• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

عید کی خوشیوں میں ضرورت مندوں کو نظر انداز نہ کریں، صدر مملکت و وزیراعظم کا پیغام

ڈاکٹر عارف علوی کے مطابق قوم کو متحد ہوکر اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے کورونا وائرس کی وبا کا مقابلہ کرنا ہے—فائل فوٹو:ڈان
ڈاکٹر عارف علوی کے مطابق قوم کو متحد ہوکر اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے کورونا وائرس کی وبا کا مقابلہ کرنا ہے—فائل فوٹو:ڈان

دنیا کے مختلف ممالک کے ساتھ پاکستان میں بھی آج (24 مئی کو) کورونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کے ساتھ عید الفطر منائی جارہی ہے۔

خیال رہے کہ رواں برس ایک مرتبہ پھر ملک بھر میں عید ایک ہی روز منائی جارہی ہے۔

اس موقع پر جاری خصوصی پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قوم کو عیدالفطر کی مبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ وہ اللہ رب العزت سے دعاگو ہیں کہ وہ ہماری عبادتوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔

سرکاری خبر رساں ادارے 'اے پی پی' کی رپورٹ کے مطابق صدر عارف علوی نے کہا کہ یہ دن جہاں اپنوں کے ساتھ ایثار اور محبت کا ہے وہاں ضرورت مندوں اور مستحق افراد کی دلجوئی اور انہیں اپنی خوشیوں میں شریک کرنے کا بھی دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ عید کا دن یہ پیغام لے کر آتا ہے کہ اگر انسانیت، ایثار اور صبر و ہمدردی جیسی صفات کو ہم مستقل طور پر اپنی زندگی کا حصہ بنا لیں تو اللہ کا انعام ابدی طور پر ہمارا مقدر ہوں گے۔

مزید پڑھیں:وبا کے باعث دنیا بھر میں عیدالفطر کے رنگ پھیکے

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اس وقت تمام انسانیت کورونا وائرس کی تباہ کاریوں سے دوچار ہے اور بڑی بڑی طاقتیں اس وبا کے سامنے بے بس نظر آتی ہیں، قوم کو اس نازک صورتِ حال کا مقابلہ متحد ہوکر اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے کرنا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ عید الفطر کے اس بابرکت موقع پر ایثار و ہمدردی کامظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اردگرد کے ضرورت مندوں کا خصوصی خیال رکھیں اور دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ پوری دنیا کو اس آزمائش سے نکالے۔

عیدالفطر کے موقع پر عالم انسانیت گہری آزمائش سے گزر رہی ہے، وزیراعظم

علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس سال عید الفطر کے موقع پر عالم انسانیت گہری آزمائش سے گزر رہی ہے۔

سرکاری خبررساں ایجنسی 'اے پی پی' کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ عید کی خوشیوں میں ضرورت مند اور پسماندہ طبقات کو ہرگز نظر انداز نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں روزے کے ذریعے ہم نے اپنی زندگی میں جو تقوی، نظم و ضبط اور خیر خواہی کا جذبہ پیدا کیا تھا، اب ہماری یہ کوشش ہونی چاہیے کہ اس کو اپنی زندگی کا مستقل حصہ بنائیں۔

عمران خان نے کہا کہ اس سال عیدالفطر کے موقع پر عالم انسانیت گہری آزمائش سے گزر رہی ہے اور کورونا وائرس کے حوالے سے ساری دنیا پریشان ہے جبکہ تمام ممالک ہنگامی بنیادوں پر اس وبا کی روک تھام کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں کورونا کے باعث سادگی سے عیدالفطر منائی جا رہی ہے

وزیراعظم نے کہا کہ اس وائرس سے بچاؤ کے لیے طبی ماہرین کی ہدایات کے مطابق احتیاط برتنا ہی اس کی روک تھام کا واحد طریقہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں سماجی فاصلے، حفظان صحت کے اصولوں کو اختیار کرتے ہوئے ضرورت مند، نادار، مستحقین اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے طبقے کا خصوصی خیال رکھنا ہے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ان خوشی کے لمحات میں ہم ایک طرف خوشیاں تقسیم کر کے عید کو بامقصد اور باعث اطمینان بنا سکتے ہیں تو دوسری طرف احتیاطی و حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت کی طرف سے وضع کردہ قواعد وضوابط پر عمل کرکے اپنی، اپنے پیاروں اور اپنے ہم وطنوں کی قیمتی جانیں بچا سکتے ہیں۔

آرمی چیف کی قوم کو عید کی مبارکباد

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی قوم کو عید الفطر کی مبارک دی ہے۔

اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اللہ تعالی کی رہنمائی اور رحمتوں کی دعا کرتے ہیں۔

