بڑھ کر 619 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

ادھر ملک میں کورونا وائرس سب سے کم متاثرہ علاقے آزاد کشمیر میں عالمی وبا کے مزید 26 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد آزاد کشمیر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 197 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

تاہم روزانہ کی بنیاد پر کورونا وائرس کے کیسز اور اموات میں اضافے کے باوجود وائرس کا شکار افراد کی تیزی سے صحتیابی مریضوں اور ان کے اہلِخانہ کے لیے حوصلہ افزا ہے۔

ملک میں جہاں مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے وہیں یومیہ کورونا وائرس کے مریض اس وبا کو شکست بھی دے رہے ہیں۔

اس وبا سے یومیہ سیکڑوں کی تعداد میں لوگ صحت مند بھی ہورہے ہیں۔

آج کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس سے 545 افراد صحتیاب ہوئے۔

جس کے ساتھ ہی اب تک ملک میں عالمی وبا کو شکست دینے والوں کی مجموعی تعداد 16 ہزار 653 سے بڑھ کر 17 ہزار 198 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

نئے کیسز کے اضافے کے بعد ملک میں مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو اب تک 55 ہزار 768 افراد متاثر ہوئے جن میں سے 1156 انتقال کرگئے جبکہ 17 ہزار 198مریض صحتیاب ہوئے یوں ملک میں 37 ہزار 414 فعال کیسز موجود ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 22 ہزار 491 ہے جبکہ پنجاب میں 19 ہزار 557 لوگ وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں عالمی وبا سے 7 ہزار 905 جبکہ بلوچستان میں 3 ہزار 407 افراد عالمی وبا کا شکار ہوئے ہیں۔

اسلام آباد میں یہ تعداد ایک ہزار 592 ہے جبکہ گلگت بلتستان میں 619 اور آزاد کشمیر میں 179 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے۔

  • خیبرپختونخوا: 398

  • سندھ: 367

  • پنجاب: 332

  • بلوچستان: 40

  • اسلام آباد: 14

  • گلگت بلتستان: 04

  • آزاد کشمیر: 01


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 55 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1150 سے تجاوز کرچکی ہے۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024