نیول چیف کا وبا، طیارہ حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی

عید الفطر کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے خصوصی پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ پوری دنیا، عالم اسلام اور پاکستان پر خصوصی رحمتیں نازل فرمائے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ عالمی اور ملکی سطح پر آزمائش کے اس وقت باہمی ایثار اور اخوت کے جذبے کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔

علاوہ ازیں نیول چیف نے کورونا وائرس کی وبا اور طیارہ حادثے کا شکار ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت اور لواحقین کو صبر عطا فرمائے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اس موقع پر پاک افواج کے شہداء کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

یہ عید انتہائی غیرمعمولی حالات میں آئی ہے، سربراہ پاک فضائیہ

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے بھی عیدالفطر کے موقع پر قوم کو مبارکباد دی۔

اس موقع پر جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ عید انتہائی غیرمعمولی حالات میں آئی ہے جب ایک طرف پوری قوم بڑی بہادری سے کورونا وائس جیسے وبائی مرض کا مقابلہ کررہی ہے جبکہ دوسری طرف ہمارے دل پی کے 8303 طیارے کے المناک حادثے پر غمناک ہیں۔

انہوں نے اس اندوہناک حادثےمیں شہید ہونے والوں اور کرونا وائرس سے جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔

سربراہ پاک فضائیہ نے اس موقع پر بھارتی مظالم کا سامنا کرنے والے کشمیریوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

عید پر بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں، وزیر داخلہ

وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے عید الفطر کے موقع پر قوم کے نام خصوصی پیغام میں قوم کو عید کی خوشیوں کی مبارک باد دی اور کہا کہ اس موقع پر انہیں نہ بھولیں جنہوں نے 2 روز قبل اپنے ورثا کو سوگوار چھوڑ دیا۔

سرکاری خبررساں ایجنسی 'اے پی پی' کی رپورٹ کے مطابق اعجاز احمد نے کہا کہ حادثے کے شکار تمام افراد کے لیے ایصال ثواب اور ان کے لواحقین کے لیے خصوصی دعا کرتا ہوں کے اللہ انہیں صبر جمیل عطا فرمائے۔

انہوں نے کہا کہ عید کی خوشیوں میں اپنا اور اپنے گردونواح کے لوگوں کا خیال رکھیں اور بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

خوشی کےموقع پر کورونا سے متاثرہ افراد کو نہ بھولیں، اسپیکر قومی اسمبلی

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے عید الفطر کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ خوشی کے اس موقع پر ہمیں کورونا سے متاثرہ افراد کو نہیں بھولنا چاہیے۔

سرکاری خبررساں ادارے 'اے پی پی ' کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ قوم سے اپیل ہے کہ وہ عید کے موقع پر احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ اس وبا سے محفوظ رہا جا سکے۔

اسد قیصر نے کہا کہ اس وقت پوری قوم ایک بڑی آزمائش سے گزر رہی ہے، کورونا وائرس جیسی عالمی وبا نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے،ہمارے متوسط طبقے، روزانہ کی اجرت پر کام کرنے والوں اور سفید پوش طبقے کو شدید معاش بحران کا سامنا ہے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات کو کورونا وائرس سے متاثرہ اور معاشی مشکلات کا سامنا کرنے والے خاندانوں کی مدد کر کے انہوں بھی اپنی خوشیوں میں شامل کرنے کی ضرورت ہے۔

اسد قیصر نے کہا کہ قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ عید کے موقع پر احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں، ہم مناسب سماجی فاصلہ اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے ہم اس مرض سے اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگیوں کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عید کے موقع پر ہمیں اپنے مظلوم کشمیری مسلمانوں کی بھی داد رسی کرنی چاہیے جو بھارتی حکومت کے ظلم و جبر کا شکار ہیں،عید کے موقع پر ہمیں اپنی دعاوں میں کشمیر کی آزادی کو خصوصی طور پر شامل رکھنا ہے۔

چیئرمین سینیٹ کی پاکستانی قوم کو عید کی مبارکباد

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے عید الفطر کے موقع پر اہل اسلام کو اور پاکستانی قوم کو عید کی مبارکباد دی ہے۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں رمضان المبارک کے فرائض و برکات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا۔

امریکی سفیر کی قوم کو عید کی مبارکباد

پاکستان میں تعینات امریکی سفارتی مشن کے سماجی رابطے کے ذرائع پر جاری ویڈیو پیغام میں سفیر پال جونز نے پاکستانیوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امریکی سفارتی مشن کی جانب سے عید کی مبارکباد پیش کرتے پیں اور ان تمام لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے رمضان میں روزے رکھے اور دوسروں کی مدد کی، ہم عید الفطر کی مزید خوشیوں کے منتظر ہیں۔

سفیر پال جونز نے پاکستان کے لیے 60 لاکھ ڈالر کی نئی امریکی امداد کا اعلان بھی کیا جو کہ ہسپتالوں میں نازک مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والے عملہ کی تربیت میں توسیع، حفظان صحت مراکز میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام اور وائرس سے شدید متاثرہ علاقوں میں رہائش پذیر پاکستانیوں کے لیے استعمال ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے سدباب کے لیے پاکستان کو ترجیحی ملک قرار دینے کے بعد سے لے کر اب تک امریکی حکومت 2 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی امداد دے چکی ہے۔

اپنے پیغام میں امریکی سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات کے جذبہ کے تحت پاکستان کی جانب سے امریکہ کو طبی سامان کی فراہمی پر بھی شکریہ ادا کیا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی قوم کو عید کی مبارکباد

علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے قوم کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے تمام عالم اسلام کو دل کی گہرائیوں سے عیدالفطر مبارک ہو۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ تمام عالمِ اسلام کو عیدالفطر کی برکتیں و فضیلتیں مبارک ہوں۔

بیان میں کہا گیا کہ اس عید پر اپنا اور اپنے پیاروں کی صحت و زندگی کا خاص خیال رکھتے ہوئے عید کی خوشیاں، گھر رہ کر منائیں۔

نواز شریف کی قوم کو عید کی مبارکباد

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے بھی قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد دی۔

عید کے موقع پر جاری خصوصی پیغام میں نواز شریف نے کہا کہ ‏اللہ تعالی رمضان المبارک میں کی جانے والی تمام عبادات کو قبول فرمائے، اپنی رحمت سے تمام انسانیت کو اس وبا سے محفوظ رکھے اور تمام بیمار لوگوں کو شفا عطا کرے۔

جتنا ممکن ہوسکے، عید اپنے گھر پر منائیں، مولانا فضل الرحمن

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے امت مسلمہ کو عیدالفطر کی مبارک باد دی۔

اس موقع پر جاری پیغام میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پوری دنیا اس وقت کورونا وائرس کے ساتھ جنگ لڑ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کورونا کی وباء کا سامنا کرنے کے ساتھ ساتھ طیارہ حادثے کا دکھ بھی سہہ رہے ہیں، ہمیں عید الفطر انتہائی سادگی سے منانی چاہیے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ عیدالفطر کے روز ہمیں جہاز حادثہ کے شہدا اور فرنٹ لائن کے ڈاکٹرز، پولیس کے جوان، اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو یاد رکھنا چاہیے۔

انہوں نے عوام کو ہدایت کی کہ جتنا ممکن ہوسکے، عید اپنے گھر پر منائیں اور عیدالفطر کے روز تفریحی مقامات اور سفر سے گریز کریں۔

پورا پاکستان آج ایک عید منا رہا ہے، فواد چوہدری

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھی قوم اور مسلم امہ کو عیدالفطر کی مبارکباد دی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ طیارہ حادثے اور کورونا کی وبا کے دکھوں کے درمیان عید خوشی تو لائی کہ پورا پاکستان آج ایک عید منا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طویل عرصے بعد پسنی سے لاہور اور کراچی سے خیبر ایک لڑی میں پروئے گئے ہیں یہ ہی ہماری خواہش ہے کہ وطن سلامت، لوگ سلامت رہیں۔

قوم یہ عید روایت سے ہٹ کر سادگی سے منائے گی، مراد سعید

وفاقی وزیر مراد سعید نے بھی عید کے موقع پر اپنی ٹوئٹ میں قوم کو سادگی سے عید منانے کا مشورہ دیا۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ پوری قوم یہ عید روایت سے ہٹ کر سادگی سے منائے گی، طیارہ گرنے کا سانحہ اور عالمی وبا میں جن کے پیارے بچھڑ گئے ان خاندانوں کے لیے خصوصی دعا کریں، اللہ ہم سب پر اپنا رحم و کرم فرمائے۔

عید پر پی کے 303 کے مسافروں کو نہ بھولیں، عامر لیاقت حسین

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن اسمبلی اور ٹی وی اینکر عامر لیاقت حسین نے جہاں قوم کو سادگی سے عید منانے کا مشورہ دیا، وہیں انہوں نے وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ خاتون اول کو عید کی مبارک باد دی۔

انہوں نے اپنی ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ اپنے کپتان اور بشریٰ بھابھی کو دل کی گہرائیوں سے عید مبارک، اللہ میرے عمران خان کا گھر بسائے رکھے اور ایسی سیکڑوں عیدیں بھابھی اور بھائی کو دیکھنا نصیب ہوں۔

عامر لیاقت نے دوسری ٹوئٹ میں لکھا کہ عید تو سعید ہے مگر عید کے موقع پر بھی درد، غم، دکھ اور اضطراب کی گھڑیوں میں پی کے 303 کے شہید مسافروں اور عملے کے اراکین کو نہ بھولیے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024